تسبیح خانہ میں درس شبِ جمعہ میں کیوں ہوتا ہے؟ راز سے پردہ ہٹ گیا۔۔۔!

بہت سے کم علم، اور نا آشنا حضرات کو یہ غلط فہمی تھی کہ تسبیح خانہ سے شبِ جمعہ کے جو فضائل بیان کیے جاتے ہیں ان میں بہت زیادہ مبالغہ ہوتا ہے ایسے دوستوں کو اکابر کی زندگی کے کچھ حوالہ جات عرض کیے جاتے ہیں!

رسول اللہ ﷺ کا یہ فرمان منقول ہے: ’’اے علیؓ! جب شبِ جمعہ ہو تو رات کے آخری تہائی حصے میں ہمت کر کے اٹھ جا، کیوں کہ یہ مقبول گھڑی ہے اور اس میں دعا قبول کی جاتی ہے‘‘۔ (مستدرک علی الصحیحین، حدیث نمبر 1190)

جمعہ کی رات قبولیتِ دعا کی رات ہے لہٰذا دعا کا خوب اہتمام کریں حضرت یعقوب علیہ السلام نے اپنے بیٹوں سے فرمایا تھا ’’سوف استغفر لکم ربی‘‘ یعنی عنقریب میں اپنے پروردگار سے تمہارے لئے مغفرت کی دعا کروں گا‘‘ ترمذی کی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت یعقوب علیہ السلام کی مراد یہ تھی کہ شبِ جمعہ کا انتظار ہے وہ آجائے تو دعا کروں گا کیونکہ وہ قبولیت کی رات ہے۔ حضرت بابا فرید گنج شکرؒ فرماتے ہیں کہ سورہ طہ شبِ جمعہ میں 3 مرتبہ پڑھنے سے ایسا معلوم ہوگا کہ خداوندِ تعالیٰ خود کلام فرما رہے ہیں۔ (کتاب سوانح شانِ بابا فرید گنج شکرؒ)

حضرت امام غزالیؒ فرماتے ہیں کہ جمعرات کی عصر کے بعد دعا اور استغفار و تسبیح میں مشغول رہو یہ گھڑی اس بابرکت وقت کے برابر ہے جو وقت جمعہ کے دن نا معلوم ہے، بعض بزرگ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک خاص فضل ہے جو اس شخص کو ملتا ہے جو شبِ جمعہ کی رات اور دن میں اس کو طلب کرے سفید کپڑے پہنے اور خوشبو تیار رکھے۔

پیرانِ پیر شیخ عبدالقادر جیلانیؒ فرماتے ہیں کہ شیخ ابوعبداللہ بن بطہ اور شیخ ابوالحسن جزری اور ابوحفص عمر برکتی کہتے ہیں کہ شبِ جمعہ افضل ہے، ان کی دلیل یہ ہے کہ جمعہ کی رات دن کے تابع ہے اور جو بھی جمعہ کے دن کی فضیلتیں ہیں وہ ساری کی ساری اس رات کو بھی حاصل ہونگی، اور جمعہ کے دن کی فضیلت شبِ قدر کے دن سے بہت زیادہ ہے اس لیے جمعہ کی رات بھی بزرگی میں شبِ قدر سے بڑھ کر ہے۔

دوسری دلیل: جنت میں جمعہ کی رات ہوگی کیونکہ اللہ تعالیٰ جمعہ کے دن اپنی زیارت سے اپنے بندوں کو مشرف یاب کرے گا۔

تیسری دلیل: دنیا میں بھی یہ بات پائی جاتی ہے کہ جمعہ کی رات تو آنکھوں کے سامنے دکھائی دیتی ہے اور شبِ قدر کا یہ حال نہیں معلوم۔ اور یہ جو کہا گیا ہے کہ شبِ قدر کی رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ اس میں جمعہ کی رات شامل نہیں ہے۔ اور بعض بزرگ فرماتے ہیں کہ جس رات میں قرآن شریف نازل ہوا اس رات کے علاوہ شبِ جمعہ تمام راتوں سے بہتر ہے۔ (غنیۃ الطالبین ص 362)

یہ بات تو واضح ہے کہ شبِ جمعہ کی رات نہایت بزرگی و کمالات کی حامل ہے اور ان ہی فضائل کو حاصل کرنے کیلئے تسبیح خانہ لاہور میں شبِ جمعہ کو ذکر، درس کیلئے اجتماع کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اور اس میں شریک ہونے والوں کی مرادیں پوری ہوتی ہیں۔۔۔!

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026