تیس روزے تیس عبادتیں کتاب اکابر کی نظر میں

ابھی کچھ عرصہ قبل عبقری میں ایک کتاب شائع ہوئی جس کا نام ’تیس روزے تیس عبادتیں‘ ہے، سمجھ میں نہیں آتا کہ عبقری ایسی من گھڑت چیزیں کہاں سے لے آتا ہے؟ آج تک میری نظر سے تو ایسی کتاب نہیں گزری، جس میں خاص دنوں کا تعین کر کے خاص عبادت بتائی گئی ہو (سائل: نعمان جاوید، کراچی)

جواب: جناب عالی! عبقری اپنی طرف سے کوئی بھی ایسی چیز شائع نہیں کرتا جس کا قرآن و حدیث میں یا اکابر و اسلاف کے آثار میں ثبوت نہ ملتا ہو۔ عبقری کا ہر وظیفہ اور ہر عمل بلا مبالغہ تعلیماتِ اکابر کے عین مطابق ہوتا ہے، ان شاء اللہ۔ اب اگر آپ کی معلومات میں کمی ہو تو اس میں عبقری اور اکابر کا کیا قصور؟ خاص دنوں کا تعین کر کے خاص تعداد میں خاص وظائف کی صورت میں پڑھی جانے والی درجنوں کتابیں ہمارے اکابر سے منقول ہیں، مثلاً:

[1] شیخ عبدالجلیل بن محمد القیروانی التونسی رحمہ اللہ کی کتاب ’شفاء الاسقام ومحو الآثام فی الصلوٰۃ علیٰ خیر الانام صلی اللہ علیہ وسلم‘ ترجمہ: استاذ الحدیث علامہ زاہد محمود صاحب جامعہ قاسم العلوم، ملتان۔ اس کتاب میں 6018 الہامی درود پاک نقل کر کے انہیں ہفتے اور مہینے کی ترتیب میں تقسیم کیا گیا ہے۔

[2] رمضان المبارک کے تیس دنوں پر مشتمل ”عباداتِ رمضان المبارک“ کے نام سے جس پر نظرثانی اور اضافہ یادگارِ اسلاف نائب مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور مولانا فضل الرحیم اشرفی صاحب کا ہے، ادارۃ القاسم سے شائع ہوئی۔

[3] اعمالِ رمضان المبارک: علامہ ارشد حسن ثاقب صاحب کی کتاب، ادارۃ القریش سے شائع ہوئی، جس میں رمضان کے تیس دنوں کی تیس عبادات کا تذکرہ ہے۔

[4] دلائل الخیرات: شیخ ابو عبداللہ سید محمد سلیمان جزولی رحمہ اللہ کی کتاب ’پورے ہفتے کی عبادات‘ پر مشتمل ہے۔

[5] الحزب الاعظم: شیخ علی بن سلطان القاری رحمہ اللہ کی 280 صفحات کی کتاب جس کا ترجمہ مولانا عاشق الٰہی میرٹھی رحمہ اللہ نے کیا ہے، اس میں بھی ہفتے کے سات دنوں کی عبادات موجود ہیں۔

[6] مناجاتِ مقبول: حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کی 80 صفحات پر مشتمل کتاب۔ جس میں پورے ہفتے کی عبادات کو خاص دن اور خاص وقت کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

[7] البرکات المکیۃ فی الصلوات النبویۃ: شیخ الحدیث مولانا محمد موسیٰ روحانی بازی رحمہ اللہ کی کتاب ’جو 804 درود پاک کا مجموعہ ہے۔ یہ بھی ہفتے کے سات دنوں میں پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے۔

[8] ذریعۃ الوصول الیٰ جناب الرسول صلی اللہ علیہ وسلم: مخدوم محمد ہاشم سندھی ٹھٹھوی رحمہ اللہ کی کتاب، جس کا اردو ترجمہ مولانا یوسف لدھیانوی رحمہ اللہ نے کیا ہے۔ یہ بھی خاص دنوں میں خاص درود پاک پر مشتمل ہے۔

[9] حزب الرسول صلی اللہ علیہ وسلم: مولانا محمد صادق سیالکوٹی رحمہ اللہ کی کتاب، جس میں دنیا و آخرت کی تمام بھلائیوں کیلئے ہفتے کے سات دنوں پر تقسیم کر کے مخصوص اذکار دیے گئے ہیں۔ 336 صفحات۔

[10] مناجاۃ الفقیر الیٰ مولاہ الغنی الخبیر: مفتی مختار الدین شاہ صاحب خلیفہ مجاز حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا نور اللہ مرقدہ کی ہفتے کے ساتھ دنوں میں خاص مناجات پر مشتمل کتاب۔

اگر عبقری کی ”تیس روزے تیس عبادتیں“ من گھڑت ہے تو کیا آپ درج بالا عظیم علماء و محدثین کی ان کتابوں کے من گھڑت ہونے پر بھی متفق ہو سکتے ہیں؟

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026