تسبیح خانے کا پیغام اعمال سے بچنے کا یقین شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کی نظر میں

عبقری تسبیح خانے میں سالہا سال سے حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ اکا بر واسلاف کی ترتیب کے عین مطابق مخلوق خدا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہمارے دلوں میں اعمال سے بنے ، اعمال سے پلنے اور اعمال سے بچنے کا یقین اتنا پختہ ہو جائے کہ مشکل پیش آتے ہی ہماری نظر ڈائریکٹ اللہ پاک جل شانہ کی طرف جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ وظائف کی سو فیصد تاثیر پانے کیلئے حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ ایک بات اکثر فرمایا کرتے ہیں کہ اللہ والو! دعائیں پڑھا نہ کریں، بلکہ مانگا کریں ۔ ہم دعاؤں کو صرف پڑھتے ہیں ، جبکہ اللہ پاک جل شانہ کے ہاں قبولیت کروانے کیلئے بھکاری بن کے مانگنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ آیئے دیکھتے ہیں ، عصر حاضر کے جید عالم دین اور عظیم مفتی ، شیخ الاسلام حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ کی اس کے متعلق کیا رائے ہے؟

گزشتہ دنوں مارچ 2019 ء میں حضرت مفتی صاحب پر جب دہشت گردوں کی طرف سے حملہ ہوا تو اس کے بعد ندیم محمود ضیاء الرحمان چترالی صاحب نے ان سے انٹرویو کرتے ہوئے سوال پوچھا: دہشت گردی کے حملے میں آپ کا بچ جانا کس معجزے سے کم نہیں۔ کیا اس وقت آپ کوئی دعا پڑھ ر ہے تھے؟

مفتی صاحب : بالکل ! اللہ تعالی نے مجھے گولیوں کی بوچھاڑ سے اس طرح محفوظ رکھا کہ مجھے خراش تک نہیں آئی۔ البتہ اپنے دو ساتھیوں کی شہادت کا مجھے سخت صدمہ ہے۔ جہاں تک آپ کے دوسرے سوال کا تعلق ہے تو میں دعا پڑھتا نہیں، مانگتا ہوں۔ دعا پڑھنی اور چیز ہوتی ہے، مانگنی اور چیز ہے۔ سفر کے دوران بھی دعا مانگنا میرا معمول ہے۔ حملے کے وقت میں سورۃ الکہف کی تلاوت شروع کر رہا تھا اور میری اہلیہ کے ہاتھوں میں قرآن مجید تھا، جس پر وہ سورۃ یاسین پڑھ رہی تھیں اور اس وقت اس آیت پر تھیں : وجعلنا من بین ایدیهم سدا ومن خلفهم سدا فأغشيلهم فهم لا یبصرون جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ہم نے ان کے آگے پیچھے دیواریں کھڑی کر دی ہیں اور ان کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا ہے ۔ آپ کو ایک حیرت انگیز بات بتاؤں؟ میں گاڑی کے بائیں دروازے کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا، دہشت گروں کی ایک گولی اس دروازے کے آر پار ہوگئی۔ گولی لگنے کا مقام وہی تھا ، جہاں میری ٹانگ تھی۔ عقل تو یہی کہتی ہے کہ یہ گولی میری ٹانگ میں لگنی چاہئے تھی ، کیونکہ گولی دروازے کے آر پار ہوگئی تھی لیکن ابھی تک یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ وہ گولی کہاں چلی گئی؟ حملہ آور ہم پر تینوں اطراف سے فائرنگ کر رہے تھے، گاڑی کے شیشے چکنا چور ہو گئے لیکن مجھے میری اہلیہ کو ور پوتے پوتی کواللہ پاک نے محفوظ رکھا۔

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025