بارگاہ الہی میں محبوبیت کے انعامات

حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمة الله عليه کے خلیفہ مجاز مولا نا محمد یوسف متالا مدظلہ فرماتے ہیں : ایک مرتبہ میں نے اپنے شیخ رحمة اللہ علیہ سے عرض کیا کہ حضرت! آپ ہمارے یہاں انگلینڈ سے ہوتے ہوئے ہندوستان چلے جائیے گا۔ فرمایا: تمہیں تو پتہ ہے کہ میں اپنی طرف سے کوئی رائے نہیں رکھتا۔ فیصلہ وہاں سے ہوتا ہے اس لیے مجھے کہنے کی بجائے حضور صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے عرض کرو۔ چنانچہ میں نے حضور صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے عرض کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد کئی لوگوں کو خواب میں حضور صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی زیارت ہوئی کہ حضور صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمة الله عليه کے ساتھ انگلینڈ کا سفر فرما رہے ہیں۔ یہ چیزیں ان حضرات کو اللہ جل شانہ کی بارگاہ میں محبوبیت کے بدلے انعام کے طور پر ملتی ہیں۔

شیخ ابو الحسن شاذلی رحمة الله علیہ فرمایا کرتے تھے : اگر میرے اور سرکار دو عالم صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کے درمیان ایک لمحے کا بھی حجاب ہو جائے اور میں آپ صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی زیارت سے محروم رہوں تو میں اپنے آپ کو مسلمانوں میں شمار نہ کروں گا۔ اسی طرح حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمة الله علیہ یہ گفتگو فرما رہے تھے کہ میرے اوپر ایک زمانہ ایسا گزرا ہے کہ میں نے اپنا کوئی کام حضور صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے پوچھے بغیر نہیں کیا۔ اس لیے میں اپنے طلباء کو کہا کرتا ہوں کہ ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہمارے اکابرین کے حالات کیسے گزرے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کو کس قدر نواز تھا۔ یہی کتا بیں اور احادیث پڑھ کر وہ کسی مقام پر پہنچ جاتے تھے اور ان کے دلوں کو کس قدر صفاء قلب نصیب ہوتا تھا۔ حضرت سائیں تو کل شاہ صاحب انبالوی رحمة الله علیہ بالکل أمی تھے مگر جب ان کے سامنے کاغذ پر قرآنی آیت یا حدیث نبوی صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لکھ کر رکھی جاتی تو وہ بتا دیتے کہ یہ قرآن ہے اور یہ حدیث ہے۔ لوگوں نے اس فرق کا سبب پوچھا تو فرمایا: اللہ تعالیٰ کے کلام سے ایک الگ قسم کا نور نکلتا ہے جبکہ حدیث نبوی صَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سے الگ قسم کا نور نکلتا دکھائی دیتا ہے اسی نور کے فرق سے میں سمجھ جاتا ہوں کہ یہ قرآن ہے یہ حدیث ہے اور یہ ان دونوں میں سے کچھ بھی نہیں۔

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025