مولانا محمد ابراہیم صاحب دہلوی لکھتے ہیں کہ: وَلِكُلٍّ وِّجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيْهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرٰتِ ؕ اَيْنَ مَا تَكُوْنُوْا يَاْتِ بِكُمُ اللّٰهُ جَمِيْعًا ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ ۔ اول آخر 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کے اس آیت کو 1217 دفعہ پڑھیں اور عمل مکمل ہونے پر سوا سیر شیرینی نابالغ بچوں کو تقسیم کر دیں۔ ان شاء اللہ 3 دن میں مقصد حاصل ہو جائے گا
(بحوالہ کتاب: طبِ روحانی صفحہ 93 ناشر: رابعہ بک ڈپو، اردو بازار لاہور)
مولانا اعجاز احمد سنگھانوی لکھتے ہیں: کہ مفرور شخص کو جلد واپس لانے کیلئے نہایت مجرب عمل یہ ہے کہ ایک کاغذ پر یہ کلمات لکھیں:
” بحقِ شیخ فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ "
لکھنے کے بعد پتھر کے نیچے دبا دیں۔ مفرور شخص کے واپس آنے پر اس پتھر کے وزن کے برابر شیرینی لے کر حضرت شیخ فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کو ایصالِ ثواب کی نیت سے بچوں میں تقسیم کر دیں
(بحوالہ کتاب: آسان عملیات و تعویذات، صفحہ 177 ناشر: کتب خانہ انور شاہؒ، کورنگی ٹاؤن کراچی)
مولانا محمد ازہر صاحب (استاذ الحدیث جامعہ خیر المدارس ملتان) لکھتے ہیں: استخارہ کرنے اور خواب میں اپنا معاملہ دیکھنے کیلئے 1100 مرتبہ "الرحیم” پڑھیں۔ پھر پانچ سو روپے کی شیرینی بچوں میں تقسیم کرتے ہوئے یہ نیت کریں کہ اس کا ثواب اولیاء اللہ کو پہنچے۔ کسی پرچے پر "الرحیم” لکھ کر اپنے سر کے نیچے رکھ کے سو جائیں، خواب میں معاملہ معلوم ہو جائے گا
(بحوالہ کتاب: مجرباتِ اکابرؒ صفحہ 201 ناشر: ادارہ تالیفاتِ اشرفیہ، چوک فوارہ ملتان)
