محتاجی اور غربت کا خاتمہ: روزانہ بعد نمازِ عشاء اول و آخر 11 بار درود شریف اور 11 تسبیح "یَا مُعِزُّ” پڑھ کر دعا کیا کرے۔ اس کے علاوہ یہ وظیفہ بھی کیا جا سکتا ہے کہ: روزانہ بعد نمازِ عشاء اول و آخر 7 مرتبہ درود شریف اور درمیان میں چودہ تسبیح اور چودہ دانے یعنی 1414 مرتبہ "یَا وَھَّابُ” پڑھ کر دعا کیا کرے ان شاء اللہ تعالیٰ برکت ملے گی۔
آسیب لپٹ جانے سے حفاظت: سورہ مومنون کی آخری چار آیات "اَفَحَسِبْتُمْ اَنَّمَا خَلَقْنٰكُمْ عَبَثًا” سے "وَاَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ” تک پڑھ کر مریض کے کان میں دُم کرے اور پانی میں پڑھ کر بھی اس کو پلا دے۔ اس کے علاوہ سورہ الطارق 7 مرتبہ پڑھ کر مریض کے کان میں دم کرنا، یا دائیں کان میں اذان اور بائیں کان میں تکبیر کہنا بھی آسیب کو بھگا دیتا ہے۔
اٹکے ہوئے کاموں سے کفایت: 12 روز تک اس دعا کو روزانہ بارہ ہزار مرتبہ پڑھ کر دعا کیا کرے تو اگرچہ کیسا ہی مشکل کام کیوں نہ ہو، پورا ہو جائے گا! ان شاء اللہ۔ "یَا بَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعُ”
خاوند کی ناراضگی یا بے پروائی دور کرنے کیلئے: بعد نمازِ عشاء سیاہ مرچ کے 11 دانے لے کر خاوند کے مہربان ہونے کا تصور کرتے ہوئے اول و آخر درود شریف اور 11 تسبیح "یَا لَطِیْفُ یَا وَدُوْدُ” پڑھیں۔ پڑھنے کے بعد ان مرچوں پر دم کر کے انہیں تیز آگ میں جلا دیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں تو ان شاء اللہ تعالیٰ خاوند مہربان ہو جائے گا۔ یہ عمل کم از کم 40 روز تک کریں۔
بحوالہ کتاب: اشرف العملیات افادات حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ صفحہ 257 مرتب: مولانا محمد زید مظاہری ندوی، ناشر: مکتبہ رحمانیہ اردو بازار لاہور
محترم قارئین! درج بالا چاروں اعمال میں وظیفہ پڑھتے ہوئے تعداد کی پابندی بھی لازم ہے اور وقت کا تعین بھی خاص ہے۔ جو حضرات اس بات پر اعتراض کرتے ہیں کہ ماہنامہ عبقری میں غیر مستند وظائف کی مقررہ تعداد اور متعین اوقات بھی خود ساختہ ہوتے ہیں، انہیں چاہئے کہ حضرت حکیم الامتؒ کی تعلیمات پر غور کریں اور دیکھیں کہ موجودہ دور میں "عبقری” کیسے بہترین انداز سے مخلوقِ خدا کو اکابرینِ امت کے معمولات میں ڈھال رہا ہے۔ آج اس حقیقت کا پتہ چلا کہ جس طرح حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیہ کے ان مجرب وظائف کو غیر مستند، خود ساختہ اور من گھڑت نہیں کہا جا سکتا، اسی طرح عبقری کے وظائف پر بھی یہ غلط اعتراض کرنا بالکل بے بنیاد ہے۔
