عبقری وظائف کی چونکا دینے والی اصلیت

محترم قارئین! شاہ اسماعیل شہید رحمۃ اللہ علیہ کے مرشد اور شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ شہیدِ بالا کوٹ حضرت سید احمد شہید بریلوی رحمۃ اللہ علیہ عالمِ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں، جنہیں دیوبندی، بریلوی، شیعہ اور اہل حدیث ہر مسلک کے لوگ مانتے ہیں۔ حضرت مولانا سید ابوالحسن علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ ان کے متعلق فرماتے ہیں کہ میرے جدِ امجد حضرت سید احمد شہید بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کو ”جہاد فی سبیل اللہ“ کی برکت سے اتنی اونچی نسبت اور مقام حاصل تھا کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے مرشد امام المحدثین حضرت مولانا شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ بھی اپنے مریدوں اور رشتہ داروں کو اصلاح، دعا اور توجہ کے لئے حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے پاس بھیجتے تھے۔

ذیل میں حضرت سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ کے ایسے وظائف درج کیے جا رہے ہیں، جو انہوں نے موقع کی مناسبت سے خاص تعداد مقرر فرما کر اپنے مریدین اور مجاہدین کو عنایت فرمائے۔ موجودہ دور میں ماہنامہ عبقری میں وظائف شائع ہوں تو کہا جاتا ہے کہ یہ من گھڑت اور خلافِ شریعت ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر عبقری کے وظائف خود ساختہ ہیں تو عبقری سے پہلے آنے والے تمام رسائل و کتب میں شائع ہونے والے وظائف کی کیا حیثیت ہے؟ الحمد للہ ہمیں اپنے اکابر پر مکمل اعتماد ہے کہ ان کے وظائف و عملیات خلافِ شریعت نہیں تھے، اور نہ ہی ان کی کتابوں سے حاصل کر کے عبقری میں شائع ہونے والے وظائف خود ساختہ ہیں۔

ایک بار حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے کچھ رشتہ داروں نے رزق کی تنگی کی شکایت کی تو حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان کو برکت والے روپے دیئے اور اُن کے ساتھ دو افراد اور تھے اُن کو یہ وظیفہ ارشاد فرمایا: اکتالیس دن تک ہر روز گیارہ ہزار بار یا مُغْنِیُ اور گیارہ ہزار بار یا بَاسِطُ پڑھیں۔ اور اس وظیفے کے اوّل اور آخر میں سات سات بار درود شریف اور سورہ فاتحہ پڑھیں۔ اکتالیس دن کے بعد یہ عمل بند کر دیں۔ اُن حضرات نے یہ عمل کیا تو ماشاء اللہ چند دن بعد اُن کی تمام تنگی بہت عجیب طریقے سے دور ہو گئی۔

(بحوالہ کتاب: وقائع احمدی صفحہ 921)

ایک صاحب جن کا نام ”محمد میاں“ تھا، انہوں نے حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور آپ کے رفقاء کی دعوت کی۔ اور پھر انہوں نے آپ رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں اپنی پریشانی عرض کی کہ ہماری قدیم جاگیریں انگریز حکومت نے ضبط کر لی ہیں، جبکہ ہمارے اخراجات اپنی پرانی طرز پر جاری ہیں جس کی وجہ سے ہم ہمیشہ قرضدار رہتے ہیں، حضرت ہمیں ایسی دعا بتا دیں کہ جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ قرض سے نجات بخشے اور ہماری گزر بسر خوبی سے چلے۔ حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ان کو یہ مؤثر اور طاقتور وظیفہ ارشاد فرمایا: پانچ سو بار درود شریف پڑھ کر گیارہ سو بار بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھیں اور آخر میں پھر پانچ سو بار درود شریف پڑھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا مقصد پورا کرے گا۔

ایک شخص نے حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے رزق میں وسعت اور برکت کا عمل پوچھا تو آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا: تم گیارہ سو بار یہ آیت پڑھا کرو: اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِیْنُ۔ اوّل آخر درود شریف

(بحوالہ کتاب: وقائع احمدی ص 541)

ایک شخص نے حضرت سید صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے عرض کی کہ میں روزی سے بہت تنگ حال ہوں؛ کچھ ایسا عمل ارشاد فرمائیں کہ روزی کشادہ ہو جائے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا: تم ہر روز گیارہ سو مرتبہ ”اللہُ الصَّمَد“ پڑھا کرو۔ اوّل آخر درود شریف جتنی بار ہو سکے۔ اللہ تعالیٰ تمہاری روزی میں برکت کرے گا.

(بحوالہ کتاب: وقائع احمدی ص 542 ناشر: سید احمد شہید اکیڈمی لاہور۔ باہتمام: سید نفیس الحسینی رحمۃ اللہ علیہ)

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026