چین کا ایسا مکان منظر پہ آ گیا جہاں سے غیبی آواز کے ذریعے راستہ بتایا جاتا ہے

محترم قارئین! عبقری میں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے ہر دلعزیز کالم "جنات کا پیدائشی دوست” میں بعض اوقات ایسی قدیم اور پُراسرار عمارتوں کا تذکرہ سامنے آتا ہے، جن میں جنات کا بسیرا ہوتا ہے۔ چین میں ایک ایسی ہی پُراسرار عمارت کا انکشاف علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ پر بھی ہوا تھا۔

علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے: شیخ عیسیٰ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ حجاج بن یوسف کو معلوم ہوا کہ چین میں ایک ایسا مکان ہے کہ اگر لوگ راستہ بھول جائیں تو اس مکان میں سے آواز آتی ہے کہ صحیح راستہ اس طرف ہے، جبکہ آواز دینے والا دکھائی نہیں دیتا۔

حجاج بن یوسف نے کچھ لوگ وہاں بھیجے اور کہا کہ تم جان بوجھ کر راستہ بھول جانا اور جب غیبی آواز سنو تو اس پر حملہ کر دینا۔ چنانچہ انہوں نے ایسے ہی کیا اور حملہ کر دیا۔ اسی وقت غیبی آواز آئی کہ: "تم لوگ ہم کو ہرگز نہیں دیکھ سکتے۔”

انہوں نے پوچھا: "تم کون ہو اور یہاں کتنے عرصے سے آباد ہو؟”
آواز آئی: "ہم جنات ہیں اور عرصے کے متعلق تو بس یہی کہہ سکتے ہیں کہ ملک چین آٹھ مرتبہ تباہ ہو کر پھر آباد ہوا، ہم تب سے یہاں مقیم ہیں۔”

ایک شخص نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے پوچھا: "کیا جنات پر بھی موت آتی ہے؟”
فرمایا: "ہاں، ابلیس کے علاوہ باقی جنات پر موت آتی ہے۔ اور یہ جو تم سانپوں کی ایک قسم ‘الجان’ دیکھتے ہو، یہ چھوٹے جن ہوتے ہیں۔”

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025