محترم قارئین! حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ اپنے دروس و بیانات میں ارشاد فرمایا کرتے ہیں کہ "دعائیں بھی تعاقب کرتی ہیں اور بددعائیں بھی تعاقب کرتی ہیں”۔ اللہ والو! برکت کے متلاشی بنو، کیونکہ اکثر والدین کی چھوڑی ہوئی جائیداد نسلوں کے کام نہیں آتی، لیکن برکت ہمیشہ کام آتی رہتی ہے۔ حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ کے ان ارشادات کے پیچھے دراصل وہ حدیثِ قدسی ہے، جس میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
اَنَا اللہُ، اِذَا رَضِیْتُ بَارَکْتُ، وَلَیْسَ لِبَرَکَتِیْ مُنْتَہٰی، وَاِذَا غَضِبْتُ لَعَنْتُ، وَلَعْنَتِیْ تَدْرِکُ السَّابِعَ مِنَ الْوَلَدِ
(ترجمہ) میں اللہ ہوں، جب کسی سے راضی ہو جاؤں تو برکت دیتا ہوں اور میری برکتوں کی کوئی انتہا نہیں۔ اور جب میں خفا ہوتا ہوں تو لعنت بھیجتا ہوں اور میری لعنت اس شخص کی ساتویں اولاد تک پہنچتی ہے۔ (مسند احمد، کتاب الزہد)
قارئین! گزشتہ دنوں ایک خاندان نے آکر حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ کے سامنے اس بات کا اقرار کیا کہ آپ کی تمام باتیں حقیقت پر مبنی ہوتی ہیں۔ تسبیح خانے کے دروس کی روشنی میں دیکھا جائے تو شاید ہمارے ساتھ بھی یہی معاملہ چلا آرہا ہے اور بڑوں کے کسی گناہ یا انہیں کسی سے ملنے والی بددعا کی وجہ سے ہمارے ہاں نسل در نسل تنگدستی منتقل ہو رہی ہے۔ ہم نے اپنے والد صاحب کو ہمیشہ تنگدستی میں دیکھا۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے بھی اپنے والد کو ساری عمر پریشانیوں اور تنگدستی میں دیکھا۔ حتیٰ کہ وفات سے چند دن پہلے انہوں نے اپنے بچوں کو پاس بٹھا کر روتے ہوئے کہا: اے غریب باپ کے غریب بچو! مجھے افسوس ہے کہ میں تمہارے لیے کچھ بھی چھوڑ کر نہیں جا رہا۔
اسی طرح ہمارے والد کے دادا بھی زمینداری کرتے تھے مگر ساری زندگی انتہائی غربت میں گزری۔ پھر ان کے والد پر بھی اتنی غربت تھی کہ سارا دن کھرپی کے ساتھ گھاس اکھاڑتے اور شام کو وہی گھاس گھوڑوں کی منڈی میں آنے، دو آنے کا فروخت کرتے۔ مسلسل کھرپی پکڑنے سے ان کا ہاتھ کھرپی کی مٹھی کی طرح ٹیڑھا ہو گیا تھا۔ یعنی پچھلی پانچ پشتوں سے ہمارے یہاں تنگدستی و غربت نے ڈیرے جما رکھے تھے۔ مگر آج سے دس سال پہلے ہمارے خاندان کا ایک فرد تسبیح خانے میں آنا شروع ہوا تو یہاں ہونے والے اعمال اور آپ دامت برکاتہم العالیہ کی دعاؤں کی برکت سے اللہ پاک نے ہمارے دن پھیر دیے۔ اب پتہ چلا ہے کہ خوشحالی کا تعلق محنت سے نہیں، بلکہ اللہ پاک کی رضامندی سے ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں تسبیح خانے کے پیغام "اعمال سے پلنے، اعمال سے بننے اور اعمال سے بچنے” کا سو فیصد یقین عطا فرمائے۔ آمین!
