(ڈاکٹر فیصل شمسی صاحب، لاہور)
تسبیح خانہ میں سب سے زیادہ جو عمل مقبول ہوا وہ سورہ کوثر سے مالدار بننے والا عمل ہے اس سورت کے کتنے کمالات ہیں یہ تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے۔۔۔! سورہ کوثر میں عددی معجزے نے ہی مجھے حیران کر رکھا ہے، سوچا اکابر پر اعتماد کے دوستوں کے ساتھ شیئر کر لوں، سورہ کوثر قرآن کی سب سے چھوٹی سورت ہے اور اس سورت کے جملہ الفاظ 10 ہیں۔ قرآن بذات خود ایک معجزہ ہے سورہ کوثر کی پہلی آیت میں 10 حروف ہیں۔ سورہ کوثر کی دوسری آیت میں 10 حروف ہیں۔ سورہ کوثر کی تیسری آیت میں 10 حروف ہیں۔ اس پوری سورت میں جو سب سے زیادہ تکرار سے حرف آیا ہے وہ۔۔۔۔ حرف "ا” الف ہے جو 10 دفعہ آیا ہے۔ وہ حروف جو اس سورت میں صرف ایک ایک دفعہ آئے ہیں ان کی تعداد 10 ہے۔ اس سورت کی تمام آیات کا اختتام حرف "ر” راء پر ہوا ہے جو کہ حروف ہجا میں 10 واں حرف شمار ہوتا ہے۔
قرآن مجید کی وہ سورتیں جو حرف "ر” راء پر اختتام پذیر ہو رہی ہیں، ان کی تعداد 10 ہے جن میں سورہ کوثر سب سے آخری سورت ہے۔ سورت میں جو 10 کا عدد ہے اس کی حقیقت یہ ہے کہ وہ ذوالحجہ کے مہینے کا 10 واں دن ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا "فصل لربک وانحر” "پس نماز پڑھو اور قربانی کرو” وہ دراصل قربانی کا دن ہے اللہ کی شان کے یہ۔۔۔۔ سب کچھ قرآن کریم کی سب سے چھوٹی سورت، جو ایک سطر پر مشتمل ہے، میں آ گیا ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے بڑی سورتوں کے متعلق!!! اللہ تعالیٰ نے اسی لیے فرمایا "ہم نے اپنے بندے پر جو کچھ نازل کیا ہے اگر تمہیں اس میں شک ہو تو اس جیسی ایک سورت ہی لے آؤ” اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ کو حوضِ کوثر سے ایسا مبارک پانی پلائے جس کے بعد ہمیں کبھی پیاس نہ لگے۔ آمین
محترم قارئین! تسبیح خانہ سے سورہ کوثر کا جو عمل شائع ہوا اللہ کے کلام کی برکت سے لاکھوں لوگ اس کی وجہ سے مالدار بنے، پاکٹ منی میں برکت ہوئی اگر آپ بھی ان برکتوں کو پانا چاہتے ہیں تو ایک کپڑے کی تھیلی سلوا لیں اور اس پر 129 مرتبہ صبح و شام سورہ کوثر پڑھ کر دم کریں جب بھی اس میں سے پیسے نکالیں یا اس میں ڈالیں تو ایک مرتبہ سورہ کوثر پڑھ لیا کریں اور برکتیں اپنی آنکھوں سے دیکھیں ۔۔۔! ہے ناں ’اکابر پر اعتماد‘ کا کمال
