بیدار آنکھوں سے حضور کیلئےصَلَّى ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کی زیارت کیسے ہوتی ہے؟

ماہنامہ عبقری میں جب علامہ لاہوتی پراسراری دامت برکاتہم کے ایسے واقعات شائع ہوتے ہیں، جن میں جاگتی آنکھوں سے حضور سرورِ کونین ﷺ کی یا بعض دیگر انبیاء و صلحاء کی زیارت کا ذکر ہوتا ہے تو کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے؟ آئیے اس کا جواب اپنے اکابر کی زندگی میں تلاش کرتے ہیں۔

علامہ وحید الزماں حیدر آبادی رحمہ اللہ (مکتبہ اہل حدیث) لکھتے ہیں: اب بھی بعض خدا کے بندے ایسے موجود ہیں جو آنکھ بند کرتے ہی آپ ﷺ کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور انہیں حالتِ بیداری میں آپ ﷺ کا جمالِ مبارک نظر آ جاتا ہے۔ یہ دولت اس کو ملتی ہے جو کثرت سے درود و سلام پڑھنے والا ہوتا ہے

مولانا جلال الدین احمد امجدی رحمہ اللہ (مکتبہ بریلویہ) لکھتے ہیں: حضرت سید کبیر احمد رفاعی رحمہ اللہ جب 555ھ میں حج سے فارغ ہو کر مدینہ منورہ تشریف لے گئے تو وہاں پر آپؒ نے محبت بھرے چند اشعار پڑھے، جس کے بعد روضہ اقدس ﷺ سے دستِ مبارک ظاہر ہوا اور آپؒ نے اس کو بوسہ دیا۔ اس وقت کئی ہزار لوگوں کا مجمع موجود تھا اور اس میں پیرانِ پیر شیخ عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ بھی موجود تھے۔

مرکزِ اہلسنت کے ابتدائی بزرگ حضرت حاجی محمد عابد قدس سرہ نے حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ سے فرمایا کہ ایک بات کہتا ہوں جسے میری زندگی میں ظاہر نہ کرنا۔ میں نے حالتِ بیداری میں حرمِ مکہ میں بعض انبیاء علیہم السلام کی زیارت کی ہے، یہ جو میری موجودہ حالت دیکھتے ہو، یہ انہی انبیاء علیہم السلام کی نظر کا اثر ہے (بحوالہ کتاب: عاشقانِ رسول ﷺ کو خواب میں زیارتِ نبی ﷺ صفحہ 222 ناشر: مکتبہ عمر فاروق، شاہ فیصل کالونی کراچی)

آیت اللہ سید عبدالحسین دستغیب شیرازی (مکتبہ اثناء عشریہ) لکھتے ہیں: امام جعفر صادق علیہ السلام کو کئی مرتبہ جاگتی آنکھوں سے سرکارِ دو عالم ﷺ کی زیارت کا شرف حاصل ہوا۔

محترم قارئین! اب اگر علامہ لاہوتی صاحب کے کالم میں بیداری کی حالت میں زیارت کے واقعات سامنے آئیں تو اس میں کیا قباحت ہے؟ مولانا سید محمد داؤد غزنویؒ (صدر جمعیت اہل حدیث پاکستان) فرمایا کرتے تھے: اگر کوئی شخص اتنا نیک ہو جائے کہ اسے کشف ہونے لگے، تو تمہیں کیا اعتراض ہے؟ (دیکھیں کتاب: نقوشِ عظمتِ رفتہ، مصنف: مولانا محمد اسحاق بھٹیؒ، ناشر: مکتبہ قدوسیہ، اردو بازار لاہور)

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026