اسلاف کی ارواح سے ملاقاتیں

مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: قاضی محمد سلیمان منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ جب کبھی لاہور تشریف لاتے تو مال روڈ پر حیات برادرز کے ہاں قیام فرمایا کرتے تھے۔ میاں فضل کریم بن حاجی حیات محمد کا بیان ہے کہ جس مکان پر آپ رحمۃ اللہ علیہ ٹھہرا کرتے تھے اس کے قریب ہی ایک خانقاہ تھی جو اجڑی ہوئی تھی۔ ایک دن آپ رحمۃ اللہ علیہ نے مجھ سے پوچھا: کیا یہاں کوئی قبر ہے؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں! آپ رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: آج رات خواب میں ہمیں وہ بزرگ ملے اور کہا کہ قاضی جی! آپ اتنی بار یہاں تشریف لائے مگر ہمیں ایک بار بھی نہیں ملے۔ پھر فرمایا: وہ بہت نیک اور صالح آدمی تھے فلاں جگہ کے رہنے والے تھے ادھر سے گزر رہے تھے کہ انتقال ہو گیا۔ میاں فضل کریم کہتے ہیں کہ اس کے بعد جب میں نے اس کی تحقیق کی تو وہ باتیں ویسی ہی ثابت ہوئیں جو قاضی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بیان فرمائی تھیں۔ یہاں تک کہ ان کا نام اور پتہ بھی قاضی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے بالکل صحیح بتا دیا تھا.

صوفی حبیب الرحمن رحمۃ اللہ علیہ کا بیان ہے کہ 1910ء میں جب حضرت ضیاء معصوم صاحب رحمۃ اللہ علیہ (مرشد امیر حبیب اللہ خان بادشاہِ کابل) پٹیالہ میں تشریف لائے تو انہوں نے سرہند جانے کے لیے قاضی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اپنے ساتھ لے لیا۔ حضرت ضیاء معصوم رحمۃ اللہ علیہ جب حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر مراقبہ کے لیے بیٹھے تو قاضی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے سوچا کہ شاید ان بزرگوں نے آپس میں کوئی راز کی بات کہنی ہو لہٰذا ان سے الگ ہو جانا چاہیے۔ ابھی آپ اپنے جی میں یہ خیال لے کر اٹھے ہی تھے کہ حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کو ہاتھ سے پکڑ کر فرمایا: سلیمان بیٹھے رہو۔ ہم کوئی بات تم سے راز میں نہیں رکھنا چاہتے۔ صوفی صاحب کا بیان ہے کہ قاضی صاحب نے بعض دوستوں سے اس بات کا ذکر کیا اور فرمایا کہ یہ واقعہ مراقبے یا مکاشفے کا نہیں بلکہ بیداری کا ہے.

جو لوگ ماہنامہ عبقری کے ہر دلعزیز سلسلہ وار کالم ”جنات کے پیدائشی دوست“ کے متعلق کہتے ہیں کہ یہ انوکھی باتیں صرف خود ساختہ کہانیاں ہیں انہیں ایک مرتبہ اپنے اکابر و اسلاف کی سوانح حیات پر نظر ڈالنی چاہیے اور اعتراض کرنے کی بجائے اعتراف کرنا چاہیے کہ اسلاف بزرگانِ دین میں ایسی کئی شخصیات ہر دور میں موجود رہی ہیں جن پر کائنات کا لاہوتی اور ملکوتی نظام کھلا ہوا تھا۔

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026