1۔ ”گوشت تقسیم کرنا یا صدقہ کرنا“
نبی کریم ﷺ کا ہر اُمّتی کو گوشت کا عمل کرنے کا حکم! سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر بچہ اپنے عقیقہ کے بدلے گروی ہے اس کی طرف سے ساتویں روز ذبح کیا جائے“۔ (سنن نسائی: 4225)
اسی حدیث سے استدلال کرتے ہوئے علماء عقیقہ کے فرض ہونے کے قائل ہیں کیونکہ اس میں بچے کے عقیقہ کے بدلے گروی باقی رہ جانے کی بات ہے اور گروی رہنے کا مطلب علماء نے یہ بیان کیا ہے کہ جس لڑکے کا عقیقہ نہ کیا جائے اور وہ بلوغت سے پہلے مر جائے تو وہ قیامت کے دن اپنے ماں باپ کی سفارش (شفاعت) نہیں کرے گا۔ علماء نے بیان کیا ہے کہ جس طرح رہن رکھی ہوئی چیز کے بدلے کی ادائیگی ضروری ہے اسی طرح ذبح (عقیقہ) ضروری ہے۔
حیات الحیوان کے مصنف علامہ دمیریؒ کا ایک عجیب عمل!
گوشت کے 60 ٹکڑے اور ہر مصیبت دُور! شیخ بونیؒ نے اپنی کتاب ”اللمعۃ النورانیہ“ میں ایک عجیب راز کی بات لکھی ہے اور وہ یہ ہے کہ اگر کسی کو قتل یا عذاب وغیرہ سے اپنی جان کا اندیشہ ہو تو اس کو چاہئے کہ وہ ایک فربہ مینڈھا جو قربانی کے جانور کی طرح جملہ عیوب سے پاک و صاف ہو، حاصل کرے اور پھر اس کو کسی سنسان جگہ پر قبلہ رُخ کر کے جلدی سے ذبح کر دے۔ ذبح سے قبل یہ اہتمام ضرور کرے کہ ایک گڑھا کھود کر تیار رکھے تاکہ اس مینڈھے کا تمام خون اس گڑھے میں جمع ہو جائے اور پھر اس گڑھے کو مٹی سے اچھی طرح دبا دیا جائے تاکہ اس کا خون کسی کے پاؤں کے نیچے نہ آئے۔ اس کے بعد اس کے گوشت کے 60 حصے کرے۔ سری پائے، کلیجی اور کھال وغیرہ بھی تقسیم کر دے لیکن اس کے گوشت میں سے کچھ بھی نہ تو خود کھائے اور نہ اپنے اہل و عیال و دیگر رشتہ داروں کو کھلائے۔ بونیؒ نے لکھا ہے کہ ایسا کرنے سے (انشاء اللہ) اللہ تعالیٰ کے حکم سے اس کے سر سے وہ بلا ٹل جائے گی۔ یہ اس کیلئے فدیہ ہو جائے گا جس تکلیف و مصیبت کا خدشہ ہو گا اس سے ان شاء اللہ محفوظ رہے گا۔ علامہ دمیریؒ فرماتے ہیں یہ عمل متفق علیہ اور مجرب ہے۔
(بحوالہ: حیاۃ الحیوان: جلد دوم، صفحہ 579)
یہی عمل چند الفاظ کی تبدیلی کے ساتھ کتاب ”لطف اللطیف، مولانا مسعود از ہر، مکتبہ عرفان“ میں بھی ذکر کیا گیا ہے۔
بیماری اور بُری موت سے بچنے کے لئے
دارالافتاء: جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن (مکتبہ دیوبند، فتویٰ نمبر: 143909201561)
سوال: کیا گوشت اور پیسوں کا صدقہ الگ الگ ہے؟
جواب: صدقہ اس مال کو کہتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کیلئے دیا جائے۔ صدقہ خواہ پیسوں کی صورت میں دیا جائے یا گوشت کی صورت میں، دونوں صورتوں میں صدقہ ادا ہو جاتا ہے اور دینے والا ثواب کا مستحق بن جاتا ہے۔ احادیث میں وارد ہے کہ صدقہ بیماریوں کو دُور کرتا ہے اور بُری موت سے بچاتا ہے۔
جانوروں کو گوشت ڈالنے کا عمل
دارالافتاء اہلسنت دعوتِ اسلامی (مکتبہ بریلوی، فتویٰ نمبر: 54)
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلے کے بارے میں کہ گھروں میں جانوروں کیلئے گوشت وغیرہ منگوایا جاتا ہے اور پھر گھر کے اوپری حصے میں صدقے کی نیت سے جانوروں کیلئے رکھ دیا جاتا ہے، ایسا کرنا درست ہے؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں اگر گھر کے اوپری حصے پر ایسے جانور ہیں جو گوشت کھا جاتے ہیں یا بلی وغیرہ ہے جو کھا جاتی ہے تو ایسا کرنا جائز ہے اور اچھی نیت ہو تو ثواب کی اُمید ہے۔
2۔ ”گوشت کو جسم سے ملنے کا حوالہ“
اللہ نے خود قرآن میں بنی اسرائیل کو گوشت کے عمل کا حکم دیا: مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ”معارف القرآن“ میں مرقات شرح مشکوۃ کے حوالہ سے سورۃ البقرہ کی تفسیر میں واقعہ اس طرح لکھا ہے کہ ایک شخص نے ایک شخص کی لڑکی سے شادی کی درخواست کی تھی مگر اس نے انکار کر دیا جس کی وجہ سے درخواست کنندہ نے اس کو قتل کر دیا تھا، قاتل لاپتہ تھا، اس کا کچھ پتہ نہیں چل رہا تھا، ایک دوسرے پر الزام تراشی ہو رہی تھی، قوم کے کچھ سمجھ دار لوگوں نے کہا اس میں لڑنے جھگڑنے کی کوئی بات نہیں ہے اللہ کے نبی حضرت موسیٰ علیہ السلام موجود ہیں ان سے معلوم کر لیا جائے۔ چنانچہ یہ لوگ موسیٰ علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے اور قتل کا پورا واقعہ بیان کیا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بحکم الہی ایک گائے ذبح کرنے اور اس کے گوشت کا ایک حصہ مُردے سے لگانے کیلئے فرمایا۔ بہت مین میخ اور آنا کانی کرنے کے بعد گائے ذبح کر دی اور اس کا ایک ٹکڑا مُردے سے لگا دیا۔ وہ مُردہ باذنِ الہی کچھ دیر کیلئے زندہ ہو گیا اور اس نے اپنے قاتل کا نام جو کہ خود اس کا بھتیجا تھا، بتا دیا اور پھر فوراً ہی اس کا انتقال ہو گیا، ادھر اس قاتل کو جس نے مال کی حرص میں اپنے چچا کو قتل کر دیا تھا، وراثت سے محروم کر دیا گیا۔
(معارف القرآن، جلد اول، صفحہ نمبر 244 تا 246، حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ، مکتبہ، ادارۃ المعارف کراچی)
اہم نوٹ: اس واقعہ کی اہمیت اتنی زیادہ تھی کہ اس سورہ کا نام اسی وجہ سے گائے کے نام پر ”بقرہ“ رکھا گیا۔ اس سورۃ کی 286 آیات ہیں اور صرف آیت نمبر 67 سے آیت نمبر 73 کے درمیان 7 آیات میں یہ واقعہ بیان ہوا ہے۔
اکابر دیوبند کے مجربات میں گوشت کے عمل کا حوالہ!
