(مولانا قاری عنایت الرحمن مدظلہ، مانسہرہ)
ہمارے استاد محترم مولانا محمد یوسف صاحب مدظلہ (کراچی) نے بتایا کہ انہیں مناظرِ اسلام مولانا سرفراز خان صفدرؒ کے ذریعے شیخ المشائخ حضرت مولانا حسین علی صاحب واں بھچراںؒ کا ایک ایسا عمل ملا ہوا ہے، جسے ہفتے میں صرف ایک مرتبہ کرنے سے اللہ پاک پورے ہفتے کی روزی کا انتظام اپنے غیب کے خزانے سے کر دیتا ہے۔ شیخ المشائخ حضرت مولانا حسین علی صاحبؒ کا چونکہ بہت بڑا مدرسہ تھا، اس لیے اس کے انتظام و انصرام کیلئے وہ اللہ پاک سے اسی عمل کے ذریعے رزق حاصل کیا کرتے تھے اور اپنے شاگرد علماء کو بھی یہی عمل سکھایا کرتے تھے۔ ہمارے استاد صاحب فرمانے لگے کہ یہ عمل کرتے ہوئے کبھی دل میں لالچ مت لانا، بلکہ ہفتے میں صرف ایک مرتبہ ہی عمل کرنا۔ توکل اور یقین والے شخص کو اس کے ذریعے ایسی روزی ملتی ہے، جس کے ذریعے اللہ پاک اس کی چھوٹی بڑی تمام ضروریات پوری کر دیتا ہے۔ وہ عمل یہ ہے کہ
دونوں ہاتھوں کی انگلیاں کھول کر آیت الکرسی درج ذیل طریقے سے پڑھیں:
- یا اللہ۔۔۔ اللہ لا الہ الا ھو (یہ پڑھ کر دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی بند کر لیں)
- الحی القیوم (یہ پڑھ کر دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کے ساتھ والی رنگ فنگر بند کر لیں)
- لا تأخذہ سنۃ ولا نوم (یہ پڑھ کر دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی بند کر لیں)
- لہ ما فی السموات وما فی الارض (یہ پڑھ کر دائیں ہاتھ کی شہادت والی انگلی بند کر لیں)
- من ذا الذی یشفع عندہ الا باذنہ (یہ پڑھ کر دائیں ہاتھ کا انگوٹھا شہادت والی انگلی کے اوپر بند کر لیں)
- یعلم ما بین ایدیھم وما خلفھم (یہ پڑھ کر بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی بند کر لیں)
- ولا یحیطون بشئ من علمہ الا بما شاء (یہ پڑھ کر بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کے ساتھ والی رنگ فنگر بند کر لیں)
- وسع کرسیہ السموات والارض (یہ پڑھ کر بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی بند کر لیں)
- ولا یؤدہ حفظھما (یہ پڑھ کر بائیں ہاتھ کی شہادت والی انگلی بند کر لیں)
- وھو العلی العظیم (یہ پڑھ کر بائیں ہاتھ کا انگوٹھا شہادت والی انگلی کے اوپر بند کر لیں)
اب آپ کے دونوں ہاتھ بالکل بند ہو گئے۔ اسی طرح بند رکھتے ہوئے اول و آخر ایک مرتبہ درود ابراہیمی کے ساتھ 3 یا 7 مرتبہ سورہ فاتحہ اس انداز سے پڑھیں کہ بسم اللہ الرحمن الرحیم کی آخری ’’میم‘‘ کو الحمد للہ رب العالمین کے ساتھ ملا کر پڑھنا ہے۔ یعنی بسم اللہ الرحمن الرحیمِ مِالْحمد للہ۔۔۔
جب تین یا سات مرتبہ پڑھ چکیں تو اس کے بعد پھر ایک مرتبہ سورہ فاتحہ مع تسمیہ اس انداز سے پڑھیں
الحمد للہ رب العالمین۔ الرحمن الرحیم (یہ پڑھ کر دونوں ہاتھوں کی چھوٹی انگلیاں کھول دیں) مالک یوم الدین (یہ پڑھ کر چھوٹی انگلی کے ساتھ والی رنگ فنگر کھول دیں) ایاک نعبد وایاک نستعین (یہ پڑھ کر دونوں ہاتھوں کی درمیانی انگلیاں کھول دیں) اھدنا الصراط المستقیم (یہ پڑھ کر دونوں ہاتھوں کی شہادت والی انگلیاں کھول دیں) صراط الذین انعمت علیھم، غیر المغضوب علیھم ولا الضالین۔ آمین (یہ پڑھ کر دونوں ہاتھوں کے انگوٹھے کھول دیں)
اب کھلے ہوئے ہاتھوں پر پھونک ماریں اور اپنے چہرے پر مل لیں۔ ان شاء اللہ ایک ہفتے کی غیبی حلال اور بابرکت روزی کا انتظام ہو جائے گا۔
(بحوالہ: مولانا قاری عنایت الرحمن صاحب دامت برکاتہم نے یہ عمل 10 محرم الحرام 2020ء کو عبقری تسبیح خانہ میں بتایا)
یاد رہے: اعمال سے پلنے کا یقین، عبقری تسبیح خانہ کا ایسا پیغام ہے جو صدیوں پہلے تمام اکابر سے چلا آرہا ہے۔ اگر انہی اکابر کے آزمودہ وظائف و عملیات حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ بتا دیں تو ان پر خود ساختہ اور من گھڑت وظائف کا فتویٰ لگا دینا چہ معنی دارد؟
