حضرت امیر شریعت، بطل حریت، خطیب اسلام مولانا سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کے حیرت انگیز واقعات میں سے ایک واقعہ یہ ہے کہ ضلع ساہیوال کے ایک مڈل سکول میں جنات کا بسیرا تھا، جو وہاں کے طلباء اور اساتذہ کو سکول کے کسی بھی حصے میں پیشاب نہیں کرنے دیتے تھے۔ ہیڈ ماسٹر صاحب نے بڑے بڑے عامل بلوائے مگر سب کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک مرتبہ حضرت شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کو اپنے کسی مرید کے ذریعے معلوم ہوا تو فرمانے لگے : خدمت خلق کی خاطر میں وہاں جاؤں گا اور امید ہے کہ وہاں سے جنات کو نکال کر ہی آؤں گا۔ چنانچہ ایک دن حضرت شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ علیہ مقامی سکول تشریف لے گئے اور وہاں کے بچوں کو کہا کہ سکول کے ایک ایک کونے میں پیشاب کرو۔ بچے یہ سن کر ڈر گئے، کیونکہ انہیں پہلے بھی کئی مرتبہ جنات سے سزائیں مل چکی تھیں، لیکن شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرمانے لگے: آپ گھبرائیں نہیں، میرے کہنے پر عمل کریں۔ اگر جنات نے کوئی نقصان پہنچانا ہوا تو سب سے پہلے مجھے پہنچا ئیں گئے کیونکہ میرے کہنے پر آپ نے ایسا کیا ہے۔ لہذا ابھی صرف پانچ بچوں نے ہی پیشاب کیا تھا کہ جنات کا سردار معافیاں مانگتے ہوئے حضرت شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہو گیا اور کہنے لگا: حضرت! کیوں ہمیں بچوں سے ذلیل کرواتے ہیں؟ فرمایا: اگر تمہیں اپنی بے عزتی کا اتنا ہی احساس ہے تو یہاں سے فوراً چلے جاؤ۔ ان معصوم بچوں کو تم نے ہراساں کیا ہوا ہے۔ جنات نے درخواست کی کہ ہمیں کچھ دنوں تک مہلت دی جائے تاکہ ہم اپنا کوئی نیا ٹھکانہ تلاش کرسکیں۔ فرمایا: نہیں ! تمہیں ابھی یہ جگہ چھوڑنی ہوگی۔ جنات نے پہلے سات دن کی مہلت مانگی، پھر ایک گھنٹے بعد نکل جانے پر راضی ہو گئے۔ بالآخر ایک گھنٹے بعد سارا سکول جناتی حملوں سے محفوظ ہو گیا۔ بعد میں اساتذہ نے بتایا کہ ہم جب یہاں باتھ روم بنانے لگتے تھے تو راتوں رات جنات انہیں بھی ملیا میٹ کر کے ملبے کا ڈھیر بنا دیتے تھے۔ سکول میں باتھ روم نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو دور دراز کے کھیتوں میں جانا پڑتا تھا۔ حضرت شاہ صاحب نے انہیں یقین دلایا کہ ان شاء اللہ آئندہ ایسانہیں ہوگا، اگر کبھی کوئی مسئلہ محسوس ہو تو مجھے اطلاع کر دیجئے گا۔ (بحوالہ کتاب: پرتاثیر واقعات، صفحہ 165 ناشر: مکتبہ یادگار شیخ اردو بازار لاہور )

ساہیوال کا ایسا سکول جہاں پیشاب کرنے والے کو جنات سزا دیتے تھے
- اکابر پر اعتماد, بڑوں کے تجربات, جنات کا پیدائشی دوست
- قسط نمبر 329