مفتی ظریف الدین قاسمی کے اپنے اور ان کے خاندان کے مسلسل معمولات میں گوشت جسم پر لگا کر صدقہ کرنا شامل تھا۔
(بحوالہ: اولیاء دیوبند، تذکرہ مفتی ظریف الدین قاسمی، صفحہ نمبر 129، مکتبہ رحیمیہ دیوبندی)
ہمارے اکابر مریضوں کا علاج کیسے فرماتے تھے؟
حضرت قاضی مفتاح اللہ عظیم کے پاس روحانی، جسمانی بیماریوں میں مبتلا لوگ آتے تھے اور حضرت ان مریضوں کا علاج جسم پر گوشت مل کر فرماتے تھے۔ اس کتاب میں اس عمل کا تفصیلی تذکرہ ہے۔
(بحوالہ: تذکرہ رجالِ وفا، ابووَفَا جمیل مفتاحی، تذکرہ حضرت قاضی مفتاح اللہ عظیم، جدید ایڈیشن، طباعت 1952ء، وفا پبلشرز، دریا گنج دہلی)
3۔ ”گوشت سر سے وار کر جانوروں کا ڈالنے کا عمل“
دارالافتاء جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن (مکتبہ دیوبند، فتویٰ نمبر: 144203200764)
سوال: ہمارے پڑوس میں ایک فیملی رہتی ہے تو وہ لوگ قصاب کی دُکان سے گوشت خرید کر اپنے بچے کے اوپر وار کر ہوا میں اُڑاتے ہیں جسے چیل کوّے وغیرہ دبوچ دبوچ کر کھاتے ہیں تو کیا یہ جائز ہے؟ اور ایسے لوگوں کیلئے اسلام میں کیا حکم ہے؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں اگر مذکورہ عمل نظرِ بد اُتارنے کیلئے کیا جاتا ہو اور اس میں کوئی فاسد عقیدہ نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
چیل کوّوں کو صدقے کا گوشت ڈالنا
دارالافتاء الاخلاص (مکتبہ دیوبند، فتویٰ نمبر: 13349)
سوال: میرے ایک دوست کہتے ہیں کہ کوّے اور چیلوں کو گوشت ڈالنے کی بجائے ان کو مارنا چاہئے۔ کیا ان کی یہ بات درست ہے؟
جواب: پرندوں اور جانوروں کو نفلی صدقے کا گوشت وغیرہ ڈالنا جائز ہے، عقیدے کی کسی خرابی کے بغیر محض ثواب کی نیت سے ایسا کیا جائے تو اس پر ثواب بھی ملتا ہے۔
صدقہ کا گوشت پرندوں (چیل، کوا وغیرہ) کو کھلانے کا حکم
دارالافتاء: جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن (مکتبہ دیوبند، فتویٰ نمبر: 144012201155)
سوال: چیل اور کوے کو صدقہ کا گوشت یا چھیچھڑا وغیرہ کھلانا کیسا ہے؟
جواب: نفلی صدقہ کا گوشت چھیچھڑا وغیرہ پرندوں (چیل، کوا وغیرہ) کو کھلانا جائز ہے اور اس پر ثواب بھی ملے گا البتہ صدقاتِ واجبہ (زکاۃ، صدقہ فطر اور کفارات وغیرہ) کا گوشت مستحق انسان کو ہی کھلانا لازمی ہے، صدقاتِ واجبہ کا گوشت وغیرہ کسی بھی جانور یا پرندے کو کھلانا جائز نہیں ہے۔
کالے بکرے یا مرغے کا صدقہ
دارالافتاء اہلسنت دعوتِ اسلامی (بریلوی مکتبہ، فتویٰ نمبر: 12676)
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کوئی شخص بیمار ہے تو اس کیلئے کہا جاتا ہے کہ سیاہ رنگ کا بکرا یا مرغا لے کر مریض کے سر پر 7 بار وار کر صدقہ کر دیں۔ اس طریقہ کے بارے شریعت مبارکہ کے کیا احکام ہیں؟
جواب: احادیث مبارکہ کے مفہوم کے مطابق صدقہ بلاؤں کو ٹالتا ہے اور بالخصوص جان کا صدقہ تو اس معاملے میں بہت ہی مؤثر و نفع بخش ہے۔ نیز بکری وغیرہ صدقہ کرنے کا ثبوت تو احادیث مبارکہ سے بھی ملتا ہے۔ لہذا ممکنہ صورت میں بیمار شخص کی طرف سے حسبِ استطاعت کوئی جانور صدقہ کر دینا چاہئے۔
4۔ ”گوشت کا مختلف عملیات میں استعمال“
خزینہ و دفینہ معلوم کرنے کا عمل: جو شخص دفینہ و خزائن پر مطلع ہونا چاہے تو ان آیتوں کو تانبے کے برتن پر مشک و زعفران سے لکھے پھر ہلیلہ زرد آبِ طوب خست پختہ و آبِ میوہ سبز سے اس کے حرف دھو کر سیاہ مرغی کا پتّہ یا سیاہ بطخ کا پتّہ اور 5 مثقال سُرمہ اصفہانی لے کر اس پانی میں ملا کر خوب باریک پیسے حتیٰ کہ وہ باریک سُرمہ ہو جائے اور رات کے وقت پیسا کرے تاکہ اس پر دھوپ نہ پڑے جب وہ سُرمہ بن جائے کانچ کی شیشی میں رکھ کر اور آبنوس کی سلائی سے اس کا استعمال اس طرح کرے کہ اوّل جمعرات کے دن روزہ رکھے جب نصف شب کا وقت ہو درود شریف پڑھے اور خاص آیات 70 بار پڑھے پھر اسی سلائی سے دونوں آنکھوں میں 3‘3 سلائی اس سُرمے کی لگائے اور داہنی آنکھ میں پہلے لگائے اسی طرح 7 رات تک کرے کہ دن میں روزہ رکھے اور رات کو درود شریف استغفار و آیات پڑھے اور سُرمہ لگائے اس شخص کو جو کچھ اشخاص روحانیہ نظر آئیں گے ان سے جو کچھ پوچھنا ہو پوچھو! وہ اس کے سوال کا جواب دیں گے۔
