قط نمبر 70
علامہ ابوبکر الجزائری کی ہمشیرہ پر جنات کا ظلم
اکابر پر اعتماد
مدینہ یونیورسٹی کے سینئر استاذ مشہور کتاب ” منہاج المسلم“ کے مصنف علامہ ابوبکر جابر الجزائری اپنا آنکھوں دیکھا واقعہ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ : یہ میری عزیز بہن سعدیہ مرحومہ کا دردناک سانحہ ہے۔ میں نے بچپن میں اس المیہ کو آنکھوں سے دیکھا تھا، تب سے میرے دل پر اس سانحے کا صدمہ ہے۔ قصہ یوں ہے کہ ایک روز ہم چھوٹے چھوٹے بچے کھجور کی لکڑیوں کا گٹھا بنا کے رسی کی مدد سے چھت پر چڑھا رہے تھے میری بہن سعدیہ جو عمر میں مجھ سے کچھ بڑی تھی وہ چھت پر کھڑی ہو کے لکڑیوں کو ایک سائیڈ پر رکھتی جاتی تھی ۔ اسی دوران ایک گٹھا زیادہ وزنی ہونے کی وجہ سے اس بے چاری سے اوپر نہ کھینچا گیا، بلکہ رسی اس کے ہاتھ سے چھوٹ گئی اور گٹھا نیچے گر گیا۔سوئے اتفاق سے گٹھا جس جگہ گرا اس جگہ کوئی جن بیٹھ کر کھانا کھا رہا تھا۔ اس خبیث جن نے انجانے میں ہونے والی اس غلطی کا بدلہ اس طرح لینا شروع کیا کہ جونہی رات ہوتی یہ آکر نیند میں میری بہن کا گلا دبانا شروع کر دیتا اور بے چاری سعدیہ آدھی ذبح کی گئی بکری کی طرح تڑپنے لگتی، بستر پر ایڑیاں رگڑتی اور جب تک ادھ موئی نہ ہو جاتی وہ ظالم جن اس کو نہ چھوڑتا۔ ہر ہفتے میں کئی دن اسی طرح ہوتا۔ ایک دن سعد یہ مرحومہ کی زبانی اس ملعون چن نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ میں اس دن کی زیادتی کا بدلہ لے رہا ہوں ۔ یہ سلسلہ مکمل بیس سال تک چلتا رہا کہ ہفتے میں کئی راتیں میری معصوم بہن تڑپتی اور موت کو قریب سے دیکھ کر واپس لوٹ آتی ۔ آخر ایک دن اس ظالم نے اتنے زور سے گلا دبایا کہ وہ بے چاری ایڑیاں رگڑتے ہوئے دنیا
سے رخصت ہو گئی ۔ اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت کرے اور جنت الفردوس میں اس کا مقام بلند فرمائے ۔ آمین یہ کوئی (من گھڑٹ ) افسانہ نہیں بلکہ ہمارے سروں پر پڑی ہوئی افتاد ہے اس کے سچا ہونے کی نشانی اس سے بڑی اور کیا ہوگی کہ ہم نے اس کو اپنی آنکھوں سے مسلسل بیس برس تک دیکھا ( بحوالہ کتاب : مومن کے عقائد صفحہ 276 مصنف: فضیلۃ الشیخ ابوبکر جابر الجزائری ناشر : نعمانی کتب خانہ حق اسٹریٹ اردو بازار لاہور ) محترم قارئین ! اللہ تعالیٰ ہمارے اکابر کو جزائے خیر عطا فرمائے، جنہوں نے حضورصلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگی میں پیش آنے والے جنات کے پر اسرار واقعات کی تصدیق کی اور ان کے ظلم سے بچنے کیلئے اعمال نبوی صلی اللہ علیہ وسلم وظائف اور تعویذات ہم تک پہنچائے۔ الحمد للہ ہمیں اپنے اکابر پر سو فیصد اعتماد ہے اور ان کے بتائے ہوئے روحانی عملیات وظائف دم درود تعویذ اور دھاگے ہمارے لیے قدم قدم پر سلامتی کا ذریعہ ہیں۔
