تسبیح خانہ میں 625 مرتبہ مکمل بسم اللہ لکھ کر اپنے پاس رکھنے کا عمل کروایا گیا، جس سے مخلوقِ خدا کو بہت نفع ہوا مگر اس کے متعلق چند لوگوں نے اعتراض کیا کہ صرف لکھ کر پاس رکھنے سے انسان کو اتنی برکات کیسے مل سکتی ہیں؟ یہ تو مبالغہ آرائی ہے۔ میرے محترم دوستو! جہاں ہم اور دعائیں مانگتے ہیں، وہاں ایک یہ دعا بھی مستقل مانگنا شروع کر لیں: یا اللہ ہمیں ہمارے اکابر و اسلاف پر اعتماد کرنے والا اور ان کی بے ادبی سے بچنے والا بنا دے۔ آمین!
ہمارے اکابر سے بسم اللہ ہی نہیں بلکہ بہت سے عملیات، تعویذات اور نقش لکھ کر پاس رکھنے کی برکات اور کمالات نقل کیے گئے ہیں جو باذوق اہل علم سے پوشیدہ نہیں۔
مفتی اعظم محمد شفیع صاحبؒ فرماتے ہیں کہ 600 مرتبہ بسم اللہ لکھ کر اپنے پاس رکھنے سے دلوں میں عظمت و عزت حاصل ہوتی ہے اور کوئی اس شخص سے بدسلوکی نہیں کر سکتا۔ 113 مرتبہ محرم کی پہلی تاریخ کو لکھ کر پاس رکھنے سے ہر طرح کی آفات اور مصائب سے حفاظت ہوتی ہے، یہ عمل تجربہ شدہ ہے۔ 61 مرتبہ لکھ کر عورت اپنے پاس رکھے تو اس کے بچے محفوظ رہیں گے، یہ بھی مجرب ہے۔ 101 مرتبہ لکھ کر کھیت میں دفن کرنے سے حفاظت اور برکت ہوتی ہے۔ 500 مرتبہ لکھنے اور اس پر 150 مرتبہ پڑھ کر اپنے پاس رکھنے سے حکام مہربان اور ظالم کے شر سے حفاظت ہوتی ہے ۔ 21 مرتبہ لکھ کر دردِ سر کی جگہ باندھنے سے سر کا درد ختم ہو جاتا ہے (بحوالہ کتاب: احکام و خواص بسم اللہ ص 13 ناشر: ادارۃ المعارف کراچی 100 مرتبہ لکھ کر رکھنے سے لوگوں کے دلوں میں رعب پیدا ہوتا ہے۔ 110 مرتبہ لکھ کر عورت کی کمر پر باندھنے سے 3 دن میں حمل ٹھہر جاتا ہے۔
(بحوالہ کتاب: وظائفِ اکابرؒ، افادات: شیخ الحدیث، استاذ العلماء حضرت مولانا مفتی محمد حسن صاحب جامعہ محمدیہ چوبرجی لاہور)
شیخ الحدیث حضرت مولانا انور شاہ کاشمیریؒ فرماتے ہیں کہ 625 مرتبہ لکھ کر اپنے پاس رکھنے سے اللہ تعالیٰ ایک وقار اور عظمت عطا فرماتے ہیں
(بحوالہ کتاب: گنجینہ اسرار ناشر: ادارہ اسلامیات لاہور)
625 مرتبہ لکھ کر رکھنے سے مخلوق میں ہیبت و وقار زیادہ ہوگا، اللہ تعالیٰ اس شخص کو عظمت عطا فرمائیں گے اور کوئی اس کو نقصان نہ پہنچا سکے گا۔ 313 مرتبہ محرم کی پہلی تاریخ کو لکھ کر پاس رکھنے سے کوئی ناگواری پیش نہیں آئے گی
(بحوالہ کتاب: مجرباتِ ديربی، مصنف: حضرت خواجہ احمد علی ديربیؒ ناشر: فرید پبلشرز ناظم آباد کراچی)
625 مرتبہ لکھ کر رکھنے سے اللہ اس کو ایک ہیبتِ عظیم دے گا اور اس کو کوئی ستا نہ سکے گا۔ کتاب التعویذات ص 24 مصنف: زبدۃ المحدثین حضرت مولانا نواب صدیق الحسن خان صاحبؒ اسلامی کتب خانہ)
عبقری تو سو فیصد اپنے اکابر کی تعلیمات کو ساتھ لے کر چل رہا ہے۔