(بحوالہ: اعمالِ قرآنی، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ، ص 72، دارالاشاعت کراچی)
اولاد کے خواہشمندوں کے لئے عمل
جب عورت حیض سے فارغ ہو جائے تو بکری کا ایک فربہ بچہ ذبح کر کے دیگچی میں پکا کر اس کی یخنی دن میں پی لے اور ایک خاص آیتِ پاک وصاف برتن میں اس طرح لکھے کہ کوئی لفظ مٹا ہوا نہ ہو اور پھر اسے دھو کر وہ پانی بوقتِ جماع عورت پی لے۔ ان شاء اللہ اس عمل کی برکت سے استقرارِ حمل ہو جائے گا اور اولاد پیدا ہو گی۔
(بحوالہ: گنجینہ اسرار، حضرت مولانا انور شاہ کاشمیری، صفحہ نمبر 66)
اولادِ نرینہ کے لئے
نرینہ حمل کیلئے گوشت کا ایک ٹکڑا لے کر پکایا جائے پھر اس میں سے ایک حصہ الگ کر کے اس پر سورۃ الذاریات کی آیت نمبر 26 تا 30 کو 11 بار پڑھ کر عورت کو کھلایا جائے تو اللہ کے فضل سے بیٹے کی اُمید پیدا ہو جاتی ہے۔
(بحوالہ: طبِ روحانی، صفحہ 133، مصنف: مولانا ابراہیم دہلوی / طلسماتِ سلیمانی، سائیں لعل دین قیصر، صفحہ 452)
بکری کی دستی کے عمل سے دل میں محبت پیدا کریں
بکری کا دایاں بازو سالم دست لے اور ایامِ عروجِ ماہ میں یہ عمل کرے۔ بعد نمازِ جمعہ تنہا مکان میں ننگا مادر زاد ہو کر اس دست پر سورہ یٰس مع نام طالب و مطلوب کے جس قدر بھی جا سکے لکھے پھر ایک ہانڈی میں رکھ کر چولہے کے نیچے دفن کر دے کہ گرم رہے اور جلے نہیں۔ مطلوب کا دل طالب کے عشق میں بے قرار ہو گا اور اگر جل جائے گا طالب کو سوزش پیدا ہو گی۔ احتیاط شرط ہے، عمل مجرب ہے۔
(بحوالہ: بیاضِ محمدی، حضرت شیخ محمد محدث تھانویؒ، صفحہ: 35 مکتبہ اعزازیہ، دیوبند یوپی)
مرگی کے علاج کے لئے مرغ ذبح کریں
مرگی کے مریضوں کے لئے ازحد مفید عمل ہے۔ بالکل سفید یا بالکل سیاہ رنگ کے مرغ کو ذبح کرنے کے بعد زعفران سے یہ آیت ”فَسَيَكْفِيكَهُمُ اللَّهُ ۚ وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ“ لکھے اور گلے میں لٹکائے اور اس مرغ کا گوشت پکا کر لوگوں میں تقسیم کر دے اور شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کو ثواب ہدیہ کر دے۔
(خاندانِ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ اور علماء دیوبند و سہارنپور سے منسوب وظائف کی کتاب ”آسان عملیات و تعویذات“، عاملِ کامل اعجاز احمد خان سنگھانوی، جلد چہارم، صفحہ 159، کتب خانہ انور شاہ، کراچی)
اولاد زندہ نہ بچتی ہو تو کچا گوشت تقسیم کریں
اگر کسی شخص کی اولاد ہوئی اور پیدا ہو کر مر گئی یا آئندہ اولاد ہونی بند ہو گئی ہو وہ 11 دن تک عشاء کی نماز کے بعد 3 ہزار مرتبہ ”یَا جَبَّارُ“ پڑھ کر 3 عدد مغزِ بادام دَم کرے۔ ایک دانہ بیوی کو کھلائے اور دو دانہ آپ خود کھائے، پھر اپنی بیوی سے خلوت کرے، 11 دن تک ایسا ہی کرے۔ ان شاء اللہ ضرور بیوی حاملہ ہو گی اور فرزندِ صالح عطا ہو گا۔ اس کے بعد 7 برس تک ایک بکرا اللہ کے لئے ذبح کرے اور محض اللہ کے واسطے غریبوں کو کھانا کھلائے اگر اتنی استطاعت نہ ہو تو کچا گوشت تقسیم کر دیا جائے۔
(انمول دفینے، حافظ محمد ہاشم جیوالویؒ صحبت یافتہ شیخ الحدیث مولانا ذکریاؒ، صفحہ 63، مکتبہ رمضانیہ، سہارنپور)
گمشدہ کی واپسی، خفیہ راز معلوم، بیمار کا علاج پوچھنے کیلئے دُنبہ کو ذبح کریں
