(حافظ اسد محمود، باب الاسلام، کراچی)
بہت سے دوست کہتے ہیں کہ تسبیح خانہ میں ایسی کیا خصوصیت ہے کہ لوگ وہاں دنیا بھر سے کھنچے چلے آتے ہیں۔ تو آج میں ”اکابر پر اعتماد“ کے دوستوں کیلئے تسبیح خانہ میں کرایا جانے والا ایسا عمل عرض کرتا ہوں جسے کر کے اللہ کے فضل سے آپ بھی محروم نہیں رہیں گے اور یہی عمل تسبیح خانہ میں صبح و شام کروایا جاتا ہے۔۔۔!
کسی بھی وقت نمازِ حاجت کی نیت سے 12 رکعتیں ایک سلام کے ساتھ پڑھیں، آخری تشہد میں اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا بیان کریں اور آپ ﷺ پر درود پڑھ کر سجدہ کریں اور اس میں 7 مرتبہ سورۃ الفاتحہ اور 7 بار آیۃ الکرسی، 10 مرتبہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ اور ایک مرتبہ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْأَلُکَ بِمَعَاقِدِ الْعِزِّ مِنْ عَرْشِکَ وَمُنْتَھَی الرَّحْمَۃِ مِنْ کِتَابِکَ وَاسْمِکَ الْاَعْظَمِ وَجَدِّکَ الْاَعْلٰی وَکَلِمَاتِکَ التَّامَّۃِ پڑھیں اور پھر ہم اپنی ہر ضرورت طلب کریں سجدے سے سر اٹھا کر دائیں بائیں سلام پھیر دیں۔ فائدہ:
(1) آپ ﷺ نے فرمایا یہ عمل بے وقوف اور ناسمجھ لوگوں کو نہ سکھاؤ ورنہ وہ اُلٹی سیدھی دعائیں کرلیں گے اور وہ قبول ہوجائے گی (مستدرک حاکم)۔
(2) شیخ احمد بن حربؒ، ابراہیم بن علی الدبیلیؒ، شیخ ابوزکریاؒ اور امام حاکمؒ فرماتے ہیں کہ ہم نے اس نماز کا تجربہ کیا اور اسے صحیح پایا۔ علامہ ابن حجر عسقلانیؒ اور علامہ منذریؒ فرماتے ہیں کہ اس روایت پر تجربہ کی بنیاد پر عمل کیا جاتا ہے۔ (ترغیب وترہیب)
محترم قارئین! مرادیں یقین پر ہیں! اور اللہ کے فضل سے تسبیح خانہ اعمال پر یقین کی محنت کر رہا ہے!
ہے ناں ’اکابر پر اعتماد‘ کا کمال
جس سے آپ ہو جائیں گے مالامال
دین و دنیا بھی ہوگی خوشحال
اور آخرت بھی پر جمال و باکمال
