حضرت علامہ شعرانیؒ اپنے وقت کے بہت بڑے علامہ لاہوتی پراسراری

(تحریر: محمد سجاد، بہاولنگر، درجہ خامسہ، جامعہ محمدیہ)

ماہنامہ عبقری میں چھپنے والے ہر دلعزیز کالم ”جنات کے پیدائشی دوست“ کے عنوان سے لکھنے والے علامہ لاہوتی پُراسراری دامت برکاتہم کی جتنی بھی باتیں اور واقعات ہیں وہ تمام کے تمام ہمارے اکابر کی کتابوں میں موجود ہیں اگر علامہ نبہانیؒ کی کتاب ’جامع کراماتِ اولیاء‘ ہی دیکھ لی جائے تو وہ بھی اس موضوع پر بہت ہی جامع کتاب ہے ذیل میں علامہ شعرانیؒ کے لاہوتی واقعات کی ایک جھلک سے آپ علامہ لاہوتی صاحب کے واقعات کو بخوبی سمجھ جائیں گے۔

حضرت علامہ شعرانیؒ فرماتے ہیں کہ میں نے جب حضرت شیخ امین الدین عمریؒ کے پیچھے نمازِ مغرب ادا کی تو میرے دل کے تمام حجاب دور ہو گئے اور میں اللہ جل شانہٗ کی تمام مخلوق کی تسبیح سنتا تھا کہ کس کس طرح چرند، پرند، مچھلیاں اور دوسری تمام مخلوق اللہ جل شانہٗ کی تسبیح کرتی ہے۔ اللہ جل شانہٗ نے ان سب کی زبان سمجھنے کی مجھے طاقت اور قدرت عطا فرما دی تھی۔

اسی طرح جناتوں سے بھی آپؒ کی ملاقاتیں ہونے لگیں۔ آپؒ ان کی زبانیں سمجھتے اور وہ آپؒ سے اپنے مسائل پوچھتے اور اپنی ضرورتیں بتاتے۔ آپؒ کو جنات کیلئے مستقل ایک کتاب جس کا نام ’’كَشْفُ الْقِنَاعِ وَالرَّانِ عَنْ وَجْهِ أَسْئِلَةِ الْجَانِّ‘‘ تصنیف کرنی پڑی۔ جس میں آپؒ نے جنات کے پچھتر (75) سوالات کا ذکر کیا ہے، جس میں جنات نے پچھتر (75) چیزیں پوچھیں اور آپؒ نے ایک ایک چیز کا تفصیلاً جواب لکھا ہے اور وہ پوری ایک کتاب کئی اجزاء پر مشتمل ہے اُن کو لکھ کر دی۔ یہ صرف ایک نماز اللہ والے کے پیچھے پڑھنے سے ملا۔

محترم قارئین! جنات پیدائشی دوست میں ذکر کی جانے والی محیر العقول باتیں کوئی دیو مالائی کہانیاں نہیں بلکہ روزِ روشن کی طرح واضح ہیں جس کی تصدیق اکابر کے ہزاروں واقعات کر رہے ہیں۔ اللہ پاک ہماری زندگی سے اسلاف بیزاری ختم فرمائیں اور اکابر کی زندگی پر اعتماد کی توفیق عطا فرمائیں۔

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026