دس محرم کو کیے جانے والے وظائف کا ثبوت

محترم قارئین ! ماہنامہ عبقری میں ماہ محرم الحرام میں کی جانے والی عبادات یا وظائف کے متعلق جو آرٹیکل شائع ہوتے ہیں، ہمارے اکابر و اسلاف سے وہ تمام وظائف ثابت ہیں ۔ دراصل حقیقت یہ ہے کہ قرب قیامت کے اس فتنوں بھرے دور میں ہمارے نزدیک قرآن وسنت اور اکابرین امت سے جڑے تمام اعمال مشکوک ہوتے جارہے ہیں جو کہ ایک افسوس ناک امر ہے۔ حالانکہ چاہئے تو یہ تھا کہ روز بروز جس قدر مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ہم دعائیں، تسبیحات اعمال اور وظائف بھی بڑھا دیتے کیونکہ اس اُمت کے تمام سلف صالحین ہر وقت قبولیت والے لمحات کی تلاش میں رہتے تھے ۔ وہ لمحات چاہے رمضان المبارک کی راتیں ہوں یاذوالحجہ کے ابتدائی ایام محرم الحرام ہو یا شب برآت ۔۔۔ ہمیں بھی شک و شبہے میں مبتلاء ہونے کی بجائے انہی اعمال پر واپس لوٹنے کی ضرورت ہے۔ محی السنة، قاطع البدعة امام الاولیاء حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ جو شخص عاشوراء کے دن کسی یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ پھیرے گا اللہ تعالیٰ اس کیلئے ہر بال کے عوض ایک ایک درجہ جنت میں بلند فرمائے گا۔ (بحوالہ : غنیۃ الطالبین، جلد 2 صفحہ 53 ناشر: نعمانی کتب خانہ اُردو بازار لاہور ) اسی طرح حضرت غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : جو شخص عاشورہ کے دن غسل کرے تو وہ کسی لاعلاج مرض میں مبتلا نہیں ہو گا سوائے مرض الموت کے (بحوالہ : ایضاً) محدث شہرت علامہ محمد عبد الرؤف المناوی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : عاشورہ کے دن اللہ تعالیٰ تو بہ و استغفار کرنے والے کی توبہ قبول کرتا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو وحی کے ذریعے حکم ہوا کہ اپنی قوم کو کہیں کہ وہ دس محرم کو میری بارگاہ میں تو بہ واستغفار پیش کریں۔ میں ان کی مغفرت فرماؤں گا ( بحوالہ : فیض القدیر شرح جامع الصغیر جلد 3 صفحہ 34 ناشر : دارالحدیث قاہرہ)
عبقری میں بیان کردہ محرم الحرام کے نوافل کا ثبوت

آج برصغیر پاک و ہند میں جہاں کہیں بھی علم حدیث کا غلغلہ ہے اس کا سہرا حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے سر پہ سجا ہوا ہے۔ محرم الحرام کی عبادات کے متعلق حضرت محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ جو شخص محرم الحرام کی شب عاشورہ میں چار رکعت نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد 50 مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے تو مولا کریم اس کے 50 برس گزشتہ اور 50 برس آئندہ کے گناہ بخش دیتا ہے اور اس کیلئے ملاء اعلیٰ میں ایک ہزار محل تیار کرتا ہے ( بحوالہ کتاب: ما ثبت من السنۃ صفحہ 16 ناشر: مکتبہ دار الاشاعة بالمقابل مولوی مسافر خانہ کراچی) قطب الارشاد حضرت مولانا مظفر علی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ یکم محرم کے دن دو رکعت نماز نفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے۔ سلام کے بعد ہاتھ اٹھا کر یہ دعا پڑھے۔ اللہ تعالیٰ اس کے اوپر دو فرشتے مقرر کر دیگا تا کہ وہ اس کے کاروبار میں اس کی مدد کریں اور شیطان لعین کہتا ہے کہ افسوس ! میں اس شخص سے تمام سال ناامید ہوا۔ وہ دعا یہ ہے: اللهم انتَ الْاَبْدُ الْقَدِيمُ وَ هَذِهِ سَنَةٌ جَدِيدَةٌ اَسْئَلُكَ فِيهَا الْعِصْمَةَ مِنَ الشَّيْطَنِ الرَّجِيمِ وَالْآمَانَ مِنَ السُّلْطَانِ الْجَابِرِ وَ مِنْ شَرِّ كُلِّ ذِى شَرٍ وَ مِن الْبَلَاءِ وَالْأَفَاتِ وَاسْتَلْكَ الْعَوْنَ وَالْعَدْلَ عَلَى هَذِهِ النَّفْسِ الْأَمَارَةِ بِالسُّوءِ وَالْاِشْتِغَالِ بِمَا يُقَرِّبُنِي إِلَيْكَ يَابَرُ يَا رَؤُفُ يَا رَحِيمُ يَا ذَالْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ (بحوالہ کتاب: جواہر غیبی ، ناشر : مطبع منشی نول کشور لکھنو ) مولا نا محمد الیاس عادل صاحب لکھتے ہیں کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: جو شخص یکم محرم الحرام کی شب میں چھے رکعت نوافل پڑھے اور ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورۃ الفاتحہ کے بعد دس دس مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس شخص سے چھے ہزار بلائیں دور کرے گا اور چھے ہزار نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھوا دے گا. ( بحوالہ کتاب: بارہ مہینوں کی نفلی عبادات صفحه 15 ناشر : مشتاق بک کارنر اردو بازار لاہور )
گمشدہ چیزیں ڈھونڈنے میں ضرت امام الاولیاء کا خاص عمل

امام الاولیاء شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ کے جانشین حضرت مولانا عبید اللہ انور رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ ایک مرتبہ سیاہ کار بحری جہاز کے ذریعے عمرہ کیلئے روانہ ہوا تو کچھ رقم زاد راہ کے طور پر پاس تھی۔ عدن سے گزر کر خیال آیا تو اپنی اہلیہ محترمہ سے پوچھا انہوں نے کہا: رقم تو آپ ہی کے پاس تھی۔ میرے دل کو ذراسی بھی بے اطمینانی نہ ہوئی۔ میں نے سورۃ الضحی پڑھنا شروع کی اور چلنے لگا۔ آنکھوں کے سامنے ایک پرانی جراب آئی تو یاد آیا کہ وہ رقم تو اس میں رکھی تھی۔ پھر تصور ہی تصور میں ایک ڈرم نظر آیا۔ میں نچلی منزل پر چلا گیا۔ وہاں ایک کوڑا اٹھانے والا بیٹھا تھا، جو کہنے لگا کہ یہاں کچھ نہیں ہے۔ میں نے اس کی بات پر توجہ نہ کی اور غسل خانے میں داخل ہو گیا۔ اس نے آواز دی کہ ذرا ٹھہریں، مگر میں سورۃ الضحیٰ پڑھتا پڑھتا اندر چلا گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہی ڈرم کو نے میں موجود ہے، جس کے اندر کچرا وغیرہ بھرا ہوا تھا۔ میں نے جھک کر دیکھا تو وہی جراب پانی میں لت پت موجود تھی۔ اسے لے کر باہر آ گیا ۔ کوڑے والا جلدی سے اندر گیا اور ڈرم اٹھا کر سارا کچر اسمندر میں پھینک دیا۔ میں نے سوچا کہ اگر دومنٹ بھی لیٹ ہو جا تا تو رقم بھی کوڑے کے ساتھ ہی سمندر میں چلی جانی تھی، مگر سورۃ الضحیٰ کی برکت سے ساری رقم بیچ گئی۔ اہلیہ محترمہ کو بتایا تو انہوں نے بھی اللہ پاک کا شکر ادا کیا. ( ماخوذ از : ہفت روزہ خدام الدین 28 مئی 1971 بحوالہ کتاب: پرتاثیر واقعات صفحہ 46 قسط نمبر 324 ناشر: مکتبہ یادگار شیخ اردو بازارلاہور ) قارئین! درج بالا واقعہ پڑھ کے غور کریں کہ حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ جو چھوٹے بڑے تمام مسائل کے حل کیلئے عبقری اور تسبیح خانے کے ذریعے وظائف عنایت فرماتے ہیں، کیا یہ کوئی ان کی ذاتی ترتیب ہے یا گزشتہ تمام اکابر کا معمول ؟ الحمدللہ عبقری کے تمام وظائف قرآن وسنت کے عین مطابق ہیں، جن پر خواص اور عوام پوری دلجمعی سے عمل کرتے ہیں۔
