آج برصغیر پاک و ہند میں جہاں کہیں بھی علم حدیث کا غلغلہ ہے اس کا سہرا حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے سر پہ سجا ہوا ہے۔ محرم الحرام کی عبادات کے متعلق حضرت محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ جو شخص محرم الحرام کی شب عاشورہ میں چار رکعت نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد 50 مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے تو مولا کریم اس کے 50 برس گزشتہ اور 50 برس آئندہ کے گناہ بخش دیتا ہے اور اس کیلئے ملاء اعلیٰ میں ایک ہزار محل تیار کرتا ہے( بحوالہ
کتاب: ما ثبت من السنۃ صفحہ 16 ناشر: مکتبہ دار الاشاعة بالمقابل مولوی مسافر خانہ کراچی) قطب الارشاد حضرت مولانا مظفر علی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ یکم محرم کے دن دو رکعت نماز نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے۔ سلام کے بعد ہاتھ اٹھا کر یہ دعا پڑھے۔ اللہ تعالیٰ اس کے اوپر دو فرشتے مقرر کر دیگا تا کہ وہ اس کے کاروبار میں اس کی مدد کریں اور شیطان لعین کہتا ہے کہ افسوس ! میں اس شخص سے تمام سال ناامید ہوا۔ وہ دعا یہ ہے: اللهم انتَ الْاَبْدُ الْقَدِيمُ وَ هَذِهِ سَنَةٌ جَدِيدَةٌ اَسْئَلُكَ فِيهَا الْعِصْمَةَ مِنَ الشَّيْطَنِ الرَّجِيمِ وَالْآمَانَ مِنَ السُّلْطَانِ الْجَابِرِ وَ مِنْ شَرِّ كُلِّ ذِى شَرٍ وَ مِن الْبَلَاءِ وَالْأَفَاتِ وَاسْتَلْكَ الْعَوْنَ وَالْعَدْلَ عَلَى هَذِهِ النَّفْسِ الْأَمَارَةِ بِالسُّوءِ وَالْاِشْتِغَالِ بِمَا يُقَرِّبُنِي إِلَيْكَ يَابَرُ يَا رَؤُفُ يَا رَحِيمُ يَا ذَالْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ
(بحوالہ کتاب: جواہر غیبی ، ناشر : مطبع منشی نول کشور لکھنو )
مولا نا محمد الیاس عادل صاحب لکھتے ہیں کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: جو شخص یکم محرم الحرام کی شب میں چھے رکعت نوافل پڑھے اور ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورۃ الفاتحہ کے بعد دس دس مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس شخص سے چھے ہزار بلائیں دور کرے گا اور چھے ہزار نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھوا دے گا ( بحوالہ کتاب: بارہ مہینوں کی نفلی عبادات صفحه 15 ناشر : مشتاق بک کارنر اردو بازار لاہور )