عبقری میں ذکر کردہ جناتی حملوں کی تیرہویں دلیل
جنات کی کارستانیوں کے مستند واقعات کے سلسلہ کی بارہویں دلیل میں آپ نے پڑھا کہ خواتین کی ماہواری میں بھی ’’جنات‘‘ حملہ آور ہو جاتے ہیں آج تیرہویں دلیل میں آپ پڑھیں گے کہ جس وقت بھی آپ جمائی لیتے ہیں اس وقت بھی جنات آپ پر حملہ کر دیتے ہیں۔ ’’ماہنامہ عبقری میں علامہ لاہوتی صاحب کے ذکر کردہ اس جناتی حملے کی دلیل مشہور و معروف کتب حدیث میں جس میں ذکر کیا گیا ہے کہ جمائی کے وقت منہ پر ہاتھ رکھنے سے جنات سے حفاظت ہوتی ہے۔
حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے۔ تم میں سے جو کوئی چھینک کر ’’الحمدللہ‘‘ کہے تو سننے والے پر حق ہے یوں کہے ’’یرحمک اللہ‘‘ اللہ تعالیٰ تم پر رحم فرمائے۔ جمائی شیطان (جنات) کی طرف سے ہے، تم میں سے جب کوئی جمائی لے تو حتی الامکان اسے روکے کیونکہ تم میں کوئی (جمائی کے وقت منہ کھول کر) کہتا ہے ’’ہا‘‘ تو اس سے شیطان (جن) خوش ہوتا ہے۔ جب تم میں سے کوئی جمائی لے تو اپنا ہاتھ منہ پر رکھ لیا کرے کیونکہ شیطان (جن) جمائی کے ساتھ اندر گھس جاتا ہے۔
(کتاب الاذکار)
عبقری کا مشن ہی یہ ہے کہ انسانیت کے دکھوں کو بانٹا جائے اور زیادہ سے زیادہ جنات کے حملوں سے بچایا جائے۔ عبقری میں ذکر کردہ جناتوں کے انسانوں پر حملوں کے مستند حوالہ جات ’’اکابر پر اعتماد‘‘ کے دوست اگلی قسط میں ملاحظہ فرمائیں۔
