سوال: میں عرصہ دراز سے تسبیح خانہ کے ہفت وار درس میں شریک ہوتا ہوں، میرا تعلق اس مکتبہ فکر سے ہے جو احادیث کے معاملے میں بہت زیادہ جانچ پڑتال کرتے ہیں، ایک مرتبہ میں شیخ الوظائف کے درس میں شریک تھا کہ آپ نے 30 سیکنڈ کے عمل سے اپنی ہر جائز دُعا پوری کروانے کا عمل فرمایا کہ 10 مرتبہ سبحان اللہ، 10 مرتبہ الحمدللہ اور 10 مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر دُعا مانگنے سے دعا قبول ہوتی ہے، اس وقت آپ نے کوئی حوالہ بیان نہ کیا تو میں نے توجہ نہ کی کیونکہ میں اس معاملے میں بہت ہی شاکی ذہن رکھتا تھا اگر اکابرِ پر اعتماد کے دوست اس روایت کو جانتے ہوں تو ضرور بیان فرما دیں۔ جزاک اللہ
جواب: جو روایت شیخ الوظائف کی بیان کردہ آپ نے پوچھی ہے وہ مسند احمد میں بالکل صحیح سند کے ساتھ کئی احادیث کی کتابوں میں مذکور ہے حدیث شریف کے الفاظ یہ ہیں: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضرت اُم سلیم رضی اللہ عنہا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے ایسے کلمات سکھا دیں، جن کے ذریعے میں اللہ تعالیٰ سے دعا مانگا کروں، تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم 10 مرتبہ سبحان اللہ، 10 مرتبہ الحمدللہ اور 10 مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجت مانگا کرو، اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: میں نے تمہارا کام کر دیا، میں نے تمہارا کام کر دیا۔
(مسند احمد: 19 / 240) والحدیث اخرجـہ الترمذی فی سننـہ، وقال: حدیث انس حدیث حسن غریب۔ واخرجہ الحافظ فی "نتائج الاذکار” 5 / 161 من طریق وکیع وعبداللہ بن المبارک، کلاہما عن عکرمۃ بن عمار، وقال: ہذا حدیث صحیح
اللہ کریم کے فضل وکرم سے تسبیح خانہ کے ہر عمل کی مستند سند قرآن وسنت اور تعلیماتِ اکابر کے عین مطابق ہے۔
