عبقری پر من گھڑت وظائف کا الزام لگانے والے تعلیماتِ اکابر سے ناآشنا ہیں انھیں یہ بھی پتا نہیں کہ من گھڑت کا مطلب کیا ہوتا ہے اگر یہی ہوتا ہے جو وہ بیان کرتے ہیں تو ان اعمال کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے جو نہ قرآن میں ہیں اور نہ ہی احادیثِ مبارکہ میں بلکہ ہمارے اکابر کے مشاہدات میں ہیں کیا یہ سب حضرات بدعتی تھے۔۔۔! عالم ربانی محدث کبیر حضرت مولانا سید حامد میاں صاحب بانی جامعہ مدنیہ جدید لاہور کی یاد میں نکلنے والے رسالے میں ذکر کیے جانے والے چند عملیات پیشِ خدمت ہیں:
حزب البحر سے جنات کو دور کریں
جادو اور جنات کے اثر کو رفع کرنے کیلئے حضرت جی رحمہ اللہ نے یہ وظیفہ بھی اسی مکتوب میں تحریر فرمایا ”دعائے حزب البحر“ جو مناجاتِ مقبول مطبوعہ تاج کمپنی کے آخر میں ہے صرف ایک بار پڑھتے رہیے، یہ سحر و جن کے علاج میں قوع التاثیر ہے، زیادہ سے زیادہ تین بار پڑھی جا سکتی ہے، صبح کے بعد عصر کے بعد اور مغرب کے بعد، ورنہ ایک مرتبہ فجر کے بعد بھی کافی ہوگی ان شاء اللہ! یہ دعا حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمہ اللہ کا معمول تھی۔
تین آیتیں پڑھیں اور تاثیرِ بے کمال پائیں
وسوسوں کے دفعیے کیلئے ایک عجیب التأثیر عمل حضرت جی نے تحریر فرمایا: دفعیہ وساوس وغیرہ کیلئے ہر نماز میں سلام سے پہلے (رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا) کی آیت اور (رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ) کی آیت ایک ایک بار پڑھ لیں، ان شاء اللہ بہت کافی ہوگی عجیب التأثیر ہے اور (رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا) والد صاحب رحمہ اللہ پڑھا کرتے تھے۔ (یہ مکتوب گرامی 9 جون 1977 کا ہے)
یہ استخارہ کریں اور ہر مسئلہ کا حل پائیں
حضرت جی اپنے ایک مکتوب میں تحریر فرماتے ہیں کہ میرا آزمودہ اور غالباً ہر ایک کیلئے بے خطا استخارہ تو وہ ہے جو روایاتِ صحیحہ میں اور ترمذی شریف اور بہشتی زیور میں ہے، جو ”اللہم انی استخیرک“ سے شروع ہوتا ہے دن رات میں کسی بھی وقت دو رکعت نفل پڑھ کر سات مرتبہ پڑھتے رہیں اور معاملہ خدا کے سپرد رکھیں تو خود بخود جو کام بہتر ہوگا اس کے ازغیب اسباب پیدا ہو جائیں گے! یا از غیب رکاوٹ پیش آ جائے گی! آپ کتنا بھی چاہیں گے وہ کام نہ ہو سکے گا! اس کے بعد نہ سونا نہ خواب بلکہ تفویض الیٰ اللہ ہی کی جاتی ہے!!!
اور اگر کسی کام میں عجلت ہو اور سات دن یا ہفتوں اس دعا کے پڑھنے کا موقع نہ ہو گھنٹوں میں کام طے کرنا ہو تو بھی ایک دفعہ دو رکعت پڑھ کر سات بار (یہ دعا) پڑھ کر وہ کام شروع کریں! اگر بہتر نہ ہوگا تو ہو ہی نہ سکے گا! ورنہ آسان ہوتا چلا جائے گا۔ باقی خواب والے استخارہ ایسے بے خطا نہیں ہوتے۔
وضاحت:
یہ استخارہ تو حدیث میں موجود ہے لیکن اس میں جو سات مرتبہ پڑھنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے وہ طریقہ موجود نہیں ہے۔
(ماہنامہ انوارِ مدینہ لاہور، ص 37 شمارہ مئی 2021ء، بیادِ حالِ ربانی حضرت مولانا سید حامد میاں صاحبؒ)
