آسانی پیدا کرو اور سختی نہ کرو۔۔۔!

(مولانا محمد عمران، جامعہ اشرفیہ)

(1) آپ ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں آسانی پیدا کرو اور سختی نہ کرو، اُن کو خوش خبری دو اور اُن میں نفرت نہ پھیلاؤ۔

(بخاری، رقم 69)۔

(2) حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ ایک بدو نے مسجد میں پیشاب کر دیا تو لوگ بھڑک کر اُس کی طرف اٹھے تاکہ اُسے ماریں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: اسے چھوڑ دو اور جہاں اُس نے پیشاب کیا ہے وہاں پانی کا ایک ڈول بہا دو۔ تم آسانی کرنے والے بنا کر بھیجے گئے ہو، تنگی کرنے والے نہیں۔

(بخاری، رقم 6128)

(3) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: جب بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دو کاموں میں سے ایک کو اختیار کرنے کی اجازت ملی، تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آسان کو اختیار فرمایا، جبکہ اس میں گناہ نہ ہو۔

(صحیح بخاری، 3/ 1287، رقم: 3387)

(4) حضرت انس بن مالک روایت کرتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب بھی کسی صحابی کو گورنر، مفتی، قاضی یا سپہ سالار بنا کر دوسرے علاقوں کی طرف روانہ کرتے، تو فرماتے: آسانی پیدا کرو، مشکل میں نہ پھنساؤ۔ خوش رکھو اور متنفر نہ کرو۔

(صحیح بخاری، 1/ 38، رقم/ 69)

دورِ حاضر میں شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم دنیا کی 500 بااثر ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جدید مسائل میں قابلیت کے حوالے سے دنیا بھر میں آپ کا ایک نمایاں نام ہے۔ آپ کی ایک بڑی خصوصیت یہ بھی ہے کہ آپ یَسِّرُوْا وَلَا تُعَسِّرُوْا وَبَشِّرُوْا وَلَا تُنَفِّرُوْا کے مفاہیم کو سمجھتے ہیں۔۔۔!

فَاِنَّمَا بُعِثْتُمْ مُیَسِّرِیْنَ وَلَمْ تُبْعَثُوْا مُعَسِّرِیْنَ کے تقاضوں سے پوری طرح واقف ہیں۔۔۔!

یُرِیْدُ اللّٰهُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلَا یُرِیْدُ بِکُمُ الْعُسْرَ جیسی نص پر پوری طرح عامل ہیں۔۔۔!

یہی وجہ ہے ڈیجیٹل تصویر کے ذریعے آج پوری دنیا آپ کی علمی تحقیق سے فائدہ کر رہی ہے، اسلامی بینککاری کے ذریعے امت کو معاشی استحکام کی طرف رہبری مل رہی ہے، ابھی حال ہی میں آپ یورپ کے غیر معتدلہ شہر کے دورے پر تشریف لے گئے اپنی جائے قیام پر پہنچ کر مغرب اور ساتھ ہی عشاء کی نماز اکھٹی باجماعت پونے نو بجے ادا کی جب کہ ابھی سورج غروب ہوا ہی تھا، حضرت والا دامت برکاتہم نے فرمایا کہ ان دنوں میں یہاں شفق احمر بھی غروب نہیں ہوتی اس لیے میرا معمول ہے کہ ان ایام میں سفر کی حالت میں مغرب اور عشاء کے درمیان جمع حقیقی کر لیتا ہوں اور پھر نصف اللیل کا انتظار کر کے فجر پڑھ کر آرام کرتا ہوں

(بحوالہ ماہنامہ البلاغ نومبر 2019 بمطابق، ربیع الاول 1441ھ)

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026