غلط نام رکھنے سے انسان اور گھر جل گیا

حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ اپنی روحانی محافل میں ایک اہم راز کی طرف اکثر توجہ دلایا کرتے ہیں کہ بچوں کا نام بہت سوچ سمجھ کر رکھنا چاہیے۔ ہمیشہ وہی نام رکھیں جو حضور سرورِ کونین ﷺ کی آل و اصحابؓ سے ثابت یا اکابرینِ اُمت کے ہاں رواج پذیر ہو۔ ورنہ عجیب و غریب قسم کے نام رکھنے سے بعض اوقات ایسی مشکلات، بیماریاں اور ناکامیاں جنم لیتی ہیں جن کا ازالہ ساری زندگی نہیں ہو سکتا، بلکہ غلط نام رکھنے کی وجہ سے بعض مسائل نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔

امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے پاس ایک شخص حاضر ہوا تو آپؓ نے پوچھا: تمہارا نام کیا ہے؟ اس نے کہا: جمرہ۔ آپؓ نے اس کے والد کا نام پوچھا تو کہنے لگا: شہاب۔ آپؓ نے پوچھا: کون سے قبیلے سے ہو؟ کہنے لگا: حرقہ سے۔ آپؓ نے پوچھا: وہ کہاں ہے؟ اس نے کہا: حرۃ النار کے علاقے میں۔ آپؓ نے پوچھا: وہ کس وادی میں ہے؟ کہنے لگا: ذاتِ لظیٰ میں۔ یہ سن کر امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جلدی سے واپس چلے جاؤ اور دیکھو وہ تو جل چکے ہیں چنانچہ وہ اپنے علاقے میں پہنچا تو سب لوگ بری طرح جل چکے تھے۔ (بحوالہ کتاب: کشف الغمہ عن جمیع الامہ، صفحہ 523، مصنف: شیخ عبدالوہاب بن احمد بن علی شعرانی ناشر: ادارہ پیغام القرآن اُردو بازار لاہور)

حضرت سعید بن مسیب رحمہ اللہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ان کے دادا "حزن” حضور سرورِ کونین ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو آپ ﷺ نے پوچھا: تمہارا نام کیا ہے؟ انہوں نے عرض کی "حزن”۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تم سہل ہو (یعنی تم اپنا نام سہل رکھ لو) وہ کہنے لگے: میں اس نام کو تبدیل نہیں کرتا جو میرے باپ دادا نے رکھا تھا۔ حضرت سعید بن مسیب رحمہ اللہ فرماتے ہیں: پس اس نام کی وجہ سے ہمارے ہاں (نسل در نسل) تنگی موجود رہی۔ (بحوالہ کتاب: تحفۃ المودود باحکام المولود، صفحہ 134، ناشر: دارالمعرفۃ بیروت۔ الادب المفرد، امام بخاریؒ جلد 2 صفحہ 454، صحیح بخاری رقم 6190)

مشکل ناموں کے معنی

(حزن = غم) (جمرہ = انگارہ) (شہاب = شعلہ) (حرقہ = حرارت) (حرۃ النار = جھلسی ہوئی زمین) (ذاتِ لظیٰ = آگ کی لپیٹ)

یاد رکھیں! حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ وظائف اور واقعات بناتے نہیں بتاتے ہیں۔

تاکہ ہم اپنے اکابر کی راہوں پر چل کر روزمرہ پریشانیوں اور مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں!

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026