بعض لوگوں کی طبیعت میں ضرورت سے زیادہ سختی ہوتی ہے وہ بہت سی جائز چیزوں کو بھی ناجائز اور حلال چیزوں کو بھی حرام کہہ جاتے ہیں اور ماڈرن معاشرے کے اس دور میں بھی یہ وبا بڑھتی جا رہی ہے جسے اعتراضِ بے جا کا نام دینا بالکل درست لگتا ہے یہی سب کچھ شبِ برأت کے روزے کے معاملے میں بھی ہوا کہ بعض دوستوں نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ تسبیح خانہ شبِ برأت کے دن جو روزہ رکھنے کی ترغیب دیتا ہے یہ تو روایت ہی ثابت نہیں ۔۔۔ ! ایسے کم علموں کی خدمت میں حضرت مولانا ابوجندل قاسمی صاحب (مدرسہ قاسم العلوم تیوڑہ، مظفر نگر، یوپی) کا علمی جواب پیش کرتے ہیں اللہ کریم ہمیں دین کی صحیح فہم عطا فرمائے۔
حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: جب نصف شعبان کی رات آجائے تو تم اس رات میں قیام کیا کرو اور اس کے دن (پندرہویں تاریخ) کا روزہ رکھا کرو؛ اس لیے کہ اس رات میں اللہ تعالیٰ سورج غروب ہونے سے طلوعِ فجر تک قریب کے آسمان پر نزول فرماتے ہیں اور ارشاد فرماتے ہیں کہ کیا ہے کوئی مجھ سے مغفرت طلب کرنے والا جس کی میں مغفرت کروں؟، کیا ہے کوئی مجھ سے رزق کا طالب کہ میں اس کو رزق عطا کروں؟ کیا ہے کوئی کسی مصیبت یا بیماری میں مبتلا کہ میں اس کو عافیت عطا کروں؟ کیا ہے کوئی ایسا؟ کیا ہے کوئی ایسا؟ اللہ تعالیٰ برابر یہ آواز دیتے رہتے ہیں؛ یہاں تک کہ سورج طلوع ہو جاتا ہے۔ (ابن ماجہ ص 99 ، شعب الایمان 3 / 378 ، حدیث 3822)
حضرت علی رضی اللہ عنہ کی مندرجہ بالا حدیثِ شریف پر عمل کرتے ہوئے امت میں پندرہویں تاریخ کے روزہ رکھنے کا معمول رہا ہے۔ اگرچہ وہ حدیث باتفاق محدثین انتہائی ضعیف ہے؛ کیونکہ اس کے ایک راوی ”ابوبکر بن عبد اللہ بن محمد بن ابی سبرہ“ پر حدیثیں گھڑنے کا الزام ہے۔ تاہم اس حدیث شریف کو موضوع نہیں کہا جاسکتا؛ کیوں کہ ابوبکر بن عبد اللہ پر حدیثیں گھڑنے کے الزام سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ یہ حدیث بھی اس کی بنائی ہوئی ہے، جس کی تین وجوہات ہیں:
(1) پہلی وجہ یہ ہے کہ اصولِ حدیث وغیرہ کی مختلف کتابوں میں صراحت ہے کہ کسی حدیث کی سند میں کوئی راوی متہم بالکذب یا متہم بالوضع پایا جائے تو محض اتنے سے وہ حدیث موضوع نہیں ہوجاتی، جب تک کہ کوئی دوسری دلیل اس کے موضوع ہونے پر دلالت نہ کرے؛ چنانچہ امام سخاوی رحمۃ اللہ فرماتے ہیں: "هَذَا مَعَ أَنَّ مُجَرَّدَ تَفَرُّدِ الْكَذَّابِ بَلِ الْوَضَّاعِ وَلَوْ كَانَ بَعْدَ الِاسْتِقْصَاءِ وَالتَّفْتِيشِ مِنْ حَافِظٍ مُتَبَحِّرٍ تَامِّ الِاسْتِقْرَاءِ غَيْرُ مُسْتَلْزِمٍ لِذَلِكَ بَلْ لَابُدَّ مَعَه من انضِمَامِ شَيْءٍ مِمَّا سَيَأْتِي” ترجمہ: محض کسی جھوٹے بلکہ وضاع حدیث کا کسی حدیث میں منفرد ہونا اس کو (یعنی حدیث کے موضوع ہونے کو) مستلزم نہیں، اگرچہ اس کا ثبوت کسی متبحر اور دیدہ ور حافظِ حدیث کی تحقیق سے ہوا ہو؛ بلکہ اس کے ساتھ کسی اور دلیل کا ملنا بھی ضروری ہے، جس کا ذکر آئندہ آرہا ہے۔ (فتح المغیث 2 / 68، باب محل الاجازة)
مثلاً: حدیث: "لَا تقولوا سورة البقرة إلخ” کو امام احمد رحمۃ اللہ نے منکر اور اس کے راوی ”عیس“ کو منکر الحدیث کہا ہے، جس کی وجہ سے علامہ ابن الجوزی رحمۃ اللہ نے اس حدیثِ شریف کو موضوعات میں داخل کردیا، تو علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ نے حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ کا اس پر سخت اعتراض نقل کیا ہے، فرماتے ہیں: "قَالَ ابنُ حجرٍ في آمَالِیِّہِ أَفْرَطَ ابنُ الجوزی في اِیْرَادِ ھٰذا الحدیثِ فی الموضُوعاتِ ولم یذْکُرْ مَسْتَنَدَہ اِلَّا قولَ احمد و تضعیفَ عُبَیْسٍ وھٰذا لا یقتضی وضعَ الحدیثِ“ یعنی ابن جوزی رحمۃ اللہ نے اس حدیثِ شریف کو موضوعات میں شمار کرکے تشدد سے کام لیا ہے اور دلیل میں حضرت امام احمد رحمۃ اللہ کے قول اور عیس کی تضعیف کے علاوہ کچھ اور ذکر نہیں کیا؛ لیکن یہ بات اس حدیث کے موضوع ہونے کا تقاضہ نہیں کرتی۔ (اللآلی المصنوعہ 1 / 218)
