تسبیح خانے کے بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ والے عمل کا ثبوت

تسبیح خانے کے بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ والے عمل کا ثبوت
کچھ عرصہ پہلے عبقری تسبیح خانے میں حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ نے بسم اللہ الرحمن الرحیم بارہ ہزار مرتبہ پڑھنے کا ایک عمل ارشاد فرمایا تھا کہ جب ناممکن ترین مشکلات گھیر لیں اور پیچیدہ مسائل گھروں میں ڈیرہ جمالیں تو ان کے حل کیلئے پہلے دو رکعت نفل پڑھیں سلام پھیر کر ایک ہزار مرتبہ مکمل بسم اللہ پڑھیں ۔ پھر دو نفل پڑھیں، پھر ایک ہزار مرتبہ مکمل بسم اللہ ۔۔۔اس طرح 24 نوافل پڑھنے ہیں اور درمیان میں بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ پڑھنی ہے۔ یہ عمل ایک ہی نشست میں کرنا ہے یعنی جس دن یا جس رات شروع کریں، اسی دن مکمل کرنا ہے اور یہ عمل صرف ایک شخص نے کرنا ہے کئی افرادمل کر یہ عمل اجتماعی طور پر نہیں کر سکتے ۔ ہاں البتہ اپنا اپنا عمل گھر کا ہر فرد کر سکتا ہے۔ آیئے دیکھتے ہیں کہ اس عمل کے پیچھے کیسے کیسے جلیل القدر اکابر علمائے دین اور عظیم سلف صالحین کی دلیل موجود ہے۔ شہنشاہ عملیات حضرت علامہ خواجہ احمد دیر بی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : جو شخص مذکورہ بالا تر تیب کے مطابق بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ والا عمل کرے گا اس کی حاجت چاہے کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو اللہ تعالیٰ کے حکم سے پوری ہو جائے گی ( بحوالہ کتاب: مجربات دیر بی صفحہ 15 ناشر: فرید مبین پبلشرز ناظم آباد کراچی) حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : مذکورہ بالا تر تیب کے مطابق نوافل کے دوران بارہ ہزار دفعہ بسم اللہ پڑھنا ہر قسم کی حاجات کے پورا ہونے کیلئے ایک تجربہ شدہ عمل ہے (بحوالہ
کتاب : اعمال قرآنی ،صفحہ 27 ناشر: حاجی شیخ غلام حسین اینڈ سنز’ تاجران کتب کشمیری بازار لاہور )
بقیۃ السف حضرت مولانا محمد یونس پالن پوری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : بعض صالحین سے منقول ہے کہ جس شخص کو کوئی حاجت ہو وہ مذکورہ ترتیب کے مطابق بسم اللہ الرحمن الرحیم والا عمل کرے اور درود شریف پڑھ کے اپنی حاجت پورا ہونے کا سوال کرے۔ ان شاء اللہ حاجت اس کی جس طرح کی بھی ہوگی، پوری ہو جائے گی ( بحوالہ کتاب: بکھرے موتی ، صفحہ 333 ناشر بلسم پبلی کیشنز، اردو بازار لاہور ) حضرت مولانا اقبال احمد نوری صاحب لکھتے ہیں کہ : بسم اللہ شریف کی برکات سے کون واقف نہیں؟ اگر کوئی شخص اپنی مراد پوری کروانا چاہے تو اسے چاہئے کہ تازہ وضو کر کے ( درج بالا ترتیب کے مطابق ) بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ شریف پڑھے ان شاء اللہ ہر مراد پوری ہوگی ۔۔۔ یہ آزمودہ اور مجرب عمل ہے۔ (بحوالہ کتاب: شمع شبستان رضا جلد 4 صفحه 73 ناشر : قادری رضوی کتب خانہ گنج بخش روڈ لاہور )

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025