مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کے بھائی جان کیلئے حضرت تھانویؒ کا تعویذ

میرے بھائی جان جناب محمد زکی کیفی رحمۃ اللہ علیہ نے بچپن میں جب لکھنا سیکھا تو حضرت والد (مفتی محمد شفیع) صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان سے سب سے پہلا خط حضرت حکیم الامت (مولانا اشرف علی تھانوی) رحمۃ اللہ علیہ کے نام لکھوایا۔ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس خط کا جو جواب عنایت فرمایا، وہ بھائی جان کیلئے ایک عظیم سعادت تھی۔ حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا: برخوردار! السلام علیکم: تمہارے حروف دیکھ کر دل خوش ہوا، تمہاری علمی اور عملی ترقی کی دعا کرتا ہوں، خط (لکھائی) ذرا مزید صاف کر لو اس سے تحریر پڑھنے والے کو راحت ہوتی ہے اور اس نیت سے ثواب بھی ملتا ہے۔ دیکھو! میں تمہیں بچپن سے ہی صوفی بنا رہا ہوں۔ یہ تعویذ (بھیج رہا ہوں) دردِ سر کیلئے سر میں باندھ لو، سب گھر والوں کو سلام و دعا (فقط) اشرف علی (تھانوی رحمۃ اللہ علیہ)

محترم قارئین! الحمد للہ ہمیں اپنے اکابر و اسلاف پر فخر ہے، جو تعویذات و عملیات کو اسبابِ ضعیفہ کہنے کی بجائے اپنی زندگی میں خاص اہمیت دیتے رہے۔ حتیٰ کہ چھوٹے سے مسئلے (سر درد) کیلئے بھی تعویذ کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے شفاء طلب کرتے۔ موجودہ دور میں ہمارا پیغام بھی یہی ہے کہ انسان کو جونہی کوئی ضرورت پیش آئے تو اپنے اکابر کی طرح سب سے پہلے نظر اللہ جل شانہٗ کی طرف اٹھے۔ اعمال سے بننے، اعمال سے پلنے اور اعمال کے ذریعے بچنے کا یہی معنی ہے۔

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026