سورہ اخلاص پر شیخ الوظائف کے بیانات فتاویٰ جات کی روشنی میں

(مفتی عبدالباری صاحب، باغ آزاد کشمیر)

قرآن و حدیث اور دین کا ہر طالب علم جانتا ہے کہ سورہ اخلاص کے قرآن و سنت میں کس قدر فضائل و کمالات وارد ہوئے ہیں وہ اہل نظر سے پوشیدہ نہیں ہیں اور کیوں نہ ہوں کیونکہ یہ سورہ مبارکہ تمام توحید کا خلاصہ ہے۔ شیخ الوظائف دامت برکاتہم کے اس موضوع پر 11 بیانات واقعی باکمال و لاجواب ہیں اور ان بیانات میں جو روایات بیان کی گئی ہیں وہ تمام ہمارے اکابرین نے اپنی کتابوں میں نقل کی ہیں تسبیح خانہ میں بیان کی جانے والی روایات میں سے چند کے حوالہ جات پیش خدمت ہیں:

(1)۔ سورہ اخلاص کو اپنے وظیفے میں شامل کر سکتے ہیں، معتبر روایات میں اس کے دیگر بہت سے فضائل وارد ہوئے ہیں مثلاً ایک روایت میں ہے جو شخص دوسو مرتبہ سورہ اخلاص کی تلاوت کرے گا اس کے دوسو سال کے گناہ معاف ہوجائیں گے۔ (شعب الایمان، رقم: 23110)

(2)۔ ایک روایت میں ہے: جس شخص نے ”قل ھو اللہ احد“ پڑھا اس نے گویا تہائی قرآن پڑھا، الحدیث (الدرالمنشور: 8 / 674) (فتویٰ نمبر 166573)

مشکاۃ شریف اور دیگر کتب میں سورہ اخلاص کے بہت سے فضائل آئے ہیں ان میں سے چند یہ ہیں:

(1)۔ جو شخص دن میں دوسو مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے، اس سے 50 سال کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں، الا یہ کہ اس پر کسی کا قرض ہو۔ (الترمذی والدارمی)

(2)۔ جو شخص سونے کا ارادہ کرے اور دائیں کروٹ پر سوئے پھر سومرتبہ سورہ اخلاص پڑھے جب قیامت کا دن ہوگا اللہ تعالیٰ فرمائیں گے: اے میرے بندے! اپنی دائیں جانب سے جنت میں داخل ہوجا۔ (ترمذی)

(3)۔ ایک آدمی کو سورہ اخلاص سے بہت محبت تھی اور اس محبت کی وجہ سے وہ اس سورت کو ہر نماز کی قراءت کے اختتام پر پڑھتے تھے، اللہ تعالیٰ نے اس کی اس سورت سے محبت کی وجہ سے اسے جنت میں داخل کردیا۔ (ترمذی 2901)

(4)۔ ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس صحابی کے متعلق جو امام تھے اور ہر نماز میں قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ ضرور پڑھا کرتے تھے اور جب ان سے اس کا سبب دریافت کیا گیا تو کہا: مجھے اس سورت سے بے حد محبت ہے۔ فرمایا: اس شخص کو خبر دے دو کہ بے شک اللہ تعالیٰ بھی اس شخص سے محبت کرتے ہیں۔

(5)۔ ایک اور حدیث میں ایک صحابی کا واقعہ آیا ہے کہ وہ ہمیشہ اور سورتوں کے ساتھ سورہ اخلاص ہر رکعت میں ضرور پڑھا کرتے تھے، جب ان سے اس کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا: مجھے اس سورت سے بہت محبت ہے تو اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس سورت کی محبت ہی تم کو جنت میں داخل کردے گی۔

(6)۔ ایک اور حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو (صدقِ دل سے) قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ پڑھتے ہوئے سنا تو فرمایا: اس شخص کے لیے جنت واجب ہوگئی۔ (فتویٰ نمبر 143909201584)

محترم قارئین! تسبیح خانہ کے ہر عمل کے پیچھے قرآن و سنت و اکابر کی مہر مثبت ہے ضرورت اپنے بڑوں کی زندگی سے استفادہ کرنے کی ہے۔۔۔!

پوسٹ کو شیئر کریں

عبقری کا پتہ

جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2026