بیوی کو اپنے خاوند سے نفرت کیوں ہوتی ہے؟

قسط نمبر 101
بیوی کو اپنے خاوند سے نفرت کیوں ہوتی ہے؟
اکابر پر اعتماد

محترم قارئین! جنات کا انسانوں کو مختلف قسم کے روگ میں مبتلا کرنا اور ماہنامہ عبقری کا ان واقعات کو بیان کرنا کوئی نئی بات نہیں، بلکہ یہ ایسا نکتہ ہے جس پر شیعہ، دیوبندی، بریلوی اور اہلِ حدیث علماء کا اتفاق ہے۔
وہ تو بھلا ہو جنات کے پیدائشی دوست حضرت علامہ لاہوتی پراسراری صاحب دامت برکاتہم کا، جنہوں نے ایسے واقعات نہ صرف واضح کر کے لوگوں کو بتائے، بلکہ ان کا سدِّ باب بھی کیا۔ یعنی انسانوں کو جنات کی شرارتوں سے بچنے کے ایسے نایاب وظائف عطا کیے جو آج تک سینہ بہ سینہ چلے آ رہے تھے، مگر علامہ لاہوتی صاحب دامت برکاتہم نے ان صدری رازوں کو عام انسانوں کی خیر و فلاح کے لیے ماہنامہ عبقری کے ذریعے گھر گھر تک پہنچا دیا۔
فجزاھم اللہ عنا وعن جمیع المؤمنین خیر الجزاء

سید زوار حسین شاہ نے ایک دفعہ بتایا کہ ریاست بہاولپور کے ایک حکیم مولا بخش کے ہاں دو برقعہ پوش خواتین آ کر کہنے لگیں کہ: آپ پہلے دوسرے مریضوں کو دیکھ لیں، سب سے آخر میں ہماری بات سنیں۔
جب ان کی باری آئی تو انہوں نے اپنے چہرے کھول دیے اور بتایا کہ ہم قومِ جنات میں سے ہیں اور ہندوستان سے ہجرت کر کے یہاں آباد ہوئے ہیں۔ جس طرح انسانوں میں ہندو مسلم آبادی کا انتقال ہوا ہے، اسی طرح قومِ جنات میں بھی مسلمانوں اور کافروں کا انتقال ہوا تھا۔ ہم نے علاج نہیں کروانا، بس ہم یہاں سے گزر رہے تھے تو سوچا آپ سے ملتے ہوئے جائیں۔
(بحوالہ کتاب: مقاماتِ زواریہ، صفحہ 143، مصنف: محمد اعلیٰ قریشی، ناشر: ادارہ مجددیہ، ناظم آباد کراچی)

بانی دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس قادری مدظلہ (مکتبہ بریلویہ) لکھتے ہیں کہ: جنات انسانوں کو اغوا بھی کرتے ہیں، اور یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ ان سے حفاظت کے لیے دنیاوی اسلحہ بھی کام نہیں آتا، بلکہ اس کے لیے مدنی ہتھیار (یعنی ورد و وظیفے) درکار ہیں۔
(بحوالہ کتاب: فیضانِ سنت، صفحہ 161، ناشر: مکتبۃ المدینہ، کراچی)

مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم کے پیر بھائی مولانا احمد علی پنجگوری (مکتبہ دیوبند) لکھتے ہیں:
بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی خبیث جن انسان کے بستر پر آ کر انسان کے کسی عضو پر بیٹھ جاتا ہے، جس سے کافی وزن محسوس ہوتا ہے۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ وہ سینے پر بیٹھ کر منہ کو دبانا شروع کر دیتا ہے تاکہ سونے والا کچھ بول نہ سکے۔
(بحوالہ کتاب: خزینۃ الاسرار، صفحہ 604، ناشر: کتب خانہ مجیدیہ، بوہڑ گیٹ، ملتان)

شیخ وحید عبدالسلام بالی حفظہ اللہ (مکتبہ اہلِ حدیث) لکھتے ہیں کہ: میاں بیوی کے درمیان نفرت اور دشمنی کی ایک وجہ جنات بھی ہیں۔ بیوی اپنے خاوند سے بددل ہو کر سخت نفرت کرنے لگتی ہے اور اسے اپنے خاوند کو دیکھنا بھی اچھا نہیں لگتا۔ وہ یوں سمجھنے لگتی ہے کہ میرے سامنے انسان نہیں، بھیڑیا کھڑا ہوا ہے۔
اس قسم کے جنات کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ وہ میاں بیوی کے درمیان جدائی ڈال دیں۔
(بحوالہ کتاب: جادو کا علاج قرآن و سنت کی روشنی میں، صفحہ 74، ناشر: مکتبہ دار التقویٰ، کراچی)

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025