عامل ایک بچے کو بٹھا کر یہ عمل کرے، یہ عمل حاضرات کا ہے، بچے کو حاضرات نظر آئیں گے۔ پہلے ایک خاص نقش بچے کو دکھایا جائے اس میں ایک دائرہ ہے اور بچے سے پوچھا جائے کہ تجھ کو نقش کے دائرہ میں کیا دکھائی دیتا ہے۔ وہ بتلائے گا کہ ایک شکل کالی دکھائی دیتی ہے پھر عامل بچے سے کہلوائے گا کہ اس سے کہو کہ لینے بھائی کو بلائے جب وہ بھی آ جائے اور دو صورتیں دکھائی دینے لگیں تو پھر بچے سے کہلوائو کہ دونوں میدان کی صفائی کریں، جھاڑو دیں جب جھاڑو دے چکیں تو پھر اس سے کہو کہ ایک دُنبہ صحیح و سالم لائیں، جب وہ بھی لے آئیں تو پھر کہو کہ 7 کرسی لا کر بچھائو جب وہ بھی لا کر بچھا دیں تو پھر دُنبہ ذبح کرنے کو کہو، جب وہ بھی ذبح کر چکیں تو اس کا گوشت تیار کرائو جب گوشت تیار ہو جائے تو پھر کہو کہ 7 بادشاہِ جنات کو لائو جب وہ بھی آ جائیں تو ان کی تعظیم کیلئے کھڑے ہو جاؤ اور ساتوں کرسیوں پر بیٹھنے کو کہلاؤ، جب وہ بیٹھ جائیں تو عامل صاحب بھی سلام کرنے بیٹھ جائیں اور وہ گوشت کھانے کو ان بادشاہوں سے کہا جائے جب وہ کھا لیں تو پھر کہلوایا جائے کہ آج کے دن جس سلطان کی باری ہے وہ موجود رہیں اور 6 دیگر سلطان تشریف لے جائیں۔ بعد میں موجودہ سلطان کی خدمت میں بچے سے کہلوایا جائے کہ آپ کو تکلیف اس لئے دی گئی ہے کہ ہماری مقصد برآری ہو جائے۔ پس اگر کسی کے چلے جانے والے گمشدہ کی خبر معلوم کرنی ہو تو وہ ظاہر کر دو اور اگر کسی بیماری کے متعلق معلوم کرنا ہے یا بیمار کی بابت دریافت کرنا ہو کہ اس بیمار کو آرام کیوں نہیں آتا یا اور کوئی خفیہ راز دریافت کرنا ہو تو ان سے کہو کہ اس کو پورا کریں۔ جو مقصدِ دلی ہوگا وہ ان سے پورا ہو گا۔ یہ حاضرات دن میں کی جائے عمل کئے جانے کے بعد شیرینی کسی پاک حلوائی سے منگوائی ہوئی ہو جو کہ عمل کرنے پر فوری تقسیم کر دیں۔
(خاندانِ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ اور علماء دیوبند و سہارنپور سے منسوب وظائف کی کتاب ”آسان عملیات و تعویذات“، عاملِ کامل اعجاز احمد خان سنگھانوی، جلد چہارم، ص 174، کتب خانہ انور شاہ، کراچی)
گوشت دفن کریں اور خطرناک مرض سے شفاء
ایک کالی بکری ایک رنگ یا سفید مرغا جوان تاجدار اس وقت لے جبکہ حمل پر کم از کم 40 دن اور زیادہ سے زیادہ اڑھائی ماہ گزریں۔ اس سے زیادہ ایام کا حمل قابلِ علاج نہیں پھر یہ مرغا یا بکری حاملہ کے سرہانے باندھے اور یہیں اس کو دانہ پانی دیوے اور دو وقت صبح و شام حاملہ کا پیشاب بکری کے بدن پر ملتا رہے۔ مسلسل 9 دن تک دسویں دن عامل وضو اور غسل کرے یہ دسواں دن اتوار کا ہو۔ عامل غسل کر کے خوشبو لگائے اور 3 تعویذ لکھے۔ 2 میں کلمہ طیبہ لکھے ایک میں نہ لکھے، اسی دن 4 گھڑی دن سے ایک تعویذ کلمہ طیبہ والا حاملہ کے داہنے بازو پر باندھے اور دوسرا کلمہ والا تعویذ روئی میں لپیٹ کر بکری کے حلق میں رکھ دے اور کچے سوت سے بکری کا منہ مضبوط باندھے اور بغیر کلمہ والا تعویذ بکری کے گلے میں سینہ کے قریب باندھے پھر بکری کو قبلہ رو گرا کر حاملہ کے ہاتھ میں چھری دیوے اور اس کے ہاتھ سے ذبح کرائے اگر حاملہ کی ہمت نہ ہو تو شوہر یا اور کوئی محرم اس کا ہاتھ پکڑ کر اسی حاملہ سے ذبح کرائے کہ بکری کا سر تن سے جدا ہو جائے پھر وہ خون کورے پاک ٹھیکرے میں لے کر حاملہ کے سونے کے مکان کی چاروں دیواروں میں چاروں طرف دو دو انگلیوں سے خط کھینچے پھر بکری کا سر حاملہ کے مکان سے باہر دروازہ کی چوکھٹ کے نیچے دفن کر دے اور اس کا تمام دھڑ مع تعویذ سینہ مکان کے اندر بائیں گوشہ میں گاڑھ دے پھر جو تعویذ حاملہ کے بازو پر ہے اس کو پاک کنویں میں ڈال دے اور جو تعویذ بکری کے حلق میں رکھا گیا تھا۔ اس کو تانبے کے تعویذ میں رکھ کر حاملہ کے گلے میں ڈالے اور بچہ پیدا ہونے کے بعد حاملہ کے گلے سے کھول کر بچہ کے گلے میں ڈال دے ان شاء اللہ مسان دفع ہو گی۔
(بحوالہ: بیاضِ محمدی، حضرت شیخ محمد محدث تھانویؒ، صفحہ: 66 مکتبہ اعزازیہ، دیوبند یوپی)
کالے بکرے کا مجرب عمل اور جادو ختم!
