(مولانا قاضی عبدالرشید صاحب نارووال، فاضل جامعہ امدادیہ فیصل آباد)
شیخ الوظائف دامت برکاتہم اپنے ہفتہ وار دروس میں بارہا اہلِ اللہ کو ایصالِ ثواب اور اس کی برکات کا ذکر فرماتے ہیں یہ کوئی من گھڑت کہاوت نہیں بلکہ 1400 سو سال سے اہلِ اللہ سے منقول ایک مستند حقیقت ہے جس کا انکار دن کے وقت سورج کی روشنی کا انکار ہے۔۔۔! فاعتبروا یا اولی الابصار
جناب فضلِ حق فاروقی ساندہ کلاں لاہور والے اپنی زندگی کا ایک اہم واقعہ بیان کرتے ہیں کہ مورخہ دس دسمبر 1977ء بعد از نمازِ عصر میں اپنی اہلیہ ارشاد بیگم کے ساتھ اپنے گھر کے بالائی کمرے میں بیٹھا تھا، گھریلو معاملات پر بات چیت ہو رہی تھی کہ میری اہلیہ کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے اور ساتھ والی انگلی میں کھجاوٹ محسوس ہوئی اور انگلیاں اکھٹی ہونا شروع ہو گئیں میں نے بستر چلایا زیتون کے تیل کی مالش ہاتھ پر کی اور رضائی اڑھا کر لٹا دیا کچھ دیر بعد چہرہ ہٹا کر دیکھا تو میری چیخ نکل گئی چہرہ ٹیڑھا ہو چکا تھا آنکھیں کھینچ گئی تھیں اور شدید قسم کا لقوہ تھا میں نے نبض دیکھی تو وہ بھی معلوم نہیں ہوئی۔۔! ڈاکٹر حکیم محمد اقبال صاحب کو لایا انہوں نے بتایا کہ جسم کے بائیں حصہ پر فالج کا حملہ ہوا ہے ساتھ شدید قسم کا لقوہ بھی ہے اور جسم کا نصف حصہ بیکار ہو چکا ہے۔ حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ دوائی منہ میں پانی کے ساتھ ڈالتے تو منہ ٹیڑھا ہونے کی وجہ سے دوائی کا استعمال انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔ کئی مرتبہ مریضہ نے بولنے کی کوشش کی لیکن بات سمجھ میں نہیں آئی اسی ناگفتہ بہ حالت میں گیارہ دن گزر گئے کوئی خاص افاقہ نہیں ہوا۔۔۔! اچانک رات دس بجے کا وقت تھا میری بیوی رضائی میں لپٹی ہوئی تھی کہ مجھے کچھ بڑبڑاہٹ کی آواز محسوس ہوئی جیسے کسی سے بات کر رہی ہو میں نے رضائی ہٹا کر دریافت کیا کہ کس سے بات کر رہی ہو تو جواب دیا ابھی
”حضرت شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوریؒ پیر و مرشد تشریف لائے تھے اور فرما رہے تھے کہ تو میری روحانی بیٹی ہے تو روزانہ کلام اللہ پڑھ کر ایصالِ ثواب کرتی تھی وہ ہمیں پہنچ رہا اس لئے پتہ کرنے آیا تھا گھبراؤ مت صحت یاب ہو جاؤ گی جو علاج میں بتاؤں وہ کرو باقی سب چھوڑ دو۔۔۔! ایک گلاس گائے کے خالص دودھ میں ایک ٹکڑا دار چینی کا ڈال کر جوش دو اور تین ابال آنے دو، اس ابلے ہوئے دودھ میں ایک مرتبہ مرتبہ سورۂ یٰسین پڑھ کر دم کر دو پھر سات عدد لونگ (مترنفل) پیس کر منہ میں ڈال کر دودھ پی کر لیٹ جاؤ“۔
میری بیوی نے سات دن یہ ٹوٹکا استعمال کیا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بالکل چاق و چوبند ہے اور مرض کے کوئی اثرات بھی نہیں ہیں۔ میری اہلیہ نے تحصیل شکر گڑھ میں حضرت اقدس لاہوریؒ سے میری اجازت سے بیعت کی تھی تو آپ نے اسے فرمایا تھا کہ تم میری روحانی بیٹی ہو پانچ وقت کی نماز پڑھنا اور اس کے بعد استغفار اور درود پڑھنا۔
(مقتدائے اسلام اور صوفیائے کرامؒ کے آخری لمحات ص 446 مصنف: مولانا روح اللہ صاحب نقشبندیؒ ناشر: دارالاشاعت کراچی)
محترم قارئین! ہمیشہ یقین اور عشق والے ہی پاتے ہیں بے یقین تو ہمیشہ سوچتے ہی رہ جاتے ہیں
اللہ کریم ہم سب کو اکابر پر اعتماد عطا فرمائے۔۔۔!
