تسبیح خانے کے سورۃ الضحٰی والے وظیفے کی سند

کچھ لوگ ماہنامہ عبقری اور تسبیح خانے کے وظائف کی سند پہ شک کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کیا عبقری والوں کو وحی آتی ہے کہ جب تمہیں فلاں مشکل پیش آئے تو فلاں وظیفہ اتنی مرتبہ پڑھ لو؟ ایسے تمام دوستوں کی خدمت میں گزارش ہے کہ اپنے دل میں چھپے شبہات کا ازالہ کر کے یہ یقین پختہ کر لیں کہ حضور سرورِ کونین ﷺ کی ختمِ نبوت کے صدقے وحی کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند ہے۔ الحمد للہ عبقری کی ٹیم کو اس بات پر دلی اطمینان حاصل ہے کہ عبقری میگزین میں صرف وہی وظائف دیے جاتے ہیں، جو ہر مکتبِ فکر کے اکابر و اسلاف سے ثابت ہوتے ہیں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر اپنے اُن اکابر و اسلاف کے متعلق معلومات حاصل کریں، جن کے ذریعے ہم تک دین پہنچا۔ اگر اتنی فرصت ممکن نہیں تو پھر اعتماد رکھیں کہ ان شاء اللہ عبقری کے ذریعے ایسی کوئی چیز نہیں پھیلائی جاتی، جو شریعت سے ٹکراتی ہو۔ مثلاً چند برس پہلے عبقری میں روزگار کی پریشانیوں سے بچنے، رشتوں کی بندش توڑنے اور اچھی جگہ نوکری حاصل کرنے کیلئے سورۃ الضحٰی میں آنے والے "کاف” پر 9 مرتبہ "یا کریم” پڑھنے کا ایک عمل شائع ہوا۔ کچھ لوگوں کیلئے یہ عمل نیا تھا، لیکن اہلِ علم حضرات جانتے ہیں کہ اس عمل کو بقیۃ السلف حضرت مولانا محمد یونس پالنپوری مدظلہ نے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے پُر تاثیر قرار دیا ہے (دیکھیں کتاب: بکھرے موتی، صفحہ 84 ناشر: بلسم پبلیکیشنز، 40 اردو بازار، لاہور)

یہی عمل مولانا ابوالحسن بارہ بنکوی رحمۃ اللہ علیہ (فاضل دارالعلوم) نے مشکلات کے حل کیلئے اکسیرِ المجرب لکھا ہوا ہے (دیکھیں کتاب: پریشانیوں کا شرعی علاج، صفحہ 11 ناشر: گا با سنز، اردو بازار، کراچی)

اسی عمل کو مولانا حافظ محمد اقبال قریشی صاحب نے ملازمت کے حصول کیلئے شرطیہ قرار دیا ہے (دیکھیں کتاب: وظائف الصالحین، صفحہ 160 پسند فرمودہ: شیخ الحدیث ڈاکٹر شیر علی صاحب، مولانا عبدالعزیز صاحب اور مفتی حمید اللہ جان صاحب، ناشر: مکتبہ شہیدِ اسلام، لال مسجد، اسلام آباد)

یہی وظیفہ مولانا سید مزمل حسین نقشبندی صاحب نے بھی اسی ترتیب اور اسی تعداد کے مطابق نوکری حاصل کرنے کیلئے مجرب قرار دیا ہے (دیکھیں کتاب: اسلامی وظائف کا انسائیکلو پیڈیا، صفحہ 134 پسند فرمودہ: مولانا محمد مظہر جامعہ اشرف المدارس کراچی، ناشر: ربانی پبلیکیشنز، دھرم پورہ لاہور)

یاد رکھیں ان وظائف کو عام کرنے والے اکابر نہ خود مشرک ہوئے، نہ ہی ان کے ذریعے کوئی اور شرک و بدعت میں مبتلاء ہوا۔ بلکہ عین ایمان کی حالت میں ان کی زندگی گزری اور خالص ایمان ہی کی حالت میں وہ دنیا سے اس طرح رخصت ہوئے کہ اپنے پیچھے ان وظائف کی صورت میں ہمارے لیے انمول جواہرات چھوڑ گئے۔

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026