غرض مند دیوانہ ہوتا ہے اسے اپنے مسائل کا حل چاہیے اور عبقری کا مقصد ہی یہی ہے کہ مشکلات کے مارے ، دکھوں میں گھرے اور مسائل میں الجھے لوگوں کو کسی نہ کسی بہانے اللہ کےنام کی طرف متوجہ کیاجائے اور یہی ہمارے بڑوںکا طرز زندگی تھا کہ وہ بھی زندگی کے ہرشعبہ میں اللہ کے نام کےذریعے مد د طلب کیا کرتے تھے۔
شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم فرماتے ہیں کہ میٹرک کا امتحان مجھے پنجاب یونیورسٹی سے دینا تھا، چنانچہ امتحان کے وقت میں لاہور چلا گیا ، اور اپنے بڑے بھائی جناب محمد زکی کیفی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے یہاں قیام کیا۔ چونکہ میں نے تمام تر تیاری پرائیویٹ طور پر کی تھی، اس لئے مجھے کچھ خوف سا تھا کہ میں ان طلبہ کا مقابلہ کیسے کرسکوں گا جنہوں نے باقاعدہ اسکولوں میں پڑھا ہے۔ بھائی جان مجھے تسلی دیتے، اور فرماتے کہ انشاء اللہ تعالیٰ تم اچھی طرح کامیاب ہوگے۔ امتحان کا مرکز دیال سنگھ کالج میں مقرر ہوا ، اور میں ڈرتے ڈرتے امتحان گاہ میں پہنچا جو طلبہ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
حضرت والد صاحبؒ (مفتی اعظم پاکستا ن مولانا محمد شفیع صاحبؒ) نے مجھے ایک عمل یہ بتایا ہوا تھا کہ جب کبھی امتحان گاہ میں جائو تو پرچہ کھولنے سے پہلے دائیں ہاتھ کی پانچ انگلیوں پر ’’کھیعص‘‘ اس طرح پڑھا کرو کہ پہلے چھوٹی انگلی پر کاف کہہ کر انگلی بند کرلو، پھر ہر حرف پر ایک ایک انگلی بند کرتے جائو یہاں تک کہ’’ ص‘‘ پر پوری انگلیاں بند ہو جائیں، اس کے بعد کہو: کُفِیْتُ پھر ’’حمعسق‘‘ اس طرح پڑھو کہ’’ حا ‘‘کہہ کر چھوٹی انگلی کھولو، پھر ہر حرف پر ایک ایک انگلی کھولتے جائو، یہاں تک کہ جب ساری انگلیاں کھل جائیں تو کہو ’’حُمِیْتُ‘‘ چنانچہ میں اپنے سارے امتحانات میں یہ عمل کرتا آیا تھا اور الحمد للہ ہمیشہ نمایاں طور پر کامیاب ہوا تھا۔ اس موقع پر بھی میں نے یہی عمل کیا، اور پرچہ کھولا تو اس کا کوئی سوال ایسا نہیں تھا جو مجھے مشکل لگا ہو۔ آخر میں اس میں ایک انگریزی مضمون لکھنے کو کہا گیا تھا۔ میں نے وہ مضمون بھی کئی صفحوں میں لکھا، اور دلچسپ انداز میں لکھا۔ جب نتیجہ آیا تو پتہ چلا کہ مجھے پورے بورڈ میں دوسری پوزیشن ملی ہے۔ فالحمد للہ علی ذلک۔
(ماہنامہ البلاغ، بانی مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد شفیع صاحب، شعبان المعظم 1441ھ اپریل 2020،جلد نمبر55، شمارہ نمبر8، صفحہ نمبر۲۵)
جی ہاں دنیا کی بااثر ترین شخصیت شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب بھی وظائف کے ذریعے امتحان میں اعلیٰ پوزشن لیا کرتےتھے اور اگر عبقری میں پوزشن حاصل کرنے کے وظائف شائع ہوں تووہ بد عت ہیں ۔۔۔۔!!!