حد سے زیادہ مایوس اور لاعلاج مریض (خواہ جادو کی وجہ سے بیمار ہو یا ویسے جسمانی مریض ہو) کیلئے یہ ایک انتہائی مجرب عمل ہے۔ ایک کالا بکرا لا کر 3 دن کیلئے اسے گھر میں باندھ لیں۔ کاغذ کے 3 پرچوں پر اسمِ الٰہی ”اَلْمُمِيْتُ“ 4‘4 بار لکھ کر ان کاغذوں پر ”اَلْمُمِيْتُ“ 490 بار پڑھ کر دم کریں۔ مریض پر بھی دم کر دیں کہ جو مرضِ سحر، آسیب، مسان وغیرہ اس پر مسلط ہے اسے اللہ تعالیٰ ختم کر دیں پھر یہ تینوں پرچے پانی کی ایک بالٹی وغیرہ میں ڈال دیں اور یہ پانی بکرے کو پلائیں بھی، اس پر اس پانی کے چھینٹے بھی ماریں اور اس کیلئے جو گھاس چارہ وغیرہ لائیں اس پر بھی اس پانی کے چھینٹے ماریں۔ مریض پر جس قدر شیطانی اور سحر کے اثرات زیادہ ہوں گے، بکرا اسی قدر پانی پینے سے انکار کرے گا اور چھینٹے مارنے سے چیخ و پکار کرے گا۔ اگر آپ دیکھیں کہ تعویذ والا پانی بکرا بالکل نہیں پی رہا اور اتنا وقت گزر گیا ہے کہ اب اگر اسے پانی نہ پلایا گیا تو وہ مر جائے گا تو اس صورت میں اسے عام نلکے کا پانی پلا دیں لیکن اس پانی کے چھینٹے ہر صورت مارنے ہیں اس پر جتنی چیخ و پکار کرے اس کی پرواہ نہ کریں۔ 3 دن یہ عمل 3‘3 بار دہرائیں، اس طرح کل نو دفعہ مریض پر دم بھی ہوگا اور 3‘3 تعویذوں پر بھی دم ہو گا۔ چوتھے دن بکرے کو ذبح کر کے اس کا سر جسم سے الگ کر لیں اور سر اور دھڑ دونوں کسی ویرانے میں گڑھا کھود کر دفن کر دیں۔ اس بکرے کا گوشت کسی انسان یا جانور کو نہ کھانے دیا جائے۔ اس کی تدفین کے ساتھ ہی مریض کی صحت مندی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہو جائیں گے۔
(بحوالہ: جامع الوظائف، علامہ ارشد حسن ثاقبؔ معلم جامعہ اشرفیہ، لاہور، صفحہ 381)
ہڈی والے گوشت کے عمل سے دستِ غیب پائیں
حضرت مولانا غوث علی شاہ صاحب پانی پتی کا دستِ غیب کا عمل ہے کہ کسی مہینے کی نوچندی جمعرات کو بازار سے ایک سیر بکری کا گوشت ہڈی سمیت لاؤ اور نئے قلعی شدہ برتن میں مصالحہ ڈال یخنی تیار کرو مگر یہ واضح رہے کہ نہ عورت کا ہاتھ لگے کسی کام میں نہ اس کا سایہ پڑے، نہ کوئی پکے گوشت میں ہاتھ ڈالے نہ نمک چکھے اور تم پاس ہی مصلّے بچھائے ”وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ“ ایک ہزار 575 مرتبہ پڑھیں۔ یہ اسی آیت شریف کے اعداد ہیں۔ یخنی تیار اور ٹھنڈا ہونے پر باوضو ہی چھری یا ہاتھ سے گوشت ہڈیوں سے صاف کرو۔ ہڈیاں ایک اندھیرے کمرے کے ایک گوشہ میں کسی طشت میں رکھو اور گوشت خود کھا لو‘ بھون کر یا چاہے جیسے چاہو۔ 18 دن یہ عمل کرو، 19 ویں دن گوشت نہ پکاؤ تو کوئی تم سے دریافت کرے گا کہ آج آپ نے گوشت کیوں نہیں پکایا؟ بے خطر کہہ دو کہ پیسے نہیں تھے‘ وہ پوچھے گا۔ گوشت لانے پکانے میں کیا دام صرف ہوتے ہیں؟ اب تم گوشت کی لاگت کے علاوہ 5 روپیہ اور زیادہ بتا دو۔ وہ جواب دے گا۔ اچھا اب تمہیں یہ دام طشت میں ہی رکھے ہوئے ملا کریں گے۔ خدا کا شکر کرو مگر گوشت روزمرہ پکانا ضرور۔
(بحوالہ: عملیاتِ جہانگیری، حضرت صوفی شرف الدین احمد، صفحہ 205)
جمعرات کے دن کا صدقہ
صدقہ ہفت روزہ میں لکھا ہے کہ ”جمعرات کے دن کا صدقہ ہے کہ چیلوں کو گوشت کھلائیں“۔
(بحوالہ: عملیاتِ جہانگیری، حضرت صوفی شرف الدین احمد، صفحہ 25)
گوشت تقسیم کریں! گمشدہ کی واپسی اور ہر حاجت میں اکسیر عمل!
اس عمل کی بدولت بڑے سے بڑے کام ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر کوئی کسی قید میں ہو اور اس کا پتہ نہ ہو تو اس عمل کو کیا جائے‘ اللہ کے حکم سے جہاں بھی ہو گا، وہاں اس کیلئے اس عمل کی بدولت کوئی ایسی سبیل ضرور بن جائے گی کہ اگر زندہ ہوا تو واپس ضرور آئے گا اگر کوئی بہت زبردست قسم کی مشکل یا مصیبت میں گرفتار ہو گیا ہو تو بھی اس عمل کو کیا جائے۔ اللہ کے حکم سے اس دُکھ اور مصیبت سے رہا ہو گا۔ ان شاء اللہ! یہ خاص الخاص بزرگانِ دین سے منقول ہے اور 100 فیصدی مجرب ہے۔ اپنے کسی بھی کام کی کامل نیت سے ایک من میدہ، ایک من گیہوں، ایک من گوشت بغیر ہڈی، کے اور ایک من دہی ان سب کو آپس میں ملا کر نمازی پرہیزگار آدمی پکائیں اور عورت ذات سے اس عمل کو نہ کروایا جائے۔ پکانے کے بعد دو رکعت نماز نفل اپنے کام کی نیت کر کے پہلی رکعت میں بعد فاتحہ کے سورۃ الاخلاص 41 مرتبہ پڑھے اور کام کا تصور مکمل باندھے پھر دوسری رکعت بھی اسی طرح پڑھے سب سے آخر میں ان بزرگانِ دین کے نام لئے جائیں اور ان سے دعا کی حاجت طلب کی جائے تاکہ یہ سب اللہ کے حضور اس کام کے ہونے کی دعا کریں۔ حضرت غوث الاعظم دستگیرؒ، حضرت داتا گنج بخشؒ، حضرت عثمان ہارونیؒ، حضرت معین الدینؒ، حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ، حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ، حضرت علی احمدؒ، حضرت نظام الدین اولیاءؒ پھر اس 41 مرتبہ ’اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ‘ پڑھے پھر 11 مرتبہ سورۃ الفاتحہ، 11 مرتبہ سورۃ الم نشرح، 11 مرتبہ آیت الکرسی اور 11 مرتبہ سورۃ الاخلاص پڑھ کر ان سب بزرگانِ دین کی ارواح کو بخشے‘ پکا یا گوشت تقسیم کر دیں۔ اللہ کے حکم سے اگر کوئی قید میں ہو گا تو چند دنوں کے اندر ایسے رہا ہو گا جیسے مکھن میں سے بال نکالنا اس کے علاوہ دُنیاوی کسی بھی کام کو کرنے کیلئے اس عمل کو کیا جائے۔ اس عمل کو کرنے والا دنیا کے کسی بھی میدان میں نہیں ہارتا۔ ان شاء اللہ!
