پٹرول کے بغیر چلنے والی گاڑی

سوال: مولانا صاحب! عبقری میں سورہ کوثر کا ایک عمل دیا جاتا ہے اور اس کے فوائد میں لکھا جاتا ہے کہ سورہ کوثر سے گاڑی کے پٹرول میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ حتیٰ کہ نارمل رینج سے بڑھ کے کئی کئی کلومیٹر تک گاڑی سفر طے کر سکتی ہے۔ یہ کیسی بے ڈھنگی سی بات ہے؟ بھلا کبھی گاڑی پر بھی سورہ کوثر کا اثر ہوا ہے؟ (سائل: عبدالمجید، گوجرانوالہ)

جواب: جناب عالی! اگر آپ کو اکابر و اسلاف کے حالات کی خبر ہوتی تو آپ یہ سوال کبھی نہ کرتے۔ سورہ کوثر سے پٹرول میں برکت شامل ہو جانا کون سی ناممکن بات ہے؟ ضلع قصور میں مولانا محی الدین لکھوی رحمہ اللہ نام کے ایک بزرگ گزرے ہیں، جنہوں نے پٹرول کے بغیر بھی گاڑی چلائی تھی۔ ان کی سوانح حیات میں یہ واقعہ ابھی تک موجود ہے کہ ایک دن وہ کسی آدمی کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ راستے میں پٹرول ختم ہو گیا۔ اس وقت جگہ جگہ پٹرول پمپ موجود نہیں تھے۔ وہ آدمی پریشان ہو گیا۔

مولانا محی الدین لکھوی رحمہ اللہ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس کوئی برتن ہے؟ کہنے لگا: جی ہاں۔ فرمایا: سامنے ٹیوب ویل سے پانی بھر کے لے آؤ۔ جب وہ پانی لے آیا تو انہوں نے بسم اللہ پڑھ کے گاڑی کی ٹینکی میں سارا پانی انڈیل دیا۔ وہ آدمی حیران تھا کہ شاید مولانا صاحب رحمہ اللہ کو پانی اور پٹرول میں فرق معلوم نہیں۔ بھلا کبھی پانی سے بھی گاڑی چل سکتی ہے؟ مولانا لکھوی رحمہ اللہ نے فرمایا: بسم اللہ پڑھ کے گاڑی اسٹارٹ کرو۔ جب اس نے اسٹارٹ کی تو گاڑی حسبِ معمول آسانی سے چل پڑی۔ اس نے مقررہ مقام پر پہنچ کر مولانا محی الدین لکھوی رحمہ اللہ کو اتارا، پھر اپنے گھر چلا گیا۔ اگلے دن گاڑی کا انجن چیک کیا تو اس میں پانی کے کوئی آثار نہیں تھے۔

لہٰذا میرے بھائی! سورہ کوثر تو اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جس میں برکتوں کے خزانے چھپے ہوئے ہیں، کیا اللہ کا کلام اتنا بے بس ہے کہ ٹیوب ویل کے پانی جتنا کام بھی نہ کر سکے؟

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026