عبقری کے پیغام کا اکابر اہلبیت سے ثبوت
(تحریر: مولانا حافظ محمد عطاء اللہ صاحب، فاضل جامعہ اشرفیہ لاہور)
آج ٹوٹتے ارمانوں، بکھرتے جذبات، مایوس کن حالات اور بڑھتے ناچاقی کے واقعات میں عبقری کا لوگوں کو وظائف پر آمادہ کرنا بہت ہی زیادہ مبارک عمل ہے جو کہ ہمارے اسلاف و اکابر کی زندگی میں نہایت ہی تفصیل کے ساتھ ملتا ہے۔ اہلبیت رضوان اللہ علیہم کے اعمال سے پلنے اور بچنے کے تین واقعات ہمیں عبقری کی ترتیب کی صداقت کا کچھ یوں یقین دلا رہے ہیں ۔
- وظائف کے ذریعے فقر سے بچنا: حیدرِ کرار حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم سے روایت ہے کہ جو شخص ہر روز صبح کو اور شام کو یہ کلماتِ طیبات ایک سو مرتبہ پڑھے گا وہ فقر و فاقہ سے محفوظ رہے گا، غنا کا دروازہ اس پر کھل جائے گا۔ دعا یہ ہے: لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ الْمَلِکُ الْحَقُّ الْمُبِیْنُ (طبِ روحانی، ص 226 مصنف: مولانا محمد ابراہیم دہلوی، ناشر: رابعہ بک ہاؤس اردو بازار لاہور)
- ہر قسم کے بخار سے نجات کا عمل: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو درد اور بخار کے وقت یہ دعا بتائی: بِسْمِ اللہِ الْکَبِیْرِ نَعُوْذُ بِاللہِ الْعَظِیْمِ مِنْ شَرِّ کُلِّ عِرْقٍ نَّعَّارٍ وَّمِنْ شَرِّ حَرِّ النَّارِ۔ (بحوالہ کتاب اسلامی وظائف، ص 193، مصنف محترم سید مزمل حسین نقشبندی، ناشر: ربانی پبلیکیشنز لاہور)
- دنیا و آخرت کی مصیبتوں سے نجات کا عمل: حضور ﷺ نے حضرت سیدہ زہراء بتول رضی اللہ عنہا کو حکم دیا کہ تم ہر صبح و شام پڑھا کرو: یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ فَاَصْلِحْ لِیْ شَاْنِیْ کُلَّہٗ وَلَا تَکِلْنِیْ اِلٰی نَفْسِیْ طَرْفَۃَ عَیْنٍ۔ اس کے متعلق فرمایا جو اس کو ہر صبح و شام پڑھتا رہے گا تو اللہ تعالیٰ اس کی دنیا و آخرت کی مصیبتوں اور رنج و غم سے نجات دے گا۔ (بحوالہ کتاب راحت و رحمت ص 52 مصنف مولانا صاحبزادہ عزیز الرحمن رحمانی، ناشر: حاشر پبلشرز کراچی) جو شخص صبح کی نماز کے بعد تیس مرتبہ اول آخر تین دفعہ درود شریف کے ساتھ پڑھے جمیع حاجات کے لیے مفید اور مجرب ہے۔ (بحوالہ کتاب آسان عملیات و تعویذات ج 3 ص 76، مصنف: عاملِ کامل اعجاز احمد خان سنگھانوی، ناشر: مظہر بک ڈپو کراچی)
عبقری کی ترتیب کون سی نئی ہے۔۔۔ اور کیا من گھڑت ہے ۔۔۔! اللہ پاک ہمیں اکابر کی طرز پر معاملہ فہمی عطا فرمائے۔