ایسا عجیب و غریب پانی جسے پلانے سے قریب المرگ بچہ زندہ ہو گیا

امام الاولیاء شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ کے فرزند ارجمند حضرت مولانا عبیداللہ انور صاحب رحمتہ علیہ فرماتے ہیں کہ جن اکابر سے میں نے قرآن وحدیث پڑھی ہے وہ سورۃ فاتحہ کو ہر مرض کیلئے شافی علاج قرار دیا کرتے تھے۔ ہمارے محلے میں ایک ماسٹر صاحب پڑھاتے تھے ان کا بیٹا سوکھ سوکھ کر کمزوری سے بالکل لاغر ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے کہا : اب اس پر مزید پیسے مت خرچ کریں یہ چند گھنٹوں کا مہمان ہے آرام سے اس کی جان نکلنے دیجئے۔ ماسٹر صاحب نے اپنی اہلیہ کو بچہ دے کر والد محترم حضرت لاہوری رحمتہ اللہ علیہ کے پاس بھیج دیا۔ وہ روتی ہوئی ہماری والدہ مرحومہ کے پاس پہنچی تو اسے دیکھ کر والدہ مرحومہ نے فرمایا: میں روزانہ فجر کی سنتوں اور فرضوں کے درمیان 41 مرتبہ سورۃ فاتحہ پڑھ کے پانی پر دم کرتی ہوں، تم مسلسل 40 دن تک یہ دم والا پانی اپنے لاعلاج بیٹے کو پلا دو ۔ اگر اللہ نے اس کی زندگی رکھی ہوئی ہے تو ڈاکٹروں کی باتوں کی کوئی پروا نہیں۔ خدا کی شان دیکھئے کہ کچھ ہی دنوں میں فرق پڑتے پڑتے 40 دن میں بچہ مکمل طور پر صحت مند ہو گیا ( وہ ابھی تک زندہ ہے ایک جگہ دکان پر کام کرتا ہے ) چالیس دنوں بعد وہ عورت زنانہ کپڑے پھل اور نوٹوں کا ہار لیے میری والدہ مرحومہ کے پاس آگئی ۔ والد محترم حضرت لاہوری رحمۃاللہ علیہ نے ہدیہ لینے سے انکار کر دیا اور فرمایا : ہم نے تمہیں کوئی دوا نہیں دی، کلام اللہ تو انہوں نے پڑھنا ہی ہوتا ہے ان کے دم میں تاثیر اللہ تعالیٰ نے ہی ڈالی اور تمہارے بچے کو شفاء اسی کلام مبارک سے ملی۔ پس تم اللہ کا شکر ادا کرو۔ وہ بے چاری سادہ عورت تھی، کہنے لگی : آج تک تو ہم جہاں بھی گئے، لوگوں نے ہم سے دم کرنے اور تعویذ دینے کے پیسے لیے ۔ بہر حال سورۃ فاتحہ کے اس جیسے سینکڑوں واقعات ہیں، جن میں لوگوں کو شفاء ملنے کا بیان ہے ۔ آپ کو بھی کبھی کوئی مرض پیش آجائے تو سورۃ فاتحہ کا یہ عمل ضرور آزمائیں میری طرف سے سب کو اجازت ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ روزانہ فجر کی سنتیں ادا کر کے 41 مرتبہ سورۃ فاتحہ مع اول آخر 3 بار درود شریف پڑھیں (ماخوذ از مجلس ذکر بحوالہ کتاب: پرتاثیر واقعات صفحہ 42 مصنف: مولانا ابواحمد طه مدنی ناشر: مکتبہ یادگار شیخ اردو باز از لا ہور ) نوٹ: قارئین ! سورۃ فاتحہ کایہ عمل حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ سالہا سال سے لوگوں کو عنایت فرمارہے ہیں۔ جو لوگ عبقری کے وظائف پر شک کرتے ہیں وہ اس بات کا مکمل اطمینان رکھیں کہ عبقریمیں کوئی بھی وظیفہ خود نہیں بنایا جاتا بلکہ اپنے اکابر و اسلاف ہی کا آزمودہ عمل بتایا جاتا ہے۔
ایک چھٹانک دال چاول سے پندرہ آدمیوں کی مہمان نوازی

