صحیح بخاری کو وظیفے کی نیت سے پڑھنے والے محدثین

محترم قارئین! ماہنامہ عبقری کے وظائف کے متعلق اکثر کہا جاتا ہے کہ کیا عبقری والوں پر اس وظیفے کے فوائد کی وحی نازل ہوئی تھی؟ ہم نے تو آج تک فلاں آیت کا فلاں کمال نہیں سنا تھا۔ ان سب حضرات کی خدمت میں احادیث کی مشہور کتاب ”صحیح بخاری“ کے متعلق جلیل القدر محدثین کے مشاہدات درج ہیں۔

امام ابو محمد بن ابی حمزہ رحمۃ اللہ علیہ کا فرمان ہے کہ صحیح بخاری جس حادثے اور جس تکلیف کے خاتمے کیلئے بھی پڑھی جائے گی، بے شک وہ حادثہ اور وہ تکلیف ضرور ختم ہوگی.

عالمِ اسلام کے عظیم مفسر امام ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بخاری شریف کو پڑھنے سے قحط سالی سے نجات ملتی ہے اور بارشوں کا نزول ہوتا ہے.

خدارا اپنے اکابر و اسلاف کی طرح اعمال سے بننے، پلنے اور بچنے کا یقین حاصل کریں.

استاذ المحدثین، امام سخاوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مشکلات اور مصائب سے چھٹکارا پانے کیلئے سلف صالحین سے ”صحیح بخاری“ کو ختم کرنے کے بکثرت واقعات ملتے ہیں.

شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: مشائخِ دین رحمہم اللہ اجمعین سے صحیح بخاری کو دفعِ بلیات اور قضائے حاجات کیلئے پڑھنا ثابت ہے اور ان مقاصد میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی، حتیٰ کہ بیماریوں سے صحت کیلئے بھی ثقہ علماء نے بخاری شریف کو پڑھا اور اپنے مقصود کو حاصل کیا.

شیخ تقی الدین ابن دقیق العید رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے میں جب تاتاریوں کا حملہ ہوا، تو شام کے حکمران نے انہیں پیغام بھیجا کہ مدرسے کے علماء سے بخاری شریف کا ختم کروائیں۔ چنانچہ ختم ہونے سے ایک روز پہلے ہی فتح ملی اور تاتاری فوج بھاگ کھڑی ہوئی۔

محترم قارئین! کیا نعوذ باللہ عبقری والوں کی طرح ان تمام شیوخ الحدیث پر بھی وحی نازل ہوئی تھی کہ بخاری شریف میں یہ یہ فوائد ہیں۔ آج تک صحیح بخاری سے روایت لینا تو سب نے سنا تھا، مگر بخاری شریف سے مسائل حل کروانے کا عبقری طریقہ کس کی ایجاد ہے؟

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026