آخر عبقری کو الہام کہاں سے ہوتا ہے ؟ پول کھل گیا!

لوگ کہتے ہیں کہ عبقری والے پتہ نہیں کہاں کہاں سے من گھڑت باتیں لاتے ہیں جس کا ثبوت قرآن سے ملتا ہے اور نہ حدیث سے، یہ اولیائے کرام کی طرف منسوب من گھڑت الہامات ہوتے ہیں۔ تو محترم قارئین! یہ الہامات کا سلسلہ عبقری کا خود ساختہ نہیں بلکہ ہمارے معتمد علمائے کرام میں اس کی بے شمار مثالیں موجود ہیں ایک ایسے ہی مسند قال پر بیٹھے صاحب حال بزرگ کے الہام کا تذکرہ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کی زبانی پڑھیے اور اپنی کم علمی کا رونا روئیے۔۔۔۔!

حدیث’’مسلسل زمانی‘‘کے بارےمیں حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم اپنا ایک واقعہ بیان کرتے ہیں، جو انہوں نے اپنی کسی کتاب میں لکھا ہے، فرماتےہیں کہ میں ایک مرتبہ جدہ میں کسی کانفرنس میں شریک تھا، مجھے چار پانچ گھنٹے کا وقت مل گیا، میں نے ٹیکسی لی اور عمرے کیلئے چلا گیا، عمرے پر جانے کے بعد جب سیڑھیوں سے اتر رہا تھا تو وہاں ایک طالب علم میرے انتظار میں کھڑا تھا، اس نے مجھ سے کہا: آپ کو شیخ یاسین فادانی یاد فرمارہے ہیں اور انہوں نے مجھ سے کہا ہے کہ آپ کو فلاح جگہ مولانا تقی صاحب دامت برکاتہم ملیں گے، ان کو میرے پاس بلائیے۔

شیخ یاسین فادانی کو اساتذہ جانتے ہیں شاید آپ نہیں جانتے ہوں گے، وہ جامع المسانید تھے، بڑے بڑے مشائخ ان کے پاس حدیث کی سند لینے جاتے تھے، اصلا ً انڈونیشاکے تھے اور مکہ مکرمہ میں مقیم تھے۔ مولانا تقی صاحب دامت برکاتہم طالب علم سے فرمانے لگے: شیخ کو کیسے پتہ چلا کہ میں آیا ہوں؟ طالب علم نے جواب دیا: یہ تو مجھے معلوم نہیں لیکن شیخ نے مجھے یہ بتایا ہے کہ آپ فلاں دروازے کے پاس کھڑے ہوجائیں، وہاں آپ کو تقی صاحب دامت برکاتہم ملیں گے، ان کو لائیے گا۔

جب مولانا تقی صاحب دامت برکاتہم شیخ کے پاس پہنچے تو شیخ یاسین فادانی صاحب نے فرمایا: اصل میں میرے پاس ایک حدیث ’’مسلسل بیوم عاشورا‘‘ ہے اور آج عاشورا کا دن ہے، میں نے سوچا کہ آپ کو بلائوں اور آپ کو ’’حدیث مسلسل بیوم عاشورا ‘‘ کی اجازت دوں، اس لیے کہ یہ دن سال میں ایک مرتبہ آتا ہے معوم نہیں آئندہ سال آپ زندہ ہوں گے یا نہیں؟ میں زندہ رہوں گا یا نہیں؟ زندہ ہوں گے تو یہاں موجود ہوں گے یا نہیں؟ اس لیے میں نے آپ کو تکلیف دی، مولانا تقی صاحب دامت برکاتہم نے فرمایا: کہ حضرت! آپ کو پتہ کیسے چلا کہ میں آیا ہوں؟ وہ فرمانے لگے: بس باقی باتوں کو چھوڑ دیں، آپ حدیث کی اجازت لیں۔ کبھی کبھی اللہ تعالیٰ الہام فرماتے ہیں اور وہ الہام اعلیٰ درجے کا ہوتا ہے۔

عبقری میں بزرگوں کےالہامات کی داستان کوئی کہانی نہیں بلکہ ایک سچی حقیقت ہے !

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2025