سالہا سال سے ماہنامہ عبقری مخلوقِ خدا کو اکابرینِ امت کے اعمال میں ڈھالنے کی خدمت کر رہا ہے۔ اس میں دیے جانے والے تمام وظائف (خواہ وہ کسی بھی مقصد کیلئے ہوں) سو فیصد اکابر و اسلاف کی ترتیب کے مطابق ہوتے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے قارئینِ عبقری کو ڈیلیوری میں آسانی کیلئے سورہ انشقاق کا عمل دیا گیا تو اس پر جہاں ہزاروں لوگوں کی طرف سے پسندیدگی کا اظہار ہوا، وہاں کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ عبقری نئے نئے وظائف بناتا ہے۔ حالانکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ماہنامہ عبقری وظائف بناتا نہیں، بتاتا ہے۔
شیخ الحدیث مولانا محمد عبداللہ درخواستیں رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ سورۃ الانشقاق کی ابتدائی چار اور سورۃ زلزال کی ابتدائی دو آیات لکھ کر پہلے حاملہ خاتون کو تین مرتبہ دکھائیں، پھر اس کی بائیں ران پر باندھ دیں.
(بحوالہ کتاب: شفاء المریض کامل صفحہ 36 ناشر: ادارہ کریمییہ تعلیم القرآن، شیرانوالہ گیٹ لاہور)
مولانا محمد ولی اللہ منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ (مکتبہ اہل حدیث) لکھتے ہیں کہ: بچے کی پیدائش سے پہلے جو درد ہو، اسے ختم کرنے اور پیدائش میں آسانی کیلئے ان آیات کو لکھ کر عورت کی دائیں ران پر باندھ دیا جائے تو ان شاء اللہ آسانی ہوگی اور انجام بخیر ہوگا۔ پیدائش کے فوراً بعد یہ تعویذ اتار دینا چاہئے۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ اِذَا السَّمَآءُ انْشَقَّتْ (1) وَاَذِنَتْ لِرَبِّھَا وَحُقَّتْ (2) وَاِذَا الْاَرْضُ مُدَّتْ (3) وَاَلْقَتْ مَا فِیْھَا وَتَخَلَّتْ (4) (بحوالہ کتاب: تحفۃ العالمین صفحہ 7 ناشر: رشید بک ڈپو، کچہری بازار، جڑانوالہ)
مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی (مکتبہ بریلویہ) لکھتے ہیں کہ: سورۃ الانشقاق کی ابتدائی 4 آیات لکھ کر کپڑے میں لپیٹ کے عورت کی بائیں ران پر باندھ دیں۔ ان شاء اللہ بچہ آسانی کے ساتھ پیدا ہوگا۔
(جنتی زیور صفحہ 608 بحوالہ کتاب: مدنی پنج سورہ صفحہ 242 ناشر: مکتبۃ المدینہ کراچی)
سرکار علامہ رشید ترابی (مکتبہ اثناء عشریہ) لکھتے ہیں کہ جس آدمی کی جورو، دردِ زہ میں مبتلاء ہو، اسے چاہئے کہ ایک قرطاس پر کالی سیاہی والے قلم سے یہ آیات لکھے اور اپنی جورو کی داہنی طرف ران پر باندھ دے۔ وَاَلْقَتْ مَا فِیْھَا وَتَخَلَّتْ۔ وَاَذِنَتْ لِرَبِّھَا وَحُقَّتْ۔ مگر خیال رہے کہ یہ تعویذ اسی وقت باندھا جائے، جب ولادت کے آثار پیدا ہو جائیں۔ ورنہ بارہا دیکھنے میں آیا ہے کہ جونہی ان آیات کا تعویذ باندھا گیا، اسی وقت پیدائش ہو گئی۔ لہٰذا قبل از وقت پیدائش نومولود کی صحت کیلئے مضر ہے۔
(بحوالہ کتاب: طبِ معصومین صفحہ 47 ناشر: حیدری کتب خانہ، مرزا علی روڈ، امام باڑہ بمبئی)
محترم قارئین! اب آپ خود سوچیں کہ اگر عبقری کے وظائف من گھڑت ہوتے تو تمام مکاتبِ فکر کے اکابر و اسلاف کی سالوں پہلے لکھی گئی کتب میں ان کا ثبوت کیسے ملتا؟