(قلم ادریسؔ، سید علی حسین شاہ، صفحہ نمبر 94)
دشمن کیلئے عمل
بکری یا بکرے کا دل لیں اس کو درمیان سے چیریں‘ اس کے دو ٹکڑے بنائیں اور اس دیئے گئے تعویذ کو لکھ کر ان ٹکڑوں کے درمیان رکھیں اور دونوں ٹکڑوں کو ملا کر کپڑے سے باندھ دیں پھر کڑوے تیل میں اس کو تر کریں اور کچھ تیل کسی برتن میں ڈال کر اس کو جلائیں۔
(بحوالہ: روحانی عملیات و تعویذاتِ عظیمی، مولانا صوفی محمد اسلم نقشبندی، صفحہ 241، مشتاق بک کارنر، الکریم مارکیٹ، اردو بازار لاہور)
شب کوری کیلئے بکرے کے کلیجے کا عمل!
اگر کوئی شخص شب کوری میں مبتلا ہو یعنی اسے رات کے وقت کچھ نظر نہ آتا ہو تو بکری کا کلیجہ لو اور اس کے 7 ٹکڑے کر لو اور ہر ٹکڑے پر 3 دفعہ سورۃ الاخلاص پڑھو، بفضلہ تعالیٰ شفاء ہو گی۔
(بحوالہ: قدیم ترین مجموعہ روحانی تعویذات، صفحہ 218)
توشہ اصحابِ کہف ہر مشکل سے نکلنے کے لئے
بکری کا گوشت پکا کر 7 لوگوں کی دعوت کی جائے اور کسی کتے کی بھی دعوت کر دی جائے جب کوئی کتا ملے تو اس سے کہہ دیا جائے کہ آج ہمارے ہاں دعوت ہے۔ اوّل تو کتا آتا ہے ورنہ اس کا کھانا کسی جانور کو کھلا دیا جائے۔ کھانے والے اور پکانے والے سب صوم و صلوٰۃ کے پابند ہوں۔ اس کا ہدیہ اصحابِ کہف کو کر دیا جائے۔
(بحوالہ: عملیاتِ جہانگیری، حضرت صوفی شرف الدین احمد، صفحہ 26)
دفینہ کا پتہ لگانا
سورۃ الشعراء لکھ کر ایک سفید مرغ کی گردن میں جس کا تاج شاخ شاخ ہو باندھ کر جس جگہ دفینہ ہو وہاں چھوڑ دیا جائے‘ وہ مرغ وہاں جا کر کھڑا ہو جائیگا اور اگلے دن مر جائیگا۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 314، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
5۔ ”خون کے عملیات“
عجیب و غریب طلسم کالے مرغ کے خون سے (عملیاتِ امام غزالیؒ)
یہ طلسم ہیجان پیدا کرنے نیز غلبہ پیدا کرنے کیلئے ہے۔ اس طلسم کو سیاہ مرغ کی کلغی کے خون سے اسی کے پر سے تحریر کریں۔ یہ طلسم اپنے تاثرات کے لحاظ سے عجیب و غریب ہے۔ (بحوالہ: عملیاتِ امام غزالی، ص 116، مکتبہ بک کارنر جہلم)
بکری کے خون سے مچھروں کا علاج!
2۔ اگر انجیر کی 4 لکڑیاں لے کر ذبح کی ہوئی بکری کے خون میں تر کر کے ان لکڑیوں پر ایک خاص دعا پڑھی جائے اور پھر ان لکڑیوں کو مکان کے چاروں کونوں میں رکھ دیا جائے تو تمام مچھر ان لکڑیوں پر جمع ہو جائیں گے مگر انہیں مارا نہ جائے۔
(بحوالہ: گنجینہ اسرار، حضرت مولانا انور شاہ کاشمیری، صفحہ نمبر 52)
کبوتر کے خون سے عمل
ایک جوڑ صحرائی کبوتر لیں، چاند کی تیرہویں شب میں کسی پیپل کے درخت کے پاس جا کر 12 پتے توڑ لیں، صبح ان پتوں کو بچھا کر کبوتروں کو ذبح کریں، خون پتوں پر ڈالیں پھر پتوں کو خشک کر کے جلا دیں اور خاک کو محفوظ کر لیں، جس پر ڈالیں گے وہ عاشق ہو جائیگا۔
(بحوالہ: بیاضِ محمدی، صفحہ: 38، حضرت شیخ محمد محدث تھانویؒ)
سفید مرغ ذبح کریں اور اس کے خون سے تعویذ لکھیں
اتوار کو طلوعِ آفتاب کے وقت تعویذ لکھیں، کالی روشنائی سے تعویذ لکھیں لیکن اس میں ایک خاص حرف سفید مرغ کے خون سے لکھیں۔ اس سفید مرغ کو سفید دستے کی چھری سے ذبح کریں اور اس کا خون سفید چینی کی پیالی میں لیں، اس سے تعویذ کا حرف لکھیں اور مکمل کر کے چمڑے میں ڈال کر بچے کو پہنا دیں۔ (بحوالہ: آسان عملیات و تعویذات، عاملِ کامل اعجاز احمد خان سنگھانوی، جلد دوم، ص 230، کتب خانہ انور شاہ، کراچی)
کالی بکری کے خون سے تعویذ لکھیں، آسیب دُور ہو جائے گا
اتوار کے روز کالی بکری کے خون سے مخصوص نقش تیار کریں اور آسیب زدہ کے گلے میں ڈالیں۔ اگر آسیب کا خلل زیادہ ہو تو ایک گھول کر پلا دیں اور کورے مٹی کے چراغ میں لپیٹ کر اس پر پاک روئی لپیٹ کر چراغ میں سرسوں کا تیل ڈال کر گھر میں جلا دیں۔
(بحوالہ: آسان عملیات و تعویذات، عاملِ کامل اعجاز احمد خان سنگھانوی، جلد دوم، ص 290، کتب خانہ انور شاہ، کراچی)
لاعلاج مریض کیلئے مرغ کے خون سے نقش لکھ کر گوشت تقسیم
لاعلاج مریض جس کی زندگی کی اُمید نہ رہے اس کیلئے ایک خاص نقش ایک مرغ کے خون سے لکھ کر مریض کو باندھیں اور گوشت صدقہ کر دیں۔
(بحوالہ: عملیاتِ جہانگیری، صوفی شرف الدین احمد، صفحہ 106)
