محترم قارئین! چند سالوں سے ماہنامہ عبقری اور تسبیح خانے کے ذریعے مخلوقِ خدا کو ایک ایسا طاقتور اور مقبولِ بارگاہِ الٰہی وظیفہ ملا، جس کی برکت سے گمشدہ چیزیں واپس مل جاتی ہیں، جادو ٹوٹ جاتا ہے، جنات کا اثر پلٹ جاتا ہے اور گھریلو بے سکونی ختم ہو کر ایک پُرسکون محبت بھرا ماحول قائم ہو جاتا ہے۔ وہ وظیفہ یہ ہے!
يَا رَبِّ مُوسٰى يَا رَبِّ كَلِيمِ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
کچھ لوگوں کی طرف سے سوال موصول ہوا کہ ہمارے نبی تو امام الانبیاء حضرت محمد رسول اللہ ﷺ ہیں۔ ہم حضرت موسٰی علیہ السلام کے نام کا وظیفہ کیوں پڑھیں؟ تو میرے محترم دوستو! اوّل بات تو یہ ذہن نشین کر لیں کہ اس وظیفے میں حضرت موسٰی کلیم اللہ علیہ السلام کو نہیں پکارا گیا، نہ ہی ان سے مدد مانگی گئی ہے۔ بلکہ اس کا مفہوم یہ ہے کہ: اے حضرت موسٰی علیہ السلام کے رب! اے وہ مشکل کشا ہستی! جس کے ساتھ وہ (کوہِ طور پر) کلام کرتے تھے، میں بھی تیرے اسمائے حسنیٰ (اللہ، رحمن اور رحیم) کے وسیلے سے تیری مدد چاہتا ہوں۔
وظائف میں برگزیدہ ہستیوں کا نام:
دوسرا یہ کہ کسی بھی دعا یا وظیفے میں جب مخلوقِ خدا میں سے کسی برگزیدہ ہستی کا نام آتا ہے تو ہمارے اکابر محدثینؒ فرماتے ہیں: اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس عظیم رب العالمین سے خیر و برکت کی بھیک مانگ رہے ہیں، جس کے سامنے انبیاء، اولیاء اور فرشتوں جیسی بڑی بڑی ہستیاں بھی مجبور اور محتاج تھیں۔ جیسا کہ مسنون دعاؤں کی کتب میں حضورِ خاتم النبیین ﷺ کی ایسی کئی دعائیں ملتی ہیں، جن میں اللہ تعالیٰ کے سامنے سوال کرتے ہوئے مخلوق میں سے برگزیدہ ہستیوں کا نام لیا گیا ہو۔ مثلاً
3 نبیوں کے نام والی مسنون دعا:
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو بندہ ہر نماز کے بعد اپنے دونوں ہاتھوں کو پھیلائے پھر کہے (اللہم الہی والہ ابراھیم واسحق ویعقوب والہ جبریل ومیکائیل واسرافیل اسئلک ان تستجیب دعوتی فانی مضطر وتعصمنی فی دینی فانی مبتلی وتنالنی برحمتک فانی مذنب وتنفی عنھا الفقر فانی متمسک) تو اللہ تعالیٰ اس کے ہاتھوں کو نامراد نہیں پھیرتا۔ (بحوالہ: میزان الاعتدال وعمل الیوم واللیلہ لابن السنی)
فرشتوں کے نام والی دعا:
حضرت ابوسلمہ بن عبدالرحمن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: نبی اکرم ﷺ جب رات کو قیام کرتے تو کون سی دعا پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: آپ ﷺ یہ دعا پڑھتے تھے: اللہم رب جبرئیل ومیکائیل واسرافیل فاطر السموات والأرض عالم الغیب والشهادة أنت تحکم بین عبادک فیما کانوا فیه یختلفون اھدني لما اختلف فیه من الحق بإذنک إنک تھدي من تشاء إلی صراط مستقیم (بحوالہ: صحیح مسلم / 770)، سنن ابی داؤد / کتاب الصلاۃ 121 (767)، سنن الترمذی / الدعوات 31 (3420)، سنن النسائی / قیام اللیل 11 (1626)، (تحفۃ الاشراف: 17779)، وقد أخرجہ: مسند احمد (6 / 156) (علامہ ناصر الدین البانیؒ نے اس حدیث کو ”حسن“ قرار دیا ہے)
نمازِ فجر میں برگزیدہ ہستیوں کے نام والی دعا:
حضرت ابوملیحؒ اپنے والد (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ فجر کی نماز پڑھی تو آپ ﷺ نے سلام پھیرنے کے بعد وہیں بیٹھے بیٹھے تین مرتبہ یہ دعا پڑھی: اَللّٰهُمَّ رَبَّ جِبْرِائِيْلَ، وَإِسْرَافِيْلَ، وَمِيْكَائِيْلَ، وَمُحَمَّدٍ النَّبِيِّ ﷺ أَعُوْذُ بِكَ مِنَ النَّارِ (أخرجه ابن السني في عمل اليوم والليلة (103)، والبزار 3101 كشف الأستار، والدارقطني في الأفراد، والحاكم 3/ 622)، والطبراني (1 / رقم: 520) (وابن حجر في نتائج الأفكار)
روح الامینؑ کے نام والا وظیفہ:
حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ وتروں کے بعد حضور سرورِ کونین ﷺ یہ دعا تین مرتبہ پڑھا کرتے اور تیسری مرتبہ پڑھتے ہوئے آواز بلند ہو جاتی۔ سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوْحِ (بحوالہ: صحیح مسلم، سنن ابو داؤد، سنن نسائی)
