جس طرح طب اور دیگر علاج کرنے والوں کے اپنے تجربات اور مشاہدات ہیں اسی طرح عملیات کی دُنیا بہت وسیع ہے ،اس دُنیا میں ہزاروں لوگوں کے ہزاروں تجربات ہیں ان تجربا ت میں بہت سے ایسے طلسم ہیں جو کہ ہمارے اکابرینؒ کی کتابوں میں ملتے ہیں اور ان میں سے دو حروف اسٹار( ٭) اور ہیش(#) بھی ہیں جو کہ سالہا سال سے علاج اور معالجہ کیلئے عملیات میں ہمارے اکابرینؒ استعمال کرتے آئے ہیں چند کتابوں کی طرف نشاندہی کی جاتی ہے ملاحظہ فرمائیں:
شیخ ابوالعباس احمد علی بونی رحمہ اللہ کا شمار پراسرار علوم‘ اسرار اسماء الحسنی اور حروف کے اسرارو رموز وغیرہ کے اہم ترین عرب مصنفین میں ہوتا ہے۔ مشرق اور مغرب کے بڑے بڑے علماء نے آپ کی کتابوں سے استفادہ کیا ہے، آپ نے اس فن پر 50 سے زائد کتابیں لکھی ہیں، آپ نے اپنی کتاب میں اسٹار(٭) اور ہیش(#) کو لاعلاج بیماریوں سے علاج کیلئے، اندرونی امراض سے شفایابی کیلئے، دل،جگر جیسے حساس اعضاء کو سنگین بیماریوں سے بچانے کیلئے استعمال کیا ہے تفصیل کیلئے دیکھیں:
کتاب: شمس المعارف صفحہ 32 ،131،132،مصنف:شیخ ابوالعباس احمد علی بونی ؒ، ترجمہ: مولانا اقبال الدین احمد صاحب ،ناشر: دارالاشاعت کراچی)
امام جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ تفسیر جلالین اور تفسیر درمنثور کے علاوہ 500 کتابوں کے مصنف ہیں مایہ ناز محدث ہیں جن کے علمی فیضان سے ہر عالم استفادہ کرتا ہے آپ نے اپنی کتاب میں اسٹار (٭) ، ہیش(#) اور دیگر طلسمات سے بنے نقش کو بیماریوں، دکھوں، سے نجات، اور سلجن و سکھ حاصل ہونے کیلئے نہایت ہی مجرب مانا ہے تفصیل کیلئے دیکھیں:
(مجربات سیوطی ص236، مصنف:امام جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ، ناشر: دارالاشاعت کراچی۔)
عامل کامل اعجاز احمد خاں سنگھانویؒ صاحب نے اپنی کتاب میں اسٹار(٭) اور ہیش(#) کے ساتھ دیگر طلسمات کو کسی جگہ نوکری کیلئے دیے جانے والے انٹرویو میں کامیابی، مقدمات میں فتح یابی، روزگار کی ترقی، لوگوں میں عزت کیلئے مجرب مانا ہے ۔
(آسان عملیات و تعویذات، صفحہ نمبر 59+159،اعجاز احمد خاں سنگھانویؒ،کتب خانہ انور شاہ کراچی۔ شرح حزب البحر )
عامل کامل اقبال احمد نوری صاحب رحمہ اللہ نےاپنی کتاب میں اسٹار(٭) کے نشان کے تعویذ کو تلی کے تمام امراض سے حفاظت کیلئے نہایت آزمودہ قرار دیا ہے۔
(شمع شبستان رضا صفحہ نمبر41۔653۔713۔714، مصنف: عامل کامل اقبال احمد نوری صاحب رحمہ اللہ، ناشر: قادری رضوی کتب خانہ لاہور)
خواجہ اشرف علی صاحب نے اپنی کتاب میں اسٹار(٭) کے نشان کے خاص نقش کو حصول برکت، دشمنوں کی قید سے خلاصی کیلئے بہت ہی آزمودہ مانا ہے۔
(نقش سلیمانی صفحہ261، مصنف : خواجہ اشرف علی صاحبؒ ،ناشر: دارالاشاعت کراچی)
تسبیح خانہ کی کوشش یہ ہے امت کے دُکھوں کا مداوا ،غموں کا حل کیا جائے ہر اس چیز سے جوکہ شریعت کے مخالف نہ ہو اور ہمارے اکابرینؒ سے منقول ہو آئیے’’ اکابرؒ پر اعتماد ‘‘ کے پلیٹ فارم سے اس سکھ کے پیغام کو عام کرتے ہیں۔