مسان کی بیماری اور سفید مرغ کے خون سے تعویذ لکھیں
مسان کے علاج کیلئے سفید مرغ کے خون سے یکشنبہ کے روز مخصوص تعویذ لکھ کر بچے کے گلے میں ڈالیں۔
(صفحہ: 107، اصلی بیاضِ محمدی، حضرت شیخ محمد محدث تھانویؒ)
اگر کسی عورت کا بچہ زندہ نہ رہتا ہو تو ایک سفید مرغ ذبح کر کے اسکے خون سے یہ نقش لکھ کر اس کی چونچ میں یہ نقش باندھ کر اس مرغ کو مع تعویذ کے ایک کوری ہانڈی میں رکھ کر اسے عورت کی چارپائی کے نیچے سرہانے کی جانب گاڑھ دیا جائے اور کبھی نہ نکالا جائے۔ بچہ کی پیدائش بھی اسی جگہ ہونی چاہئے۔ ان شاء اللہ بچہ زندہ رہے گا۔ (گنجینہ اسرار، مولانا سید محمد انور شاہ کاشمیریؒ، ص 79، دارالاشاعت المیزان)
شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ کا خون سے لکھا جانیوالا تعویذ
امام الہند شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے بیٹے شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ جن کو اہل حدیث، دیوبندی، بریلوی سب مانتے ہیں۔ انہوں نے اپنی کتاب کمالاتِ عزیزی، (دارالاشاعت اُردو بازار کی چھپی ہوئی) کے صفحہ 105 خون سے تعویذ لکھنے کا ایک عمل دیا ہے۔
صرع (مرگی) کے لئے یہ عمل بھی آزمودہ ہے کہ منگل کے دن ایک مرغ سفید رنگ جس میں کسی رنگ کا دھبہ نہ ہو اور جوان ہوُ اس کو ذبح کر کے اس کا خون چینی کے پیالے میں نکال کر اور نیا قلم نئے چاقو سے بنا کر آفتاب نکلنے سے پہلے یہ تعویذ لکھے اور اسی وقت تانبے کے تعویذ میں جس کی شکل ڈھول جیسی ہو اور اس میں کنڈے لگے ہوں بند کر کے نابالغ لڑکی سے 14 تار سوت کے کتوا کر اس کا ڈورہ ڈال کر مریض کی گردن میں ڈال دے ان شاء اللہ اس مرض سے شفا ہو گی۔‘‘
سفید مرغ کے خون سے مسان کا علاج
سفید مرغ (جسکے جسم پر سفید پروں کے علاوہ کسی قسم یا دوسرے رنگ کا کوئی پر نہ ہو) کے خون سے یک شنبہ (اتوار) کو لکھ کر گلے میں باندھے بفضلہ تعالیٰ فوراً شفاء ہو جائیگی، مجرب ہے۔ (بحوالہ: خزینۂ عملیات، صوفی عزیز الرحمن پانی پتی، شبیر برادرز اُردو بازار لاہور، ص 150)
خون سے تعویذ لکھنے کی اجازت پر علامہ ابن عابدین شامیؒ کا فتویٰ
اگر کسی انسان کی ناک سے خون بہنے لگے اور وہ بند نہ ہو یہاں تک کہ اسکی جان جانی کا اندیشہ ہو اور یہ معلوم ہو۔ اگر اسی خون سے اسکی پیشانی پر سورۃ الفاتحہ یا سورۃ الاخلاص لکھ دی جائے تو خون بند ہو جائیگا۔ ایک قول یہ ہے کہ اسکی اجازت ہے۔ (بحوالہ: حاشیہ ابن عابدین، جلد 1، ص 210)
ہُد ہُد کے خون سے اندھیرے میں بھی نظر تیز
جو شخص ہُد ہُد کا خون خشک کر کے رات کو آنکھوں میں لگائے وہ بغیر چراغ کے پڑھ سکتا ہے۔ (بحوالہ: آئینۂ عملیات و طلسمات، مولانا رحمت اللہ، روحانی پبلشر لاہور، ص 37)
6۔ ”چمڑے، ہرن کی جھلی اور ہڈی کے عملیات“
ہرن کی جھلی پر خاص کلمات لکھ کر پاس رکھیں، ہر حاجت پوری
شیخ شرف الدین بونیؒ کا قول ہے کہ جو شخص ہرن کی جھلی پر چودھویں شب کسی ماہ کو بعد نمازِ عشاء کے گلاب و زعفران سے یہ آیت لکھ کر ایک نلکی میں رکھ کر اس کا منہ نئے چھتے کے موم میں بند کر کے اس کو چمڑے میں سلوا کر اپنے داہنے بازو پر رکھے اس کے قلب میں شجاعت پیدا ہو، دشمن کے دل میں اس کی ہیبت ہو، خلق کی نظر میں مقبول ہو، اگر محتاج ہو غنی ہو جائے اور اگر خوف زدہ ہو تو مامون ہو جائے اگر جادو یا ز ندان یا جنون میں مبتلا ہو تو اس سے خلاصی حاصل ہو اگر قرض دار ہو اللہ تعالیٰ اس کا دین ادا کر دے گا اگر کسی فکر میں مبتلا ہو تو وہ فکر دفع ہو جائے۔ اگر مسافر ہو تو صحیح و سالم اپنے گھر آ جائے_ جو کسی عورت کا نکاح نہ ہوتا ہو تو اس کے پاس رکھنے سے لوگوں کو اس سے نکاح کی رغبت پیدا ہو۔ اگر کسی دُکان میں رکھا جائے تو خوب نفع ہو اگر بچوں کے باندھا جائے تو تمام آفات سے محفوظ و مامون رہیں جس کے پاس رہے وہ شخص جو حاجت اللہ تعالیٰ سے مانگے پوری ہو۔ (بحوالہ: اعمالِ قرآنی، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ، ص 53، دارالاشاعت کراچی)
تجارت میں برکت کیلئے ہرن کی جھلی پر تعویذ لکھیں