حضرت نوحؑ کے نام والا وظیفہ:
حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں: جو شخص رات کو سونے سے پہلے تین مرتبہ یہ کلمات پڑھتا ہے، اسے بچھو اور دیگر زہریلے حشرات الارض نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ صَلَّى اللّٰهُ عَلٰى نُوْحٍ وَّعَلٰى نُوْحٍ السَّلَامُ
(بحوالہ کتاب: غنیۃ الطالبین، تصنیف: محبوبِ سبحانی حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ، ناشر: مکتبہ رحمانیہ، اردو بازار لاہور)
حضرت دانیالؑ کے نام والا وظیفہ:
حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ سے منقول ہے: جب تم کسی جنگل و ویرانے میں ہو اور کسی درندے کا خطرہ ہو تو یہ کلمات پڑھو۔ أَعُوْذُ بِرَبِّ دَانِيَالَ وَالْجُبِّ مِنْ شَرِّ الْأَسَدِ ترجمہ: میں پناہ چاہتا ہوں حضرت دانیال اور کنویں کے رب کی، شیر کے حملے سے۔
(بحوالہ: کنز العمال 417، ابن السنی 308، مکارمِ خرائطی جلد 2 صفحہ 959، الدعاء المسنون صفحہ 360 تصنیف: مفتی ارشاد صاحب قاسمی، زمزم پبلشرز کراچی)
دعا قبول کروانی ہے تو ان الفاظ میں مانگو:
حضرت اسود عامری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص نماز کے بعد اللہ تعالیٰ سے ان الفاظ کے ساتھ دعا مانگے (اللہم الہی والہ جبریل ومیکائیل واسرافیل اسئلک ان تستجیب دعوتی فانی مضطر وتعصمنی فی دینی فانی مبتلی وتنالنی برحمتک فانی مذنب وتنفی عنی الفقر فانی متمسک) تو اللہ تعالیٰ اس کے ہاتھوں کو خالی نہیں لوٹاتا (رواه الحافظ ابو بکر بن السنی فی عمل الیوم واللیلة)
دشمن سے خوف ہو تو یہ دعا پڑھیں:
اَللّٰهُمَّ إِلٰهَ جِبْرِائِيْلَ وَمِيْكَائِيْلَ وَإِسْرَافِيْلَ وَإِلٰهَ إِبْرَاهِيْمَ وَإِسْمَاعِيْلَ وَإِسْحَاقَ عَافِنِيْ وَلَا تُسَلِّطَنَّ أَحَدًا مِّنْ خَلْقِكَ عَلَيَّ بِشَيْءٍ لَّا طَاقَةَ لِيْ بِهِ ترجمہ: یا اللہ! اے جبرئیل، میکائیل، اسرافیل (علیہم السلام) کے معبود، اور اے ابراہیم، اسماعیل اور اسحاق (علیہم السلام) کے معبود، مجھے عافیت عطا فرمائیے اور اپنی مخلوق میں سے کسی کو مجھ پر کسی ایسی چیز کے ساتھ مسلّط نہ فرمائیے جس کے مقابلے کی مجھ میں طاقت نہ ہو۔ (بحوالہ کتاب: حصنِ حصین، مصنف: امام محمد بن محمد الجزریؒ، ترجمہ: مولانا عاشق الٰہی بلند شہریؒ، ناشر: خزینہ علم و ادب اردو بازار لاہور)
آسمانوں کی عظمت والا وظیفہ:
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے: جو شخص یہ دعا پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اس کے غم کو دور کر دے گا۔
اَللّٰهُمَّ رَبَّ السَّمٰوَاتِ السَّبْعِ وَرَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِيْمِ اكْفِنِيْ كُلَّ مُهِمٍّ حَيْثُ شِئْتَ وَمِنْ أَيْنَ شِئْتَ
ترجمہ: اے ساتوں آسمانوں اور عرشِ عظیم کے رب! میری تمام پریشانیوں میں تو کافی ہو جا، جس طرح چاہے اور جہاں سے چاہے۔ (بحوالہ کتاب: کنز العمال جلد 2 صفحہ 176)
عظیم ہستیوں کے نام والا وظیفہ پڑھنا سنت ہے:
پس ان مسنون دعاؤں اور درج بالا احادیث کی معتبر اسناد سے ثابت ہوا کہ اپنے وظائف اور دعاؤں میں اللہ تعالیٰ سے مانگتے ہوئے کسی بھی برگزیدہ ہستی کا نام لینا غیر شرعی نہیں، بلکہ عین سنت ہے۔ نہ اس سے عقیدے میں فرق آتا ہے اور نہ ہی حضور سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔
یاد رکھیں! ماہنامہ عبقری وظیفے بناتا نہیں، بلکہ صدیوں پرانے اکابر و اسلاف کے وظیفے آپ کو بتاتا ہے۔ عبقری اور تسبیح خانے میں بیان کیے جانے والے حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ کے تمام وظائف کے قرآن و سنت اور اکابرینِ امت سے مستند دلائل جاننے کیلئے فیس بک پیج ”اکابر پر اعتماد“ وزٹ کریں۔