محترم قارئین! جیسا کہ عبقری تسبیح خانے میں حضرت شیخ الوظائف دامت بر کاتہم العالیہ سالہاسال سے مخلوق خدا کو یہ سبق دے رہے ہیں کہ ہماری نظر اسباب کے ہوتے ہوئے بھی مسبب الاسباب یعنی اللہ پاک جل شانہ پر جمی رہے اور اعمال سے پلنے اعمال سے بنے اور اعمال سے بچنے کا یقین ہمارے دلوں میں پختہ ہو جائے ۔ ان تعلیمات پر عمل کرنے سے کیا فائدہ ہو گا؟ اور ہمارے مسائل اللہ تعالیٰ کے غیبی خزانوں سے کس طرح حل ہوں گے؟ آئیے دیکھتے ہیں! مولانا ابو احمد طه مدنی صاحب لکھتے ہیں کہ گرمیوں کے موسم میں پہاڑوں کی طرف تبلیغی جماعت کے ساتھ جانا ہوا۔ چونکہ رمضان کا مہینہ تھا اس لیے آٹا چاول وغیرہ نہ خریدے ۔ مشورے میں یہ طے پایا کہ جہاں جارہے ہیں، وہیں سے خرید لیں گے ۔ دو پہر کے وقت ہم اپنی مطلوبہ جگہ ایک پہاڑی پر پہنچے جہاں صرف پانچ مکان اور ایک مسجد تھی۔ کھانا پکانے کا نظام میرے ذمے تھا۔ میں نے راشن چیک کیا تو صرف ایک آدمی کیلئے چاول اور تھوڑی سی دال تھی ۔ دکان کی تلاش کیلئے نکلے تو معلوم ہوا کہ یہاں تو کوئی دکان نہیں راشن اسی پہاڑی سی ملے گا جسے ہم صبح کے وقت پیچھے چھوڑ آئے تھے ۔ ہمارا ر ہبر بھی واپس جاچکا تھا، اس لیے ہمارا کہیں آنا جانا ممکن نہیں تھا۔ عصر کے وقت چارلوگ مزید آگئے، جنہوں نے رات ہمارے ساتھ ٹھہرنے کا پروگرام بنالیا۔ اب جماعت میں کل پندرہ آدمی تھے، جن کی افطاری اور سحری کا انتظام کرنا تھا۔ میں نے پریشان ہو کر امیر صاحب سے مشورہ کیا تو انہوں نے فرمایا: کھانا میں خود پکاؤں گا تم ایک ساتھی کو لے کر قریبی جنگل میں چلے جاؤ۔ وہاں ہمیں کچھ جنگلی شہتوت اور زیتون زمین پر گرے ہوئے ملے جو ہم اٹھا کر لے آئے اور افطاری انہی سے کی۔اب امیر صاحب نے مجھے فرمایا کہ میں جو کچھ بھی کروں’ آپ خاموشی سے دیکھتے جانا۔ یہ کہ کر انہوں نے پانی سے بھر کر دو بڑے دیگچے چولہوں پر چڑھا دیے۔ ایک میں بس ایک چھٹانک دال چنا اور دوسرے میں قریب دو چھٹانک چاول ڈال کر کچھ پڑھنا شروع کر دیا۔ جب کھانا تیار ہو گیا تو مغرب کی نماز کے بعد دستر خوان لگایا گیا۔ پندرہ ساتھیوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا سحری کے وقت بھی امیر صاحب کچھ پڑھ رہے تھے، چنانچہ سحری بھی پندرہ ساتھیوں نے پیٹ بھر کر کھائی ۔ فجر کی نماز کے بعد جب میں نے دیگچے کھولے تو ان میں دال اور چاول ابھی تک بچے ہوئے تھے۔ میری حیرانی کو دیکھتے ہوئے امیر صاحب کہنے لگے : آج تک کتابوں میں تو آپ نے پڑھا تھا کہ جہاں کھانا کم ہونے کا ڈر ہو سورۃ یاسین شریف پڑھو۔ آج آپ سب نے اس کا عملی نمونہ بھی دیکھ لیا۔ (بحوالہ کتاب: پرتاثیر واقعات،صفحہ 40 ناشر: مکتبہ یاد گارشیخ اردو بازارلاہور )
زندہ دھوبی کے جسم پر جہنم کا عذاب

محترم قارئین ! عبقری میگزین کے سلسلہ وار کالم جنات کا پیدائشی دوست میں بعض اوقات عالم برزخ کے چند محیر العقول واقعات شائع ہونے پر کچھ لوگ حوالہ مانگتے ہیں کہ گزشتہ چودہ صدیوں میں کسی پر قبر کے حالات کیوں نہیں کھلے؟ ان کی خدمت میں گزارش ہے کہ جب ہم صحیح احادیث کا مطالعہ کرتے ہیں تو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کادو قبروں کے عذاب کی اطلاع دینے والا واقعہ بھی ملتا ہے اور بعد میں آنے والے اکابر و اسلاف میں سے بھی کئی ایسی ہستیوں کے واقعات سامنے آتے ہیں، جنہیں قبر کے حالات دکھا دیے جاتے تھے۔ جیسا کہ حکیم الاسلام حضرت قاری محمد طیب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ مجھے مولانا مصطفیٰ صاحب رحمۃ اللہ نے بتایا کہ دلی کے دریائے جمنا میں سیلاب آیا جس سے قریبی قبرستان کی کچھ قبریں اکھڑ گئیں۔ ایک قبر کھلی تو کچھ لوگوں نے دیکھا کہ ایک مردے کی پیشانی پہ ایک چھوٹا سا کیڑا ہے وہ جب ڈنگ مارتا ہے تو پوری لاش لرز جاتی ہے۔ تھوڑی دیر بعد لاش اپنی اصل حالت میں آجاتی ہے تو وہ دوبارہ ڈنگ مار دیتا ہے۔ پاس کھڑے لوگوں میں سے ایک دھوبی نے ایک کنکر پکڑ کے اس کیڑے کو مار دیا، مگر وہ کیڑا اپنی جگہ سے اچھلا اور اس دھوبی کی پیشانی پر ڈنک مارنے کے بعد وہیں جا کر لاش کو چمٹ گیا۔ اس ڈنک کی وجہ سے دھوبی چلانے لگا کہ مجھے ایسی تکلیف ہو رہی ہے، جیسے میرے جسم کے ایک ایک عضو میں ہزاروں لاکھوں سانپوں، بچھوؤں کے ڈنگ لگ رہے ہوں اور پورے جسم میں انگارے بھر دیے گئے ہوں ۔ چنانچہ وہ بے چارہ تین دن تک یونہی تڑپتے ہوئے انتقال کر گیا۔ مولانا مصطفیٰ صاحب رحمۃ اللہ فرمانے لگے : میں سمجھ گیا کہ وہ دنیا کا کیڑا نہیں بلکہ عالم برزخ کے عذاب کی ایک شکل ہے جس کیلئے روحانی علاج کرنا پڑے گا۔ لہذا میں اس قبر کے قریب جا کر بیٹھ گیا اور کچھ سورتیں (سورۃ یاسین اور سورۃ اخلاص وغیرہ) پڑھ پڑھ کے اس میت کو ہدیہ کرنا شروع کر دیا۔ ایسا کرتے ہی وہ کیڑا چھوٹا ہونا شروع ہو گیا اور کچھ ہی دیر کے مسلسل ایصال ثواب سے وہ کیڑا بالکل ختم ہو گیا۔ اس پر ہم لوگ بہت خوش ہوئے کہ اللہ پاک نے اس میت کو عذاب سے نجات دے دی ہے۔ پس ہم نے اس کا کفن درست کر کے قبر برابر کردی. ( بحوالہ کتاب: پرتاثیر واقعات، صفحہ 246 مصنف: مولانا ابواحمد طه مدنی ناشر: مکتبہ یاد گار شیخ اردو بازار لاہور )
تسبیح خانے کے بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ والے عمل کا ثبوت

کچھ عرصہ پہلے عبقری تسبیح خانے میں حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ نے بسم اللہ الرحمن الرحیم بارہ ہزار مرتبہ پڑھنے کا ایک عمل ارشاد فرمایا تھا کہ جب ناممکن ترین مشکلات گھیر لیں اور پیچیدہ مسائل گھروں میں ڈیرہ جمالیں تو ان کے حل کیلئے پہلے دو رکعت نفل پڑھیں سلام پھیر کر ایک ہزار مرتبہ مکمل بسم اللہ پڑھیں ۔ پھر دو نفل پڑھیں، پھر ایک ہزار مرتبہ مکمل بسم اللہ ۔۔۔اس طرح 24 نوافل پڑھنے ہیں اور درمیان میں بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ پڑھنی ہے۔ یہ عمل ایک ہی نشست میں کرنا ہے یعنی جس دن یا جس رات شروع کریں، اسی دن مکمل کرنا ہے اور یہ عمل صرف ایک شخص نے کرنا ہے کئی افرادمل کر یہ عمل اجتماعی طور پر نہیں کر سکتے ۔ ہاں البتہ اپنا اپنا عمل گھر کا ہر فرد کر سکتا ہے۔ آیئے دیکھتے ہیں کہ اس عمل کے پیچھے کیسے کیسے جلیل القدر اکابر علمائے دین اور عظیم سلف صالحین کی دلیل موجود ہے۔ شہنشاہ عملیات حضرت علامہ خواجہ احمد دیر بی رحمتہ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : جو شخص مذکورہ بالا تر تیب کے مطابق بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ والا عمل کرے گا اس کی حاجت چاہے کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو اللہ تعالیٰ کے حکم سے پوری ہو جائے گی ( بحوالہ کتاب: مجربات دیر بی صفحہ 15 ناشر: فرید مبین پبلشرز ناظم آباد کراچی) حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : مذکورہ بالا تر تیب کے مطابق نوافل کے دوران بارہ ہزار دفعہ بسم اللہ پڑھنا ہر قسم کی حاجات کے پورا ہونے کیلئے ایک تجربہ شدہ عمل ہے (بحوالہ کتاب : اعمال قرآنی ،صفحہ 27 ناشر: حاجی شیخ غلام حسین اینڈ سنز’ تاجران کتب کشمیری بازار لاہور ) بقیۃ السف حضرت مولانا محمد یونس پالن پوری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : بعض صالحین سے منقول ہے کہ جس شخص کو کوئی حاجت ہو وہ مذکورہ ترتیب کے مطابق بسم اللہ الرحمن الرحیم والا عمل کرے اور درود شریف پڑھ کے اپنی حاجت پورا ہونے کا سوال کرے۔ ان شاء اللہ حاجت اس کی جس طرح کی بھی ہوگی، پوری ہو جائے گی ( بحوالہ کتاب: بکھرے موتی ، صفحہ 333 ناشر بلسم پبلی کیشنز، اردو بازار لاہور ) حضرت مولانا اقبال احمد نوری صاحب لکھتے ہیں کہ : بسم اللہ شریف کی برکات سے کون واقف نہیں؟ اگر کوئی شخص اپنی مراد پوری کروانا چاہے تو اسے چاہئے کہ تازہ وضو کر کے ( درج بالا ترتیب کے مطابق ) بارہ ہزار مرتبہ بسم اللہ شریف پڑھے ان شاء اللہ ہر مراد پوری ہوگی ۔۔۔ یہ آزمودہ اور مجرب عمل ہے۔ (بحوالہ کتاب: شمع شبستان رضا جلد 4 صفحه 73 ناشر : قادری رضوی کتب خانہ گنج بخش روڈ لاہور )
حضور سرور کونین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بولنے والے بتوں کے منہ سے تصدیق

مولانا عطاء المصطفیٰ جمیل صاحب لکھتے ہیں کہ اسلام کے ابتدائی دور میں جب حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کو کھلے عام تبلیغ کرنے کا حکم ہوا تو مکہ کے مشرکین کو یہ بات نہایت ناگوار گزری اور ابوجہل، شیبہ کعب اور کنانہ نعوذ باللہ ساحر اور کذاب جیسے برے برے الفاظ کہنے لگے۔ ان میں سے ایک نے ولید سے پوچھا کہ تمہارا کیا خیال ہے؟ وہ کہنے لگا کہ مجھے 3 دن سوچنے دو۔ ولید نے سونے چاندی کے دو بت بنائے ہوئے تھے۔ گھر جا کر اس نے مسلسل 3 دن ان کی پوجا کی اور کہنے لگا: اے میرے معبودو! میں اس عبادت کا واسطہ دے کر کہتا ہوں کہ مجھے بتاؤ محمد صلی علیہ وسلم سچے ہیں یا جھوٹے؟ اتنے میں مسفر نامی ایک کافر” جن بت کے اندر داخل ہو کر بولا : محمد صلی اللہ علیہ وسلم نبی نہیں ہیں، خبر دار ان کی تصدیق مت کرنا۔ ولید یہ سن کر خوش ہو گیا اور اگلے دن اپنا بت لے کر سب کے سامنے چلا گیا۔ سب نے اس بت کو سجدہ کیا۔ ساتھ ہی اس نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی بلا بھیجا ۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود بھی ساتھ تھے۔ جب سب لوگوں کے سامنے بت میں سے کافرجن کی آواز آئی تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : عبداللہ ! گھبرانے کی کوئی ضرورت السلام : نہیں، یہ قدرت کا ایک راز ہے۔ بہر حال اس محفل سے واپسی پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہت غمگین تھے ۔ اتنے میں انہیں ایک سبز لباس والا گھڑ سوار ملا جس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں سلام پیش کیا اور عرض کی: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! میں حضرت نوح علیہ السلام کے زمانے کا مسلمان جن ہوں ۔ کوہ طور میں رہتا ہوں ۔ گھر آیا تو میری بیوی آج والا واقعہ بیان کرنے لگی کہ مسفر نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کی ہے۔ لہذا میں اسی وقت نکل پڑا اور صفا و مروہ کے درمیان مسفر جن کو قتل کر کے اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوا ہوں میری تلوار سے اسی کا خون ٹپک رہا ہے۔ میرا نام مہین بن العجبر “ ہے۔ اگر آپ کی اجازت ہو تو اسی بت میں داخل ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی تصدیق کروں؟ فرمایا : ہاں ! چنانچہ دوسرے دن پھر کافروں نے اپنے بت ہبل کو سامنے رکھ کے سجدہ کیا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی بلا لیا ۔ پھر کہنے لگے: اے ہمارے معبود! یہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کیسے ہیں؟ آج بھی ان کی حقیقت بیان کیجئے۔ اتنے میں ہبل سے آواز آئی: اے مکہ والو! جان لو کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سچے نبی ہیں ۔ تم اور تمہارے بت جھوٹے ہیں ۔ تم لوگ گمراہ ہو۔ اگر تم محمدصلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان نہ لائے تو قیامت کے دن جہنم میں جاؤ گے۔ اٹھو اور محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق کرو کیونکہ یہ ساری مخلوقات میں سے افضل ہیں۔ ہبل کے منہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف سن کر ابو جہل غصے سے اٹھا اور اس بت کو توڑ دیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم وہاں سے خوشی خوشی تشریف لے آئے۔ ( بحوالہ کتاب: جامع المعجزات فی سیر خیر البریات صفحہ 27 ناشر: فرید بک سٹال، اردو بازار لاہور )
رجال الغیب کا قرآن وحدیث میں ثبوت
محترم قارئین اتسبیح خانے میں ہونے والے شب جمعہ کے درس ہدایت میں حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ بعض اوقات رجال الغیب اولیائے کرام کا تذکرہ فرماتے ہیں کہ ہماری اس کا ئنات میں کچھ ایسے مقربان بارگاہ الہی بندے بھی ہوتے ہیں، جن کی ڈیوٹیاں اللہ جل شانہ نے بعض مخصوص امور کی انجام دہی پر لگائی ہوتی ہیں۔ کچھ لوگ ایسی باتیں سن کر لاعلمی کی وجہ سے شرک کے شک میں پڑ جاتے ہیں، حالانکہ رجال الغیب ایک ایسا موضوع ہے، جس کے متعلق قرآن وسنت میں مکمل رہنمائی موجود ہے۔ اللہ پاک جل شانہ نے سورۃ النازعات میں فرمایا ہے: فَالْمُدَتِرَاتِ آمرا ” ایسے فرشتے جو امور کی تدبیر میں لگے رہتے ہیں۔ یعنی بارش برسانا تو اللہ جل شانہ کا کام ہے، لیکن کب اور کہاں برسانی ہے، اس پر باقاعدہ فرشتہ مقرر ہے۔ رزق دینا اللہ جل شانہ کی شان ہے، لیکن مخلوق تک رزق پہنچانے پر فرشتے مقرر ہیں۔ اولا د دینا اللہ جل شانہ کے اختیار میں ہے، لیکن حاملہ عورت کے پیٹ میں روح پھونکنے پر فرشتے کی ڈیوٹی لگی ہوئی ہے۔ بالکل اسی طرح رجال الغیب اولیائے کرام کیلئے بھی مخصوص ڈیوٹیاں مقرر ہیں، جو وہ پوری ذمہ داری سے نبھانے میں مصروف رہتے ہیں۔ ہمارے اکا بر کی کتابوں میں لکھا ہے کہ حضرت خضر اور حضرت الیاس علیہما السلام بھی رجال الغیب میں شامل ہیں۔ مولانا امداد اللہ انور جامعہ اشرفیہ لاہور لکھتے ہیں : اہل بیت کے شہسوار حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : حضرت خضر علیہ السلام اور حضرت الیاس علیہ السلام دونوں ہر سال موسم حج میں ملاقات کرتے ہیں اور ان کلمات پر علیحدہ ہوتے ہیں : بسم اللہ ماشاء الله لا يسوق الخير الا الله ، ما كان من نعمة فمن الله ،بسم اللہ ماشاء اللہ لا یصرف السوء الا الله ماشاء الله لا حول ولا قوة الا بالله یہ حدیث بیان کر کے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ جو شخص ان کلمات کو صبح و شام تین مرتبہ پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اسے غرق ہونے سے ،جل جانے سے، چوری ہونے سے،شیطان سے ، بادشاہ کے ظلم سے ، سانپ سے اور بچھو سے محفوظ رکھے گا. (دار قطنی صفحه ۲۲۵، تاریخ ابن عساکر صفحه ۷۴۰ ، تہذیب تاریخ دمشق صفحه ۱۵۵، اتحاف السعادۃ صفحہ ۱۱۲ ، البدایہ والنہایہ صفحہ ۳۳۳، کنز العمال صفحه ۳۴۰، در منشور صفحه ۲۴۰ ، لسان المیزان صفحه ۹۲۰، شرح السنه صفحه ۴۴۳ بحوالہ کتاب: تاریخ جنات و شیاطین صفحہ 225 ناشر : دار المعارف تحصیل جلال پور، ملتان)
برکت والی تھیلی کا حدیث میں ثبوت

محترم قارئین! پہلے دور کے تمام اولیاء صالحین پیسے رکھنے کیلئے تھیلی استعمال فرمایا کرتے تھے اللہ پاک جل شانہ نے یہ سعادت بھی حضرت شیخ الوظائف دامت برکاتہم العالیہ کو عطا فرمائی، جن کی پر خلوص محنت سے عبقری تسبیح خانے کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو اولیاء صالحین کی طرح تھیلی استعمال کرنے کی عادت پڑ گئی۔ اس کے بے شمار فوائد میں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ 129 مرتبہ سورۃ کوثر کے دم والی تھیلی سے پیسے بھی چوری نہیں ہوتے ۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ برکت والی تھیلی صحابہ کرام کے دور میں کس طرح استعمال کی جاتی تھی؟ مولا نا ہارون معاویہ صاحب لکھتے ہیں کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو اپنی فاقہ کشی دور کرنے کی ایک عجیب ترکیب سوجھی۔ انہوں نے کچھ کھجوریں لیں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں جاکر عرض کی : یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان میں برکت کی دعا فرما دیجئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کھجوروں کو اکٹھا کیا اور ان میں برکت کی دعا کر کے فرمایا: انہیں اپنے تو شہ دان میں رکھ لو اور جب کبھی ضرورت ہو، اندر ہاتھ ڈال کر نکال لیا کرو، اس توشہ دان کو نہ کبھی الٹنا، نہ ہی جھاڑنا۔ چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے ان کھجوروں کو ایک تھیلی میں رکھ لیا۔ جب ضرورت ہوتی، ان میں سے خود بھی کھاتے اور دوسروں کو بھی کھلاتے ۔ اس طرح انہوں نے بیسیوں من کھجوریں اندر سے نکال نکال کر فاقہ کش مسکینوں میں تقسیم فرمائیں۔ آپ اس تھیلی کو قیمتی سرمایہ سمجھتے ہوئے نہایت احتیاط سے اپنے پاس رکھتے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے 26 سال بعد جب حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی ، اس دن وہ تھیلی بھی گم ہو گئی۔ لہذا اس دن کے بعد ان کی برکت والی کھجوریں نکلنا بھی ختم ہو گئیں۔ سیرت کبری جلد 2 صفحہ 831 بحوالہ سنن ترمذی، بحوالہ کتاب: کتابوں کی لائبریری میں صفحہ 118 ناشر : مکتبہ بیت العلوم ، نابھہ روڈ، انار کلی بازار لاہور