ایسی دعا، جسے پڑھنے سے سیدۃ النساء حضرت فاطمہ الزهراء رضی اللہ عنہا کی تنگ دستی ختم ہو جاتی تھی

محترم قارئین! عبقری تسبیح خانے میں شیخ الوظائف حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی دامت برکاتہم العالیہ شبِ جمعہ کے درس کے اختتام پر تسبیح خانے میں آئی ہوئی دکھی اور پریشان حال مخلوقِ خدا کی مشکلات کو حل کروانے کیلئے اپنی دعاؤں کا آغاز اکثر ان کلمات سے کرتے ہیں (یااول الاولین، یا آخر الآخرین، یا ذاالقوة المتین، یا راحم المساکین، یا ارحم الراحمین) آئیے دیکھتے ہیں کہ ہمارے اکابر کے ہاں ان کلمات کو کیا مقام حاصل ہے؟

مولانا محمد یونس پالنپوری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: حضرت سوید بن غفلہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ پر ایک دفعہ فاقہ آیا تو انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: اگر تم حضور ﷺ کی خدمت میں جا کر کچھ مانگ لو تو اچھا ہے۔ چنانچہ وہ حضور ﷺ کی خدمت میں گئیں اور عرض کی: یا رسول اللہ ﷺ فرشتوں کا کھانا تو لا الہ الا اللہ، الحمد للہ اور سبحان اللہ کہنا ہے، ہمارا کھانا کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم! جس نے مجھے حق دے کر بھیجا ہے، محمد ﷺ کے گھرانے میں سے کسی بھی گھر میں تیس دن سے آگ نہیں جلی۔ ہمارے پاس چند بکریاں آئی ہیں، اگر تم چاہو تو 5 بکریاں تمہیں دے دیتا ہوں اور اگر چاہو تو وہ 5 کلمات سکھا دوں جو حضرت جبرئیلؑ نے مجھے سکھائے۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے عرض کی: نہیں مجھے وہی کلمات سکھا دیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا: تم یہ کہا کرو!

يا اول الاولين، ويا آخر الآخرين، ويا ذا القوة المتين، ويا راحم المساكين، يا ارحم الراحمين

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچیں تو انہوں نے پوچھا: کیا ہوا؟ فرمایا: میں آپ ﷺ کے پاس دنیا لینے گئی تھی، لیکن وہاں سے آخرت لے کر آئی ہوں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: پھر تو یہ دن تمہارا سب سے بہترین دن ہے (بحوالہ کتاب: حیاۃ الصحابہ جلد 3 صفحہ 56 حوالہ نمبر 2: بکھرے موتی صفحہ نمبر 44 ناشر: بلسم پبلشرز اردو بازار لاہور)

محترمہ ام مہدیہ لکھتی ہیں کہ اگر معاشی تنگی ہو اور فقر کا خوف ہو تو درج ذیل دعا کا اہتمام کیجئے، فقر اور تنگ دستی دور ہو جائے گی:

يا اول الاولين، ويا آخر الآخرين، ويا ذا القوة المتين، ويا راحم المساكين، يا ارحم الراحمين

قارئین! سندھ کے مشہور بزرگ مولانا عبدالکریم صاحب بیر شریف والوں کے خلیفہ مولانا سائیں عبدالجبار صاحب مدظلہٗ (سکھر) نے حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ کو سلسلۂ قادریہ کی خلافت دیتے ہوئے اسی وظیفے کی خاص اجازت عنایت فرمائی تھی۔

يَا اَوَّلَ الْاَوَّلِيْنَ
يَا اٰخِرَ الْاٰخِرِيْنَ
يَا ذَا الْقُوَّةِ الْمَتِيْنِ
يَا رَاحِمَ الْمَسَاكِيْنِ
يَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِيْنَ

100 دفعہ

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026