لہٰذا یہ بات واضح ہوگئی کہ پندرہویں شعبان کے روزے کی فضیلت والی حدیث کو محض اس وجہ سے موضوع کہنا کہ اس کے ایک راوی ”ابوبکر بن عبداللہ“ پر وضعِ حدیث کا الزام ہے، بالکل غلط ہے، خود مشہور اہل حدیث عالم مولانا عبدالرحمن مبارک پوری رحمۃ اللہ اس حدیث کو شبِ براءت کی فضیلت کے ثبوت میں پیش کرتے ہیں اور اس شخص پر حجت قائم کرتے ہیں جو یہ کہتا ہے کہ شعبان کی پندرہویں شب کی فضیلت ثابت نہیں، جیسا کہ ان کی عبارت اوپر گزر گئی، اگر یہ حدیث موضوع ہوتی تو ہرگز وہ یہ بات نہ فرماتے۔
(2) دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ حدیث شریف سنن ابن ماجہ کی ہے اور بعض حضرات نے سنن ابن ماجہ کی موضوع احادیث کی نشان دہی کی ہے اور اس سلسلے میں ایک رسالہ "مَا تَمَسُّ اِلَیْہِ الْحَاجَۃُ” لکھا ہے، جس میں ان تمام موضوع احادیث کو ذکر کر دیا گیا ہے؛ لیکن ان میں اس حدیث شریف کا ذکر نہیں ملتا۔
(3) درج بالا سطور میں تفصیل کے ساتھ یہ بات بیان کی گئی کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یہ حدیث موضوع نہیں، اس کو موضوع قرار دینا محدثین کے اصول کے خلاف نیز کم علمی کی دلیل ہے، ہاں یہ حدیث شریف ضعیف ضرور ہے؛ مگر اس کا ضعف اس پر عمل کرنے سے مانع نہیں؛ کیوں کہ محدثین نے اس کی بھی صراحت کی ہے کہ ”باب الفضائل“ میں ضعیف حدیث قابلِ قبول ہوتی ہے؛ چنانچہ امام احمد، عبدالرحمن بن مہدی اور عبداللہ بن المبارک رحمہم اللہ تعالیٰ کا قول منقول ہے: "اِذَا رَوَیْنَا فِی الْحَلَالِ وَالْحَرَامِ شَدَّدْنَا وَاِذَا رَوَیْنَا فِی الْفَضَائِلِ وَنَحْوِھَا تَسَاھَلْنَا” جب ہم حلال وحرام کے باب میں حدیث نقل کرتے ہیں تو مکمل احتیاط اور سختی سے کام لیتے ہیں اور جب فضائل وغیرہ کے باب میں روایت کرتے ہیں تو نرمی برتتے ہیں۔ (اللآلی المصنوعہ 1/ 99)
اسی طرح علامہ سیوطی رحمۃ اللہ فرماتے ہیں: "یَجُوْزُ عِنْدَ اَھْلِ الْحَدِیْثِ وَغَیْرِھِمُ التَّسَاھُلُ فِی الْاَسَانِیْدِ الضَّعِیْفَۃِ وَرِوَایَۃِ مَا سِوَی الْمَوْضُوْعِ مِنَ الضَّعِیْفِ وَالْعَمَلِ بِہٖ من غیرِ بَیَانِ ضُعْفِہٖ فِی غَیْرِ صِفَاتِ اللہ تعالی وَالْاَحْکَامِ کَالْحَلَالِ وَالْحَرَامِ” ترجمہ: محدثین وغیرہ کے نزدیک ضعیف سندوں میں تساہل برتنا اور موضوع کو چھوڑ کر ضعیف حدیثوں کو ان کا ضعف بیان کیے بغیر روایت کرنا اور ان پر عمل کرنا جائز ہے؛ مگر اللہ تعالیٰ کی صفات اور احکام مثلاً حلال وحرام کی حدیثوں میں ایسا کرنا جائز نہیں۔ (تدریب الراوی 1/ 298، النوع الثانی والعشرون المقلوب)
اس تفصیل سے یہ بات معلوم ہوئی کہ پندرہویں شعبان کے روزے کو نہ تو سنت قرار دینا مناسب ہے اور نہ بدعت؛ البتہ مستحب کہا جائے گا؛ کیوں کہ ایک ضعیف حدیث میں اس کی فضیلت مذکور ہے اور فضائل میں ضعیف حدیث قابلِ قبول ہوتی ہے۔
لہٰذا بہتر تو یہ ہے کہ ماہِ شعبان کے اکثر حصے کے روزے رکھے جائیں، یہ نہ ہو سکے تو ماہِ شعبان کے نصف اول کے روزے رکھے جائیں، یہ بھی نہ ہو سکے تو ایامِ بیض (13، 14، 15 شعبان) کے روزے رکھے جائیں اور اتنا بھی نہ ہو سکے تو کم از کم پندرہ شعبان کا روزہ تو رکھ ہی لے، یہ روزہ بھی ان شاء اللہ موجبِ اجر ہوگا۔
(ماہنامہ دارالعلوم، شمارہ 6، جلد: 99، شعبان 1436 ہجری مطابق جون 2015ء)
جی ہاں! تسبیح خانہ لاہور کی ایک ایک بات کے پیچھے قرآن وسنت کی مہر اور اکابرین کے دستخط موجود ہیں۔
