ایسا مختصر صدقہ جو دوزخ میں جلتے شخص کو باہر نکال دیتا ہے

عبقری تسبیح خانے کے درس ہدایت میں شامل ہونے والے حضرات کو حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ نے کئی مرتبہ ایک عمل عنایت فرمایا کہ اگر آپ اپنے فوت شدگان سے خواب میں ملاقات کرنا، یا ان سے کوئی مشورہ کرنا، یا ضروری بات پوچھنا ، یا صرف ان کے حالات سے واقف ہونا چاہتے ہیں، تو عشاء کے بعد چار رکعت نفل پڑھیں اور ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد سورۃ الْهُكُمُ التَّكَاثُرُ پڑھیں ۔ پھر سلام پھیرنے کے بعد ان نوافل کا ثواب اس فوت شدہ شخص کی روح کو ہدیہ کر دیں اور درود شریف پڑھتے پڑھتے سو جائیں ۔ کسی کو جلدی ، کسی کو دیر سے ملاقات ہو جائے گی۔ آئیے اب دیکھتے ہیں کہ اس مبارک عمل کا کیا ثبوت ہے؟

مولانا مفتی خالد محمود صاحب ( جامعہ قاسمیہ، ڈیرہ غازی خان ) ماہنامہ القاسم میں لکھتے ہیں کہ : ایک عورت حضرت حسن بصری رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں آئی اور کہنے لگی: میری بیٹی کا انتقال ہو گیا ہے، میری تمنا ہے کہ میں اس کو خواب میں دیکھوں۔ حضرت حسن بصری رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا: تو عشاء کی نماز کے بعد چار رکعت نفل پڑھ اور ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد سورۃ التکاثر پڑھ نفل مکمل ہونے پر لیٹ جا اور سونے تک حضور نبی کریم مسلم پر درود شریف پڑھتی رہے۔ اس نے ایسا ہی کیا تو اپنی بیٹی کو خواب میں دیکھا کہ نہایت سخت عذاب میں ہے۔ تارکول کا لباس اس کے جسم پر ہے اور اس کے ہاتھ پاؤں آگ کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ چنانچہ وہ عورت صبح اٹھ کر دوبارہ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں گئی اور اپنا خواب سنایا۔ انہوں نے یہ اندوہناک حالت سن کر فرمایا کہ اپنی بیٹی کی طرف سے صدقہ کر ، شاید اللہ جل شانہ صدقے کی وجہ سے تیری بیٹی کا عذاب ختم فرمادے۔

اگلی رات خود حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ نے خواب میں دیکھا کہ جنت کے باغ میں ایک نہایت اونچے تخت پر ایک حسین و جمیل لڑکی بیٹھی ہے، جس کے سر پہ نور کا تاج ہے اور کہہ رہی ہے : اے حسن ! میں وہی لڑکی ہوں جس کی ماں آپ کے پاس آئی تھی۔ فرمانے لگے : تیری ماں نے تو تیری حالت اس کے برعکس بتائی تھی ۔ کہا: ہاں ۔۔۔ میری حالت وہی تھی جو میری ماں نے آپ کے سامنے بیان کی تھی ۔ ہم ستر مردے اسی عذاب میں مبتلاء تھے کہ ایک صالح شخص کا ہمارے قبرستان کے قریب سے گزر ہوا۔ انہوں نے ایک مرتبہ درودشریف پڑھ کے اس کا ثواب ہمیں ہدیہ کر دیا۔ ان کا درود اللہ پاک کے ہاں اتنا مقبول ہوا کہ اس کی برکت سے ہم سب اس عذاب سے آزاد کر دیے گئے اور ہمیں جنت میں یہ رتبہ مل گیا.

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025