میں وظیفے بناتا نہیں بتاتا ہوں

محترم قارئین: اللہ پاک جل شانہ کا بے انتہاء شکر ہے جو عبقری تسبیح خانے سے اس دور میں دین کی تجدید کاوہ عظیم کام لے رہا ہے جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ زندگی کو آسان بنانے کیلئے تسبیح ، ذکر، وظائف اور اعمال کا سہارا لینا در اصل انبیاء صحابہ ، اہل بیت، فقہاء، محدثین اور اولیاء و صالحین کا شیوہ ہے۔ اسی طریقے کو زندہ رکھنے کیلئے عبقری تسبیح خانہ جب لوگوں کو اعمال کی ترغیب دیتا ہے تو کچھ لوگ لاعلمی کی بناء پر کہتے ہیں کہ یہ کیسا خواب ناک جہان ہے؟ جہاں ہر مسئلے کا حل دیا جاتا ہے۔ کیا یہ وظائف بنانے والی فیکٹری ہے؟ آج انہیں جن وظیفوں کا پتہ چل گیا ہے تمام اکابر و اسلاف اس سے بے خبر تھے؟ حالانکہ ان سب باتوں کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ عبقری تسبیح خانہ وظیفے بناتا نہیں ، صرف بتاتا ہے۔ جیسا کہ چند سال پہلے لاعلاج امراض سے شفاء، جادو جنات کے توڑ اور بندشوں کے خاتمے کیلئے سورۃ المومنون کی آخری چار آیات پڑھ کر کانوں میں دم کرنے کا عمل بتایا گیا۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ اکابر کی مستند کتابوں اور صحیح احادیث میں اس عمل کی کیا دلیل ہے!

مولانا بارون معاویہ صاحب لکھتے ہیں کہ : افحسبتم سے لے کر سورت کے آخر تک چاروں آیات بڑی فضیلت رکھتی ہیں۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاد کیلئے ایک سریہ (چھوٹا لشکر) روانہ فرمایا تو حکم دیا کہ صبح و شام یہ آیات افحسبتم انما خلقنكم سے وانت خير الراحمین تک پڑھا کریں۔ صحابہ کرام فرماتے ہیں کہ ہم نے یہ آیات پڑھیں تو ہم صحیح سلامت فتح پا کر اور مال غنیمت لے کر واپس لوٹے

حضرت عبد اللہ بن مسعود کا ایک مصیبت زدہ شخص پر گزر ہوا، جس کے کان میں تکلیف تھی۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ نے افحسبتم والی چار آیات پڑھ کے اس کے کان میں دم کیا تو وہ اچھا ہوگیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو جب اس کا پتہ چلا تو فرمایا قسم ہے اس ذات پاک کی جس کے قبضے میں میری جان ہے، اگر یقین والا شخص ان آیات کو پہاڑ پہ پڑھ دے تو وہ بھی اپنی جگہ سے ہٹ جائے گا( اخرجہ الترمذی ، وابن منذر وابو نعیم فی حلیة الاولیاء )

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025