1۔ جمعرات کے دن سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 259 ہرن کی جھلی پر لکھ کر کپڑے میں لپیٹ کر دُکان کے دروازے کی چوکھٹ یا باغ کی زمین میں دفن کرنے سے بے پناہ خیر و برکت ہوتی ہے۔ (بحوالہ: گنجینہ اسرار، حضرت مولانا انور شاہ کاشمیری، ص 27)
ظالم سے نجات کے لئے ذبح جانور کی ہڈی پر عمل
اگر ظالموں کی خانہ ویرانی اور ان کی جماعت کی پراگندگی مقصود ہو تو سورۃ الانعام کی آیت نمبر 44، 45 کو ذبح کئے گئے جانور کی پرانی ہڈی پر لکھ کر پھر اسکو باریک کوٹ کر اسکے گھر ڈال دے۔ (بحوالہ: اعمالِ قرآنی، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ، ص 82، دارالاشاعت کراچی)
برائے عقیمہ (بانجھ پن) کا علاج
منقول از قول الجمیل ہرن کی جھلی پر زعفران اور گلاب سے سورۃ الرعد کی آیت 31 لکھے اور اس تعویذ کو عورت کی گردن میں باندھے۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 183، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
محبت پیدا کرنے کے لئے
اگر عروجِ ماہ میں دوشنبہ کے روز ہرن کی جھلی پر توت کے عرق سے مخصوص آیات لکھ کر دونوں شخصوں کا نام لکھیں جن میں اُلفت پیدا کرنا مقصود ہو اور بازو پر باندھ لیں، مطلوب مہربان ہو گا۔ اگر عداوت ہو گی تو دوستی سے مبدل ہو جائے گی۔ اگر غضبناک ہو گا تو مہربان ہو جائے گا اور اقبال و جاہ میسر ہو گا۔ واعظ اپنے پاس رکھے تو اس کا وعظ مقبول ہو گا۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 243، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
خرگوش کی جھلی کا عمل! ہر نقصان سے حفاظت
اگر خرگوش کی جھلی پر آیت الکرسی لکھ کر اپنے پاس رکھیں تو کوئی انسان، جن یا موذی جانور اس کو نقصان نہ دے گا۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 251، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
دشمن پر غلبہ! چمڑے پر عمل
دشمن پر بحث میں غلبہ پانے کیلئے سورۃ النساء کی آیت 174، 175 چمڑے پر لکھ کر باندھ کر پاس رکھیں۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 267، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
100 آدمیوں کا مقابلہ
سورۃ الھود کو ہرن کی جھلی پر لکھ کر جو شخص اپنے پاس رکھے اس کو قوت و نصرت عطا ہو۔ اگر 100 آدمیوں سے بھی مقابلہ ہو ان پر ہیبت غالب ہو جائے اور اسکے خلاف کوئی گفتگو اس سے نہ کر سکے اگر اس کو زعفران سے لکھ کر 3 روز صبح و شام پی لے قلب قوی ہو جائے اور کسی کے مقابلہ سے اس کو خوف نہ ہو۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 270، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھا نویؒ)
تجارت میں برکت کیلئے ہرن کی جھلی پر تعویذ لکھیں
جمعرات کے دن سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 259 ہرن کی جھلی پر لکھ کر کپڑے میں لپیٹ کر دُکان کے دروازے کی چوکھٹ یا باغ کی زمین میں دفن کرنے سے بے پناہ خیر و برکت ہوتی ہے۔
(بحوالہ: گنجینۂ اسرار، حضرت مولانا انور شاہ کاشمیری، ص 27)
موذی جانوروں سے حفاظت
جو شخص سورۃ النمل کو ہرن کی جھلی پر لکھ کر مدبوغ چمڑے میں رکھ کر اپنے پاس رکھے گا، اسکی کوئی نعمت قطع نہ ہوگی اور صندوق میں رکھا جائے تو اس گھر میں سانپ، بچھو اور کوئی موذی جانور نہ آئے۔
(بحوالہ: عملیات و تعویذات کے شرعی احکام مع اعمالِ قرآنی، صفحہ 320، حکیم الامت حضرت اشرف علی تھانویؒ)
بکری کے شانہ کی ہڈی پر عمل
بکری کے داہنے ہاتھ کا شانہ لے کر اس پر سورہ یٰس جس قدر لکھی جا سکے بغیر اعراب لکھیں، نیچے طالب و مطلوب کا نام لکھیں۔ یہ عمل چاند کی شروع کی تاریخوں میں کریں پھر اس شانہ کی ہڈی کو لے کر ایک چولہے میں دفن کر دیں تاکہ گرم رہے لیکن جلنے نہ پائے، محبوب کا دل بیقرار ہو جائے گا کسی کے دل میں محبت پیدا کرنے کیلئے بکری کے شانے پر عمل کریں۔
(بحوالہ: صفحہ: 37، اصلی بیاضِ محمدی، حضرت شیخ محمد محدث تھانویؒ)
یاد رہے: یہ سنتِ نبویؐ نہیں ہے بلکہ ایک ”تجربہ شدہ روحانی علاج“ (مجرب عمل) کے طور پر مشائخ بتاتے ہیں۔ ان تمام اعمال کا خلاصہ ”مجرباتِ صالحین“ (نیک لوگوں کے آزمودہ طریقے) ہیں۔
