کچھ عرصہ پہلے ماہنامہ عبقری میں شیخ ابوالحسن شاذلیؒ کا ایک زبردست عمل شائع ہوا کہ اگر سانپ یا بچھو نے کاٹ لیا ہو تو بسم اللہ حروف مقطعات کی صورت میں اور اس کے بعد’’ سَلَامٌ عَلٰی نُوْ حٍ فِی الْعٰلَمِیْنَ‘‘ لکھ کر دھو کر پلائیں‘ زہر اتر جائے گا اور مریض صحت یاب ہو جائے گا۔
بعض لوگ کہتے ہیں عبقری میں دئیے جانے والے وظائف کی کوئی سند نہیں ہوتی۔آئیے دیکھتے ہیں کہ درج بالا عمل کے متعلق مزید تین جلیل القدر علماءوالیائے کرامؒ کے کیا تاثرات ہیں؟
امام ابوالقاسم قشیریؒ(مکتبہ شافعیہ) لکھتے ہیں کہ:جس شخص کو سانپ اور بچھو سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو‘ وہ صبح و شام یہ آیت ’سَلَامٌ عَلٰی نُوْ حٍ فِی الْعٰلَمِیْنَ‘‘ پڑھ لے تو محفوظ رہے گا۔(بحوالہ تفسیر القریشی المعروف بہٖ لطائف الاشارات فی تفسیر القرآن‘ناشر:دارالکتب العلمیہ‘ بیروت لبنان)
علامہ کمال الدین دمیریؒ فرماتے ہیں کہ: سانپ اور بچھو نے حضرت نوحؑ سے وعدہ کیا تھا کہ جو شخص آپؑ کا نام لے گا‘ ہم اسے نقصان نہیں پہنچائیں گے۔لہذا ’’ سَلَامٌ عَلٰی نُوْ حٍ فِی الْعٰلَمِیْنَ‘‘سانپ اور بچھو سے حفاظت کے لئے اکسیر المجرب ہے۔(بحوالہ:حیات الحیوان‘ احکام تعویذات صفحہ 39‘ مصنف:مفتی محمد ہاشم خان مدنی(مکتبہ بریلویہ)ناشر:مکتبہ بہار شریعت‘ داتادربار ‘لاہور۔)
حضرت علامہ ابو محمد عبداللہ یافعی یمنی ؒ(مکتبہ حنفیہ)لکھتے ہیں کہ اگر کوئی شخص بچھو کے لئے سَلَامٌ عَلٰی نُوْ حٍ فِی الْعٰلَمِیْنَ پڑھ لے تو اس کی ایذاء سے بچا رہے گا۔(بحوالہ کتاب:اسرار رحمانی صفحہ 219‘ مترجمـ:مولانا رحیم بخش صاحب دہلوی‘ ناشر:مشتاق بک کارنر‘ اردو بازار‘ لاہور۔)
